• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شوبز شخصیات بھی ویٹ لفٹر طلحہ طالب کی معترف

شائع July 26, 2021 اپ ڈیٹ July 27, 2021
طلحہ طالب نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے قوم کی محبت کا شکریہ ادا کیا—فائل فوٹوز:انسٹاگرام /ٹوئٹر
طلحہ طالب نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے قوم کی محبت کا شکریہ ادا کیا—فائل فوٹوز:انسٹاگرام /ٹوئٹر

پاکستان کے نوجوان ویٹ لفٹر طلحہ طالب گزشتہ روز ٹوکیو اولمپکس میں معمولی فرق سے گولڈ میڈل جیت نہ سکے لیکن پاکستان کے عوام کی جانب سے ان کی کوششوں کو سراہا جارہا ہے اور اب شوبز شخصیات بھی ان کی تعریف کررہی ہیں۔

پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ طلحہ طالب ٹوکیو اولمپکس میں 67 کلو کی کیٹگری میں حصہ لے رہے تھے اور گر کر پوڈیم سے باہر نکلنے کے آخری مرحلے تک گولڈ میڈل کی دوڑ میں شامل رہے۔

پاکستانی نوجوان آخری مرحلے میں پہنچنے کے بعد پانچواں نمبر حاصل کرسکے جبکہ چین کے لیجون چن، کولمبیا کے لوئس جویئر موسکوئیرا لوزانو اور اٹلی کے مرکو زینی نے بالترتیب گولڈ، سلور اور برونز میڈل حاصل کیے۔

مزید پڑھیں: ‘آپ پر فخر ہے’، ویٹ لفٹر طلحہ اولمپک میں ناکامی کے باوجود ہیرو بن گئے

پاکستانی شائقین کو اس وقت گولڈ میڈیل کی اُمیدیں تھیں جب وہ کلین اینڈ جرک کے دوران سب سے آگے تھے تاہم وسائل کی عدم موجودگی کے باعث طلحہ طالب اس زبردست کوشش پر عوام کے ہیرو بن گئے اور گزشتہ روز سے ٹوئٹر پر ان کے نام کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کررہا ہے۔

طلحہ طالب کو جہاں عوام سے بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی وہیں شوبز سے وابستہ شخصیات نے بھی ان کی کوششوں کو سراہا۔

ماہرہ خان

اداکارہ ماہرہ خان نے طلحہ طلب کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ ’آپ ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں‘۔

عاصم اظہر

گلوکار عاصم اظہر نے لکھا کہ گرتے ہیں شہسوار ہی میدانِ جنگ میں، آپ نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

حرا مانی

اداکارہ حرا مانی نے انسٹاگرام اسٹوری میں طلحہ طالب کی تصویر شیئر کی اور پوری قوم کی جانب سے طلحہ طالب کو اولمپک کے لیے کوششیں کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اظفر رحمٰن

اداکار اظفر رحمٰن نے اولمپک گیمز میں طلحہ طالب کی پرفارمنس سے متعلق ایک خبر شیئر کی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

یمنیٰ زیدی

اداکارہ یمنیٰ زیدی نے طلحہ طالب کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ ’طلحہ طالب آپ نے ہمارے دل جیت لیے‘۔

فخر عالم

پاکستانی گلوکار، اداکار اور میزبان فخر عالم نے لکھا کہ ’شاباش جوان، ہمیں آپ پر فخر ہے’۔

محمد حفیظ

علاوہ ازیں کرکٹر محمد حفیظ نے ٹوئٹ کی کہ ’آپ کی لگن اور محنت سے آپ کو آگے لے جاتی ہے، مبارک ہو طلحہ طالب، آپ نے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کیا، وہ لوگ یا فیڈریشنز جو آپ جیسے ایتھلیٹس کو ضروری سہولیات فراہم نہیں کررہیں، ان کا احتساب ہونا چاہیے‘۔

حسن علی

کرکٹر حسن علی نے ٹوئٹ کی کہ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے اس لڑکے نے بہادری اور لگن کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی، آپ چیمپئن ہیں۔

دوسری جانب طلحہ طالب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے قوم کی محبت کا شکریہ ادا کیا۔

طلحہ طالب نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’الحمداللہ، آپ سب کے تعاون اور محبت کا شکریہ، انشا اللہ اگلی مرتبہ مزید بہتری آئے گی، مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں’۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024