لائیسا کا پہلا اسمارٹ فون لائٹز فون 1 پیش
جرمنی کی فوٹوگرافی کے لیے حوالے سے معروف کمپنی لائیسا کی جانب سے طویل عرصے سے ہواوے کے ساتھ کام کیا جارہا تھا۔
چینی کمپنی کے فلیگ شپ فونز کے کیمروں کے لیے لائیسا کے لینسز استعمال ہورہے ہیں اور اسی وجہ سے ان کا معیار بھی بہترین قرار دیا جاتا ہے۔
مگر اب پہلی بار لائیسا نے اپنا اسمارٹ فون لائٹز فون 1 متعارف کرایا ہے۔
یہ فون جاپان میں متعارف کرایا گیا ہے اور اس ملک کا انتخاب اس لیے کیا گیا کیونکہ جرمن برانڈ اس سے پہلے شارپ اکیوس آر 6 کی تیاری کا حصہ بن چکا ہے۔
درحقیقت یہ نیا فون شارپ کمپنی کے اکیوس آر 6 کی ہوبہو نقل ہے اور دونوں میں فرق کرنے کے لیے لائٹز فون 1 میں مین کیمرا کا ڈیزائن چوکور کی بجئے راؤنڈ شکل میں دی گیا ہے۔
یہ فون سب سے پہلے جاپان میں ہی صارفین کو دستیاب ہوگی جس کی قیمت چونکا دینے والی یعنی 17 سو ڈالرز (2 لاکھ 66 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہے، حالانکہ اکیوس آر 6 کی قیمت 1056 ڈالرز ہے۔
اس فون میں 6.6 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے 240 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔
اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر، 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج فون کا حصہ ہے۔
فون کی بیٹری 5000 ایم اے ایچ کی ہے۔
مگر فون کی خاص بات اس کا ایک انچ سنسر سے لیس 20.2 میگا پکسل مین کیمرا ہے جو اس وقت دنیا کا سب سے بڑا بیک کیمرا بھی ہے (شارپ کے فون میں بھی یہی سنسر ہے)۔
اس کے علاوہ فرنٹ پر 12.6 میگا پکسل کیمرا موجود ہے جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم فون میں دیا گی ہے۔
کمپنی کے مطابق تھری ڈی الٹرا سونک فنگرپرنٹ سنسر ڈسپلے کے اندر نصب ہے اور اس میں 2 فنگرپرنٹس کو بیک وقت اضافی سیکیورٹی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یہ فون دیگر ممالک میں کب تک دستیاب ہوگا اس بارے میں کمپنی کی جانب سے کچھ نہیں بتایا گیا۔