• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شیاؤمی پہلی بار دنیا کی دوسری بڑی اسمارٹ فون کمپنی بننے میں کامیاب

شائع July 17, 2021
می 11 الٹرا — فوٹو بشکریہ شیاؤمی
می 11 الٹرا — فوٹو بشکریہ شیاؤمی

اسمارٹ فونز کی فروخت کی بات ہو تو سام سنگ وہ کمپنی ہے جو عرصے سے اس حوالے سے سرفہرست ہے۔

ہواوے سام سنگ کی سبقت کے لیے خطرہ بنی تھی اور 2020 میں ایک بار دوسری سہ ماہی کے دوران دنیا کی نمبرون کمپنی بھی بنی، مگر امریکی پابندیوں کے اثرات نے اسے اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی ٹاپ 5 کمپنیوں سے نکال باہر کیا۔

مگر اب ایک اور چینی کمپنی سام سنگ اور ایپل کی برتری کے لیے خطرہ بن کر ابھری ہے اور وہ ہے شیاؤمی۔

اسمارٹ فونز کی فروخت کا تجزیہ کرنے والی کمپنی کینالیز کی رپورٹ کے مطابق سام سنگ 2021 کی دوسری سہ ماہی کے دوران عالمی سطح پر اسمارٹ فونز فروخت کرنے میں سرفہرست کمپنی رہی۔

تاہم ایک چینی کمپنی نے اس کی برتری کو کافی حد تک کم کردیا ہے اور پہلی بار دنیا میں اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی دوسری بڑی کمپنی بن گئی ہے۔

اپریل سے جون 2021 کے دوران سام سنگ کا عالمی اسمارٹ فون مارکیٹ میں شیئر 19 فیصد رہا اور گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ڈیوائسز کی فروخت میں 15 فیصد اضافہ ہوا۔

گلیکسی ایس 21 سیریز کے فونز کی فروخت گلیکسی ایس 20 سیریز کے مقابلے میں بہتر رہی جبکہ سام سنگ نے متعدد گلیکسی اے اور گلیکس ایم سیریز کے مڈرینج فونز کو بھی متعارف کرایا، جس سے کمپنی کے بزنس میں اضافہ ہوا۔

فوٹو بشکریہ کینالیز
فوٹو بشکریہ کینالیز

حیران کن طور پر ایپل نے اس سہ ماہی کے دوران 10 کروڑ سے زیادہ آئی فون 12 ماڈلز فروخت کیے مگر 14 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ وہ دوسرے کی بجائے تیسرے نمبر پر پہنچ گئی۔

دوسرا نمبر شیاؤمی کے حصے میں رہا جو پہلی بار اس اعزاز کو حاصل کرنے میں کامیاب رہی جس کا مارکیٹ شیئر 17 فیصد رہا جبکہ گزشتہ سال کے اس عرصے کے مقابلے میں اس کے فونز کی فروخت میں 83 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔

کینالیز کے مطابق تمام کمپنیوں کی جانب سے اسمارٹ فونز کی تیاری کے لیے درکار اجزا کی عالمی قلت کے باعث ان کے حصول کے لیے سخت مسابقت ہورہی ہے، مگر شیاؤمی نے نئے ہدف پر نگاہیں جمادی ہیں اور وہ ہے سام سنگ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی نمبرون اسمارٹ فون کمپنی بننا۔

رپورٹ کے مطابق پہلی بار شیاؤمی نے ایپل سے آگے نکلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے اور چین سے باہر اس کا کاروبار بہت تیزی سے پھیل رہا ہے، لاطینی امریکا میں اس کے فونز کی فروخت میں 4 گنا زیادہ اضافہ ہوا جبکہ افریقہ میں 150 فیصد اور مغری یورپ میں 50 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شیاؤمی کی جانب سے زیادہ تر مڈرینج فونز پر توجہ دیج اتی ہے مگر اب وہ اپنے فلیگ شپ فونز جیسے می 11 الٹرا کی فروخت بڑھانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے، جس کی قیمت 928 ڈالرز ہے۔

اوپو اور ویوو اس فہرست میں 10، 10 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور 5 ویں نمبر پر رہے، اپریل سے جون 2021 کے دوران دونوں کے فونز کی فروخت میں بالترتیب 28 اور 27 فیصد اضافہ ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024