• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

13 سالہ لڑکی اولمپک گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب

شائع July 26, 2021
مومجی نیشیایا — رائٹرز فوٹو
مومجی نیشیایا — رائٹرز فوٹو

جاپان کی مومجی نیشیایا اولمپکس کی تاریخ کی گولڈ میڈل حاصل کرنے والی دوسری کم عمر ترین ایتھلیٹ بن گئی ہے جس نے 13 سال 330 دن کی عمر میں خواتین کے پہلے اسکیٹ بورڈنگ اسٹریٹ مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

اریکے اربن اسپورٹس پارک میں جاپانی کھلاڑی نے شروع سے ہی دیگر پر سبقت حاصل کی۔

یہ ایونٹ سیڑھیوں، ریلنگز اور ریمپس پر ہوا تھا جو کسی پارک سے مشابہت رکھتا تھا اور جاپانی کھلاڑی نے 15.26 اسکور کرکے ساتھ طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

برازیل کی 13 سالہ راسیا لیال نے 14.64 اسکور کے ساتھ سلور میڈل اپنے نام کیا اور وہ اس کے ساتھ ہی اولمپک میڈل حاصل کرنے والی کم عمر ترین ایتھیٹ بھی بن گئیں۔

جاپان کی ایک اور اسکیٹر 16 سالہ فیونا ناکایاما نے کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔

اس وقت گولڈ میڈل حاصل کرنے والی کم عمر ترین کھلاڑی مارجوری گیسٹرنگ ہیں جنہوں نے 1936 کے برلن اولمپکس میں 13 سال 268 دن کی عمر میں ویمنز 3 میٹر اسپرنگ بورڈ ڈائیونگ میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

اسکیٹ بورڈنگ کو پہلی مرتبہ ٹوکیو اولمپکس میں شامل کیا گیا ہے اور خواتین کے ساتھ مردوں کے ایونٹ میں بھی جاپانی ایتھلیٹس ہی چھائے رہے۔

مومجی نیشیایا نے میڈل جیتنے کے بعد کہا کہ 'مجھے نہیں لگتا تھا کہ میں جیت سکتی ہوں، مگر میرے ارگرد موجود ہر فرد مجھے سراہ رہا تھا اور میں اس کامیابی پر بہت خوش ہوں'۔

حیران کن طور پر ورلڈ اسٹریٹ بورڈنگ چیمپئن جاپان کی اوری نیشی مورا نے اس ایونٹ میں 8 ویں پوزیشن حاصل کی، جس کی وجہ کئی مرتبہ گرنا تھا جس سے خون بہنے کے ساتھ مختلف انجریز کا بھی سامنا ہوا۔

دوسری جانب فلپائن کی 22 سالہ اسکیٹر مارگیلین ڈیڈل نے کہا کہ وہ یہ دیکھ کر خوشی محسوس کررہی ہیں کہ 13 سالہ 2 اسکیٹرز نے گولڈ اور سلور میڈل جیتے۔

انہوں نے کہا کہ 'جیتنے والے تمام اسکیٹرز بہت کم عمر ہیں، کیا آپ ایسا سوچ سکتے تھے، یہ تاریخ رقم ہوئی ہے اور میں اس کی شاہد ہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بچے یا اسکیٹنگ سیکھنے کے خواہشمند ہر فرد کو میں بتانا چاہتی ہوں کہ وہ بس اسکیٹ کریں اور اس سے لطف اندوز ہوں، خود کو محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی گیئر کا استعمال کریں تو کچھ بھی نا ممکن نہیں'۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024