• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’کورونا کی چوتھی لہر سامنے ہے‘، عیدالاضحیٰ پر پابندیوں کا عندیہ

شائع July 15, 2021
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ نئی اقسام بہت تیزی سے پھیلتی ہیں اور خطرناک بھی ہوسکتی ہیں — فائل فوٹو / ڈان نیوز
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ نئی اقسام بہت تیزی سے پھیلتی ہیں اور خطرناک بھی ہوسکتی ہیں — فائل فوٹو / ڈان نیوز

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر عیدالاضحیٰ پر وبا سے متعلق پابندیوں کا عندیہ دے دیا۔

نجی چینل 'جیو نیوز' کے مارننگ شو میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا کیسز میں اضافے پر خبردار کیا کہ چوتھی لہر ہمارے سامنے ہے اور ’عید انتہائی محدود پیمانے‘ پر ہوگی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں وبا کے پھیلاؤ میں تیزی، 2 ہزار 545 نئے کیسز رپورٹ

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 19 فیصد ہے اس لیے صوبائی حکومت نے کورونا سے متعلق پابندیوں کے جو فیصلے لیے ہیں وہ ٹھیک ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں میں ایک صوبے سے دوسرے صوبے جانے والے مسافروں کے لیے ویکسین کارڈ لازمی ہونا چاہیے، جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں ویکسین کارڈ کی عدم فراہمی پر پابندی عائد کردی ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے سماجی روابط کی ویب سائٹ پر کورونا سے متعلق اعداد و شمار کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی نیا وائرس آتا ہے تو وہ قدرے آسانی سے پھیلتا ہے، اس کی ہیئت میں اسی وقت تبدیلی ہوتی ہے کہ وہ ایک سے دوسرے میں تیزی سے منتقل ہوتا ہے اور بھارتی قسم کا ڈیلٹا ویرینٹ 50 سے 60 فیصد تیزی سے پھیلتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لوگ خود 2 مختلف کووڈ ویکسینز کے استعمال کا فیصلہ نہ کریں، عالمی ادارہ صحت

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ’اس ضمن میں جو اہم بات ذہن میں رہنی چاہیے وہ یہ کہ وائرس جنتا بھی تیز پھیلنے والا ہو اگر ایس او پیز پر عملدر آمد کا عمل برقرار رہے تو اسے پھیلنے سے روک سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ویکسین 100 فیصد موثر نہیں ہوتی، ویکسین لگوانے کا یہ مطلب نہیں کہ آپ اس وائرس سے متاثر نہیں ہو سکتے، لیکن اس کی وجہ سے بیماری کا امکان کم ہو جاتا ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ اس وقت جتنے بھی ویرینٹ موجود ہیں ان پر ویکسین اثر انداز ہوتی ہیں، ملک میں کورونا ویکسین کے نتائج غیر معمولی ہیں تاہم اس سے متعلق اعداد و شمار جلد میڈیا پر پیش کریں گے۔

مزید پڑھیں: کیسز میں اضافہ: سندھ میں انڈور ڈائننگ، اسکولز، تفریحی پارکس بند کرنے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ بہت ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگائی جاچکی ہو تاکہ وائرس کا پھیلاؤ رُک سکے، جس نے اب تک ایک بھی خوراک نہیں لگوائی یہ رویہ مجموعی طور پر درست نہیں ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ہمارے پاس چند ہزار کا ڈیٹا ہے جس میں کچھ خامیاں ہیں، ان خامیوں کو دور کرنے کے لیے ایک پورٹل کھول دیا گیا ہے، امید ہے کہ زیادہ تر لوگوں کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

کورونا کی ڈیلٹا قسم خطے کو بہت نقصان پہنچا رہی ہے، اسد عمر

دوسرہی جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے بھی ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ تیزی سے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، کورونا کی ڈیلٹا قسم خطے میں ممالک کو بہت نقصان پہنچا رہی ہے۔

اسد عمر نے زور دیا کہ عوام ایس او پیز پر عمل کریں اور جلد از جلد ویکسی نیشن مکمل کروا لیں۔

اگر ملک میں کورونا سے متعلق اعداد و شمار کی بات کی جائے تو گزشتہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2 ہزار 545 رہی۔

وائرس کی تشخیص کے لیے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 48 ہزار 910 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں 5.2 فیصد مثبت کیسز آئے اور مزید 47 افراد انتقال بھی کر گئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024