• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایک فضائی میزبان کی آپ بیتی: فوکر کے ہچکولے اور شلپا شیٹی

شائع July 29, 2021 اپ ڈیٹ October 18, 2022

اس سلسلے کی گزشتہ اقساط یہاں پڑھیے۔


کبھی آپ نے جِم میں اس لڑکے کو دیکھا ہے جو وزن 5 کلو اٹھاتا ہے لیکن شور اتنا مچاتا ہے جیسے 200 کلو کی پلیٹ اٹھا رکھی ہو۔ یا اس چنگچی رکشے کو تو دیکھا ہی ہوگا جس کی ریس اتنی دی ہوتی ہے کہ فارمولہ ون میں چلتی فراری بھی شرما جائے۔ یا پھر اگر ہنڈا ون ٹو فائیو موٹر سائیکل کا سائیلینسر نکال کر چھوٹا سائیلینسر لگا دیا جائے تو پھر اسے تیز دوڑا کر رفتار ایک دم کم کرنے سے جو 'گھاوووںںں' کی آواز آتی ہے اسے کئی ہزار ڈیسیبل تک بڑھا دیا جائے تو وہ فوکر ہوائی جہاز کے انجن کی آواز بن جائے گی۔

بچپن میں جو گرمیوں کی چھٹیاں نانی کے گھر جاکر نہ منائے اس کی زندگی کا مقصد فوت ہے۔ مگر ہمیں یہ مقصد پورا کرنے کے لیے تھوڑا بہت 'فوتنا' پڑتا تھا کیونکہ ہمارا ننھیال پشاور میں ہے اور ملتان سے پشاور پہنچنے کے لیے اسی فوکر جہاز کی پرواز لینی پڑتی تھی، جو ملتان سے ژوب، وہاں سے ڈیرہ اسماعیل خان اور پھر پشاور جاتی تھی۔

ان تمام علاقوں میں موسمِ گرما کا اوسط درجہ حرارت 'نقطہ پگھلاہٹ ہائے انسانیہ' سے 2 یا 3 درجے کم ہی ہوتا ہے لہٰذا ہم لوگ بچتے بچاتے، فوکر کے کیبن اور جہاز کے ایندھن کی مشترکہ ٹریڈ مارک 'باد سموم' جو نتھنوں سے داخل ہوکر شعور اور لاشعور کو قریب از مرگ پہنچا دیتی، کو جھیلتے ہوئے سفر کرتے۔

ہر سفر میں یہی دل کرتا کہ یہ جہاز بائے روڈ ہی چلتا ہوا منزل پر پہنچا دے۔ اس جہاز کے پنکھے (پروپیلرز) رواں ہونے لگتے تو مائیں بچوں کو اپنی آغوش میں داب لیتیں، چرند پرند اپنے آشیانوں میں چھپ جاتے یہاں تک کہ جوانوں کے دل دہل جاتے اور وہ اس 'کافرانہ موسیقی' سے بچنے کے لیے کانوں میں انگلیاں ٹھونس لیتے۔ اس کے بعد یہ شاہزادہ ایک شان بے نیازی سے رن وے پر لڑھکتا ہوا محو پرواز ہوکر فضا میں اتنے ہچکولے کھاتا کہ میزبانوں سمیت مسافروں کے اجسام کی اناٹومی تہس نہس کرجاتا۔ اس سے دل اور جسم کے دیگر اعضا وغیرہ کا حلق میں آجانا مراد ہے۔

ہر سفر میں یہی دل کرتا کہ یہ جہاز بائے روڈ ہی چلتا ہوا منزل پر پہنچا دے
ہر سفر میں یہی دل کرتا کہ یہ جہاز بائے روڈ ہی چلتا ہوا منزل پر پہنچا دے

قسمت نے اپنے آپ کو دہرایا اور جس جہاز کے اندر میں نہ چاہتے ہوئے بھی سفر کرتا تھا، اس جہاز میں مجھے لوگوں کی میزبانی کرنا پڑگئی۔ شروعات کی پروازیں بہت مشکل تھیں۔ وہ تو شکر ہے کہ اس جہاز اور آج کل کے اے ٹی آر جہاز پر 2 فضائی میزبان موجود ہوتے ہیں ورنہ سارے معزز مہمانانِ گرامی کو مل کر اس ناچیز میزبان کا خیال رکھنا پڑتا اور میزبان مہمان بن جاتا۔

نوکری کا پہلا پورا سال اسی فوکری دشت کی 'سیاحی مع سیاہی' میں گزرا۔ نام اس جہاز کا فوکر فرینڈ شپ تھا مگر میری ہمیشہ سے دشمنی ہی رہی۔ کوئی پوچھتا کہ آج کون سی پرواز پر جا رہے ہو تو بے اختیار منہ سے فوکر 'کی' کے بجائے فوکر 'قے' پرواز پر جا رہا ہوں نکلتا۔ جس طرح رانجھے کے لیے ہیر، سموسے کے ساتھ لال چٹنی اور شہر میں چلتی لوکل بسوں میں پریشر ہارن ہونا لازم و ملزوم ہیں، اسی طرح فوکر کی پرواز میں قے کرنا ایک فطری عمل ہے۔

نام اس جہاز کا فوکر فرینڈ شپ تھا مگر میری ہمیشہ سے دشمنی ہی رہی
نام اس جہاز کا فوکر فرینڈ شپ تھا مگر میری ہمیشہ سے دشمنی ہی رہی

ملاحظہ فرمائیں کہ فوکری پروازوں کے سیکٹر یہ تھے۔ اسلام آباد سے چترال، چترال سے اسلام آباد۔ پھر اسلام آباد سے چترال، چترال سے اسلام آباد۔ اس کے بعد اسلام آباد سے پشاور۔ یہ ساری پروازیں ایک ہی دن، ایک کے بعد ایک کرنی ہوتی تھیں۔ انہی پروازوں میں کسی دن چترال کی جگہ گلگت جانا ہوتا تھا۔ اکثر چترال یا گلگت پہنچ کر پکوڑے اور سموسے کھانے والا موسم ملتا لیکن میں خود اس وقت خمیرے بیسن کا پکوڑا بنا رن وے پر چہل قدمی کرتے ہوئے اپنے اندر کے طوفان کو براستہ منہ باہر آنے سے روکنے کے لیے تازہ ہوا پھیپھڑوں میں بھر رہا ہوتا تھا۔

بھارتی اداکارہ شلپا شیٹی کو تو آپ لوگ جانتے ہوں گے۔ ان کا ایک مخصوص ڈانس اسٹیپ ہے۔ ایک ہاتھ اونچا کرتی ہیں اور دوسرا ہاتھ اپنے پہلو زہد شکن پر رکھ کر وہ تغیر ہوشربا پیدا کرتی ہیں کہ دیکھنے والے سانس لینا بھول جاتے ہیں۔ بس، فوکر جہاز کی خراب موسم میں ٹربیولینس ایسی ہی ہوتی ہے۔ سمجھ لیں کہ جہاز کسی طرح شلپا شیٹی کے پہلو زہد شکن سے جا لگا ہے اور تغیرات ابر سیاہ میں پھنس گیا ہے۔ وقفے وقفے سے بجلیاں بھی کڑک رہی ہیں اور سامعین یعنی کہ مسافر سانس لینا بھول گئے ہیں۔ یا اوپر کا سانس اوپر اور نیچے کا بھی اوپر ہی آ رہتا ہے۔

نوکری کا پہلا پورا سال اسی فوکری دشت کی 'سیاحی مع سیاہی' میں گزرا—شٹراسٹاک
نوکری کا پہلا پورا سال اسی فوکری دشت کی 'سیاحی مع سیاہی' میں گزرا—شٹراسٹاک

ایسے موسم میں جہاز زمین پر نہیں اُتر پاتا لہٰذا پرواز کا رخ واپس اسلام آباد کی جانب موڑنا پڑتا تھا۔ چونکہ اس پرواز میں 2 مرتبہ گلگت یا چترال جانا پڑتا تھا لہٰذا موسم کی خرابی کے باعث دوسری پرواز اکثر موقوف کردی جاتی جس کا فائدہ یہ ہوتا کہ راوی کو دوسری مرتبہ قے کرنے سے چھٹکارا مل جاتا اور ایک بار ہی صفائی کرنی پڑتی۔ یہ غم وہی لوگ سمجھ سکتے ہیں جنہوں نے فوکر میں سفر کیا ہو۔

پشاور کی پرواز چلنے کو تیار تھی۔ ایک صاحب نے مجھے بلایا اور کہنے لگے 'بھائی جان پھنکا نہیں چھل را' میں نے ان کی نشست کے اوپر موجود ایئر وینٹ کو ان کی طرف کردیا اور چلتا بنا۔ تھوڑی دیر بعد بورڈنگ کرواتے ہوئے پھر ان کے پاس سے گزرا تو انہوں نے وہی بات دہرائی۔ میں نے کہا سر پنکھا چل رہا ہے۔ لیکن وہ اسی بات پر مصر تھے کہ پنکھا چلاؤ۔ چونکہ میں بھی انسان ہوں تو آخرکار پوچھ بیٹھا کہ 'لالا کون سا پنکھا چلا دوں اب'، تو وہ کھڑکی سے باہر (جہاز کے پروپیلر کی جانب) اشارہ کرکے کہنے لگے یہ والا بڑا پھنکا چلاؤ ہم کو زیادہ ہوا چاہیے۔ میں نے ان کو تسلی دی کہ بس ابھی یہ چلا کر آتا ہوں لیکن پوری پرواز میں ان پر نظر رکھی کہ زیادہ ہوا لینے کے چکر میں کھڑکی نہ کھولنے کی کوشش کر بیٹھیں۔

ایک سال مسلسل اس جہاز پر کام کرنے کا فائدہ یہ ہوا کہ پھر خراب موسم میں جب بھی کوئی بھی جہاز پھنسا، حالت غیر نہیں ہوئی۔ مسافروں کی تسبیح چل رہی ہوتی تھی اور میرا چمچ۔ یعنی اکثر ایسا ہوتا کہ میں کھانا کھانے لگتا تو جہاز ہچکولے کھانے لگتا، گویا میرا کھانے اور جہاز کے ہاضمے کا وقت ایک ہوتا۔ سب کو اپنی اپنی نانی یاد آ رہی ہوتی اور مجھے بریانی۔ بس یہی پرواز کے دوران کچھ آرام کا وقت میسر آتا۔ ہچکولے بند ہوتے، وظائف رُک جاتے اور مہمان نوازیاں شروع ہوجاتیں۔


خاور جمال

خاور جمال 15 سال فضائی میزبانی سے منسلک رہنے کے بعد ایک اردو سوانح ‘ہوائی روزی’ کے مصنف ہیں۔ اب زمین پر اوقات سوسائٹی میں فکشن کے ساتھ رہتے ہیں۔ بہترین انگریزی فلموں، سیزن اور کتابوں کا نشہ کرتے ہیں۔

انہیں فیس بُک پر فالو کریں: khawarjamal. ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (8) بند ہیں

نعمان زاھد Jul 29, 2021 10:13am
جناب کی اردو سبحان اللہ
Talha Jul 29, 2021 02:56pm
Achiee khasiee tehreer ka shudh Hindi keh alfaaz….." Neest" maar detey hain….
adnan Jul 29, 2021 05:42pm
ماشا اللہ بہترین تحریر
ایلیا رسام Jul 29, 2021 06:40pm
مسافروں کی تسبیح چل رہی ہوتی تھی اور میرا چمچ۔۔۔۔۔ ہاہاہاہا زندہ باد خاور صاحب، آپ کی ہر تحریر اس سیریز میں بڑی جاندار ہوتی ہے پر یہ والی کمال تھی ۔۔۔ فوکر بلاشبہ خدا کا عذاب تھا۔ پی آئی اے کے پاس اور بڑے پرانے پرانے جہاز ہیں کبھی ان کے بارے میں بھی لکھیے۔ بہت شکریہ
Ahmed Jul 30, 2021 05:34pm
Amusing.wonderful effort.
Dr. Umar Farooq Jul 31, 2021 10:47am
Wonderful write up. Khawar Jamal is a mini 'Yousafi'
بشیر الدین Jul 31, 2021 05:46pm
واللہ خاور صاحب، آپ کی یہ تحریریں تاریخ میں زندہ رہنے والی ہیں۔ ڈان والوں نے کوئی کمال ہیرا ڈھونڈ کے نکالا ہے۔ دعا ہے کہ یہ سیریز چالیس پچاس قسطیں مکمل کرے اور ایک شاندار کتاب کی صورت سامنے آئے۔
ALI MUSTAJAB Sep 21, 2021 11:13am
GREAT SERIES. LOVE THE SATIRE. PLEASE KEEP IT UP AND PUBLISH A BOOK.

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024