• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

طویل عرصے سے کینسر سے لڑنے والی اداکارہ نائلہ جعفری انتقال کرگئیں

شائع July 17, 2021
نائلہ جعفری کافی عرصے سے کینسر کا مقابلہ کررہی تھیں —فائل فوٹو: فیس بک
نائلہ جعفری کافی عرصے سے کینسر کا مقابلہ کررہی تھیں —فائل فوٹو: فیس بک

طویل عرصے سے کینسر جیسی مہلک بیماری کا مقابلہ کرنے والی اداکارہ نائلہ جعفری کراچی میں انتقال کرگئیں۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے نائلہ جعفری کے بھائی عاطف جعفری نے اداکارہ کے انتقال کی تصدیق کی۔

انہوں نے بتایا کہ نائلہ جعفری کی نماز جنازہ بعد نماز عشا ڈیفنس فیز 2 میں ادا کی جائے گی اور تدفین کالاپل پر آرمی قبرستان میں ہوگی۔

1990 کی مقبول ٹی وی اداکارہ، ماڈل و فیشن ڈیزائنر نائلہ جعفری 2016 سے بیمار تھیں اور ابتدائی طور پر ان میں اوورین کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور بعد ازاں ان میں معدے کے کینسر کی بھی تشخیص ہوئی۔

نائلہ جعفری سے متعلق 4 سال قبل 2017 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کینسر کے تیسرے اسٹیج کی وجہ سے انہیں تشویش ناک حالت میں ہسپتال داخل کرایا گیا۔

بعد ازاں نائلہ جفری کو کچھ عرصہ ہسپتال میں رکھنے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا تھا، تاہم وہ 2016 سے مسلسل زیر علاج تھیں اور وقتاً فوقتاً ہسپتال داخل ہوتی رہی۔

اداکارہ نے 2017 میں ہی اس وقت کی مرکزی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی مالی مدد لینے سے انکار کردیا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے اس وقت کے صدر مملکت ممنون حسین کی معاونت قبول کی تھی، ساتھ ہی انہوں نے حکومت سندھ کی مالی مدد بھی قبول کی تھی۔

ہسپتال میں کچھ عرصہ زیر علاج رہنے کے بعد نائلہ جعفری گلگت بلتستان چلی گئی تھیں، جہاں 2020 کے وسط میں ان کے کرائے کے گھر پر پتھروں سے مبینہ طور پر حملہ کیا گیا تھا۔

اپریل میں ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ہسپتال کے بستر سے مدد مانگتی ہوئی دکھائی دیں۔

مختصر ویڈیو میں اگرچہ نائلہ جعفری نے براہ راست حکومت سے مالی معاونت نہیں مانگی، تاہم مطالبہ کیا کہ حکومت اداکاروں اور کھلاڑیوں کے لیے کوئی ایسا لائحہ عمل تیار کرے کہ انہیں بیماری کے وقت مدد دی جا سکے۔

نائلہ جعفری کا کہنا تھا کہ ابھی ان کی ایک ہی کیموتھراپی ہوئی ہے، دوسری کیموتھراپی سے قبل انہیں انفیکشن ہوگیا، جس وجہ سے انہیں ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

مدد مانگتے ہوئے ویڈیو کے آخر میں نائلہ جعفری آبدیدہ ہوگئیں اور ان کی ویڈیو پر بھی کئی افراد نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ان کی مالی مدد کا مطالبہ کیا۔

اس ویڈیو کے بعد سندھ حکومت نے نائلہ جعفری کی مدد کا اعلان بھی کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024