• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

اٹلی میں یورو کپ کے جشن کے دوران ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی

شائع July 12, 2021
یورو کپ کی فتح کے جشن کے دوران ایک شخص کو گولی مار کر قتل کردیا گیا— رائٹرز
یورو کپ کی فتح کے جشن کے دوران ایک شخص کو گولی مار کر قتل کردیا گیا— رائٹرز

یورو کپ 2020 کے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر اٹلی کی ٹیم نئی یورپیئن چیمپیئن بن گئی اور اٹلی میں منائے گئے فتح کے دیوانہ وار جشن کے دوران ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق فتح کے جشن میں شرکت کے لیے تیز رفتار ڈرائیونگ کرنے والا 22سالہ نوجوان سسلی کے علاقے کیلٹا گیرون میں کار حادثے میں ہلاک ہو گیا۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ 2018 کیلئے کوالیفائی نہ کرنے والا اٹلی 'یورو کپ' کا چیمپیئن بن گیا

اٹلی کے مشہور شہر میلان میں میچ کے بعد جشن منانے والے 15 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے، ان میں سے ایک شخص آتش بازی کے دوران اپنی تین انگلیوں سے محروم ہو گیا۔

جنوبی شہر فوگیا میں ایک شخص نے جشن کے ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دوسرے شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا اور جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

حملے میں مقتول کی بھتیجی بھی زخمی ہو گئی اور اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اٹلی نے یورو کپ کے فائنل میں میزبان انگلینڈ کو شکست دے کر فتح حاصل کر لی۔

اٹلی اور انگلینڈ کی ٹیم کے مابین ویمبلی اسٹیڈیم میں سخت مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹس پر فائنل کا فیصلہ ہوا، جس کے بعد اٹلی نے دوسری مرتبہ یورو کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: 52 سال بعد اٹلی کا خواب تو پورا ہوگیا، مگر انگلینڈ کو مزید صبر کرنا ہوگا

دونوں ٹیموں کے مابین سنسنی خیز مقابلہ پہلے 90 منٹ میں ایک، ایک گول سے برابر رہا تھا، جس کے بعد اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی اور معاملہ پینالٹی شوٹس پر پہنچا۔

پینالٹی شوٹس میں اٹلی نے انگلینڈ کو 2-3 سے شکست دے کر 1968 کے بعد پہلی مرتبہ یورپی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024