• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عامر لیاقت کا تیسری بیوی کا دعویٰ کرنے والی خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان

شائع June 25, 2021
عامر لیاقت نے طوبی سے 2018 میں دوسری شادی کی تھی1فوٹو: ٹوئٹر
عامر لیاقت نے طوبی سے 2018 میں دوسری شادی کی تھی1فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی، اسکالر و ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے حال ہی میں ان کی تیسری بیوی کا دعویٰ کرنے والی لڑکی کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

ساتھ ہی عامر لیاقت نے کہا کہ وہ ان تمام سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹس کے خلاف بھی قانونی کارروائی کریں گے، جنہوں نے ان کی کردار کشی کرنے والی لڑکی کو ان کی تیسری بیوی لکھا۔

عامر لیاقت حسین نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو میں وضاحت کی کہ انہوں نے گزشتہ چند ہفتوں سے ان کی تیسری بیوی کا دعویٰ کرکے ان کی کردار کشی کرنے والی لڑکی کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کردی جب کہ دفعہ سی 95 کے تحت انہوں نے اس لڑکی کے خلاف مقدمہ بھی دائر کروادیا۔

عامر لیاقت حسین نے بتایا کہ عدالت نے ان پر الزام لگانے والی لڑکی کو سمن بھی جاری کردیے اور جلد ان کے کیس کی سماعت شروع ہوگی اور وہ عدالت میں ایسے ایسے ثبوت پیش کریں گے کہ دیکھنے والے دنگ رہ جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنا میڈیکل ٹیسٹ کروانے سمیت ڈی این اے کروانے کو بھی تیار ہیں اور ان پر الزام لگانے والی لڑکی کا بھی ڈی این اے ہوگا، جس سے سب سچ سامنے آجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت نے تیسری شادی کے دعووں کو مسترد کردیا

اسکالر و ٹی وی میزبان نے بتایا کہ ان کی تیسری بیوی کا دعویٰ کرنے والی لڑکی کے سامنے آنے اور اس کی جانب سے کئی جھوٹے دعوے کیے جانے کی وجہ سے ان کی عزت خراب ہوئی، انہیں طعنے برداشت کرنے پڑے جب کہ ان کا گھر بھی ٹوٹ گیا۔

عامر لیاقت حسین نے یہ واضح نہیں کیا کہ گھر ٹوٹنے کے جملے سے ان کی کیا مراد ہے؟

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی نہیں بتایا کہ انہوں نے لڑکی کے خلاف کس شہر کی عدالت میں درخواست دائر کروائی ہے اور ان کے خلاف کون سے پولیس تھانے میں مقدمہ دائر کروایا ہے؟

عامر لیاقت حسین نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے تاحال صرف دو خواتین بشریٰ اور طوبیٰ سے نکاح کیا۔

ویڈیو میں عامر لیاقت حسین نے یہ بھی کہا کہ وہ ان بلاگرز اور صحافیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کریں گے، جنہوں نے ان کی بیوی ہونے کا دعویٰ کرنے والی لڑکی کو ان کی تیسری بیوی کے طور پر لکھا اور جملوں میں ’مبینہ‘ کا لفظ استعمال نہیں کیا۔

عامر لیاقت نے مذکورہ ویڈیو سے قبل بھی چند وضاحتی ویڈیوز میں تیسری بیوی کا دعویٰ کرنے والی خاتون کے الزامات کو مسترد کیا تھا۔

مزید پڑھیں: اس وقت میں دوسری اہلیہ کا کفیل نہیں ہوں، عامر لیاقت

ان کی تیسری بیوی کا دعویٰ کرنے والی ماڈل ہانیہ خان نے رواں برس اپریل میں متعدد ویڈیوز میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ ہیں۔

ہانیہ خان نامی لڑکی کے دعووں کے بعد عامر لیاقت حسین نے انہیں مسترد کیا تھا اور بعد ازاں انہوں نے لڑکی کے والد کے ساتھ بھی ایک ویڈیو جاری کی تھی۔

مذکورہ لڑکی کے والد نے بھی تصدیق کی تھی کہ ان کی بیٹی کی عامر لیاقت حسین سے شادی نہیں ہوئی۔

تاہم اس کے باوجود ان کی تیسری شادی کی چہ مگوئیاں سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں اور دو دن قبل ہی عامر لیاقت نے ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جھوٹے دعوے کرنے والی لڑکی کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔

مذکورہ ویڈیو میں عامر لیاقت کی جانب سے اپنا گھر ٹوٹ جانے کا جملہ استعمال کیے جانے کے بعد مختلف سوشل میڈیا پیجز پر یہ خبریں بھی گردش کرنے لگیں کہ ان کی دوسری شادی بھی ختم ہوگئی۔

طوبیٰ عامر سے طلاق کی خبریں پھیلانے والے سوشل میڈیا پیجز پر عامر لیاقت نے کمنٹس کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا۔

خیال رہے کہ عامر لیاقت حسین کی پہلی شادی سیدہ بشریٰ سے ہوئی تھی، جن سے انہیں دو بچے بھی ہیں۔

بعد ازاں ماڈل و اداکارہ طوبی عامر سے 2018 میں عامر لیاقت کی شادی کی خبریں سامنے آئیں۔

عامر لیاقت حسین نے ابتدائی طور پر مذکورہ خبروں کو افواہ قرار دیا تھا لیکن بعد ازاں انہوں نے طوبیٰ سے شادی کرنے کی تصدیق کی تھی۔

عامر لیاقت حسین کی پہلی اہلیہ سیدہ بشریٰ نے دسمبر 2020 میں تصدیق کی تھی کہ انہیں سابق شوہر نے طلاق دے دی تھی۔

اب تیسری شادی کی افواہیں پھیلنے کے بعد خبریں ہیں کہ ان کی دوسری شادی بھی طلاق پر ختم ہوگئی مگر عامر لیاقت نے ایسی خبریں دینے والے سوشل میڈیا پیجز کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024