• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

واٹس ایپ کے ملٹی ڈیوائس فیچر کو متعارف کرانے کے لیے اہم پیشرفت

شائع July 11, 2021
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

واٹس ایپ کی جانب سے کافی عرصے سے اپنے پلیٹ فارم پر ایک اکاؤنٹ بیک وقت کئی ڈیوائسز میں استعمال کرنے کی سپورٹ فراہم کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے اور اب اس کو متعارف کرانے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

جون 2021 کے آغاز میں پہلی بار واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر پر کام کی تصدیق بھی کی گئی۔

یہ تصدیق واٹس ایپ کے سربراہ ول کیتھکارٹ اور فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کرتے ہوئے بتایا کہ بہت جلد اس میسجنگ سروس میں ملٹی ڈیوائس سپورٹ کو صارفین استعمال کرسکیں گے۔

کچھ عرصے پہلے کی رپورٹ کے مطابق صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے بیک وقت 4 ڈیوائسز کو لنک کرسکیں گے، مگر یہ ڈیوائسز واٹس ایپ ویب، واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ اور فیس بک پورٹل تک محدود ہوں گی۔

اب ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملٹی ڈیوائس فیچر کے لیے واٹس ایپ کی ڈیسک ٹاپ ایپ کے بیٹا ورژن کو تیار کیا گیا ہے اور اسے جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

اس نئے فیچر کا مقصد ہی یہ ہے کہ واٹس ایپ کو ایک سے زیادہ ڈیوائسز پر استعمال کیا جاسکے۔

واٹس ایپ کی جانب سے ابھی اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس کے بیٹا ورژنز تو ہیں جن میں نئے فیچرز کو ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔

تاہم ملٹی ڈیوائس فیچر کے لیے ویب اور ڈیسک ٹاپ ایپس کے بیٹا ورژنز پر بھی کام کیا جارہا ہے۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo نے ڈیسک ٹاپ ایپ کے بیٹا ورژن کے بارے میں بتایا ہے جو اس وقت دستیاب ہوگی جب ملٹی ڈیوائس بیٹا پروگرام اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے اوپن کیا جائے گا۔

فوٹو بشکریہ wabetainfo
فوٹو بشکریہ wabetainfo

جب کوئی صارف ملٹی ڈیوائس بیٹا پروگرام کا حصہ بنے گا تو واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ ایپ خودکار طور پر بیٹا ورژن میں اپ ڈیٹ ہوجائے گی۔

جب یہ ڈیسک ٹاپ اپ ڈیٹ ہوگی تو اس کے اوپر بیٹا لکھا ہوا نظر آئے گا، جس کے بعد اسے موبائل فون میں انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

ایک بار لنک ہونے کے بعد واٹس ایپ ان ڈیوائسز پر کام کرتی رہے گی چاہے مرکزی ڈیوائس یعنی فون بیٹری چارجنگ ختم ہونے پر بند ہوجائے یا اس پر انٹرنیٹ تک رسائی نہ بھی ہو۔

واٹس ایپ جانب سے مستقبل قریب میں ملٹی ڈیوائس فیچر بیٹا ٹیسٹرز کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

تاہم اس فیچر کی کچھ حدود ہوں گی اور بیٹا ٹیسٹرز ان افراد کو میسجز نہیں بھیج سکیں گے جو اپنے فون میں پرانے واٹس ایپ ورژن استعمال کررہے ہوں گے۔

متعدد ڈیوائسز کی سپورٹ کے فیچر کے بارے میں سب سے پہلے جولائی 2019 میں خبر سامنے آئی تھی اور WABetainfo نے اس وقت بتایا تھا کہ واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے پلیٹ فارم (یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم)کی تشکیل پر کام کیا جارہا ہے جو ایک اکاﺅنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز پر لاگ ان ہونے میں مدد دے گا۔

بعدازاں جو رپورٹس سامنے آئی تھیں ان کے مطابق ملٹی ڈٰوائس سپورٹ کے دوران مین ڈیوائس کو واٹس ایپ ویب کی طرح متحرک انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔

آسان الفاظ میں اگر فون آپ کے پاس موجود نہ ہو تو بھی واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ویب یا دیگر ڈیوائسز میں استعمال کرنا ممکن ہوگا بالکل فیس بک میسنجر کی طرح۔

اس فیچر کو لنکڈ ڈیوائسز کا نام دیا جائے گا اور واٹس ایپ کی جانب سے ملٹی ڈیوائس سپورٹ کے لیے ڈیسک ٹاپ ورژن کا نیا یوزر انٹرفیس بھی متعارف کرایا جائے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

نسرین کوثر Jul 12, 2021 11:26am
بہت اچھا

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024