• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

متھیرا اداکارہ ایمان علی کی حمایت میں سامنے آگئیں

شائع June 11, 2021
متھیرا کے مطابق ایمان علی کو ذہنی صحت سے متعلق مدد کی ضرورت بھی ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
متھیرا کے مطابق ایمان علی کو ذہنی صحت سے متعلق مدد کی ضرورت بھی ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ ایمان علی کی جانب سے خود کو ’خواجہ سرا‘ افراد سے تشبیح دینے کے بعد ان پر کی جانے والی تنقید پر متھیرا نے ان کی حمایت کی ہے۔

ایمان علی نے چند دن قبل واسع چوہدری کے پروگرام ’گھبرانا منع ہے‘ میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ ان کا چہرہ ’خواجہ سرا‘ جیسا ہے۔

مذکورہ پروگرام میں ایمان علی نے اپنے کیریئر اور ازدواجی زندگی پر بھی کھل کر بات کی تھی جب کہ انہوں نے اپنی خوبصورتی سے متعلق دوسرے لوگوں کی جانب سے تعریفیں کیے جانے پر بھی بات کی تھی۔

ایمان علی کا کہنا تھا کہ اگرچہ بہت سارے لوگ انہیں خوبصورت قرار دیتے ہوئے ان کی تعریفیں بھی کرتے ہیں، تاہم وہ اپنی خوبصورتی اور چہرے سے مطمئن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اپنا چہرہ خواجہ سرا شخص جیسا لگتا ہے، ایمان علی

ایمان علی نے بتایا تھا کہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ وہ خوبصورت نہیں ہیں اور ان کا چہرہ ہر وقت سیلفی لینے جیسا نہیں۔

ایمان علی کے مطابق وہ جب بھی سیلفی لینے کی کوشش کرتی ہیں، تب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ان کی شکل کسی ’مخنث‘ شخص جیسی ہے، اس لیے وہ سیلفی نہیں نکالتیں۔

ایمان علی کے مذکورہ بیان پر ان خوب تنقید کرتے ہوئے ان پر ’خواجہ سرا‘ افراد کی توہین کا الزام لگایا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: خود کو’مخنث‘ جیسا کہنے پر ایمان علی بے وقوف قرار

ایمان علی پر معروف ٹی وی میزبان رابعہ انعم اور مخنث ماڈل کامی سڈ نے شدید تنقید کرتے ہوئے ان پر ’خواجہ سرا‘ افراد کی توہین کا الزام لگایا تھا۔

رابعہ انعم نے ایمان علی کو بے وقوف قرار دیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
رابعہ انعم نے ایمان علی کو بے وقوف قرار دیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

رابعہ انعم نے ایمان علی کو ’بے وقوف‘ بھی قرار دیا تھا جب کہ کامی سڈ نے انہیں پیغام دیا تھا کہ عورت بن کر زندگی گزارنا اتنا مشکل نہیں ہوتا، جتنا ’کھسرا‘ بن کر زندگی گزارنا ہوتا ہے۔

ایمان علی پر دیگر افراد نے بھی تنقید کی تھی، جس کے بعد اب اداکارہ متھیرا نے ان کی حمایت میں پوسٹ کی ہے، تاہم ساتھ ہی انہوں نے ایمان علی کی ذہنی صحت پر بات کر ڈالی۔

یہ بھی پڑھیں: کھسرا ہونا اتنا آسان نہیں جتنا ایک عورت بن کر زندگی گزارنا، کامی سڈ کا ایمان کو جواب

متھیرا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں سوال کیا کہ ’انہیں سمجھ نہیں آتا کہ لوگ ’کھسرا اور ماسی‘ جیسے الفاظ کو توہین کے طور پر لیتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں کہ مذکورہ الفاظ جارحانہ یا کسی کی توہین کے لیے استعمال نہیں ہوتے۔

مخنث ماڈل کامی سڈ نے بھی ایمان علی پر تنقید کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
مخنث ماڈل کامی سڈ نے بھی ایمان علی پر تنقید کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ساتھ ہی انہوں نے ایمان علی کو خوبصورت اور معصوم قرار دیتے ہوئے لکھا کہ انہیں ذہنی صحت سے متعلق مدد کی ضرورت ہے۔

متھیرا نے ایمان علی پر تنقید کرنے والے افراد کے لیے لکھا کہ وہ ’کھسرا یا ماسی‘ کے الفاظ کو توہین کے زمرے میں نہ لیں۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ لوگوں کو ذہنی صحت سے متعلق مدد کی ضرورت ہے، کیوں کہ عام طور پر سوشل میڈیا پر لوگ ایک عام سے بات کو تنازع بنا دیتے ہیں اور توہین آمیز کمنٹس کرتے ہیں۔

متھیرا نے لکھا کہ ’کھسرا‘ لفظ استعمال کرنے پر لوگ سوشل میڈیا کمنٹس میں ایمان علی کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں جب کہ وہ خود بھی مذکورہ لفظ کو دوسروں کے لیے استعمال کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے ایمان علی پر تنقید کرنے والے افراد کو کہا کہ اگر ان سے نادانی میں کچھ خطا ہوگئی ہے تو اسے معاف کردیں، تاہم ان کی جانب سے استعمال کیے گئے لفظ کو توہین کے طور پر نہ لیا جائے۔

متھیرا نے ایمان علی کی حمایت کی—اسکرین شاٹ
متھیرا نے ایمان علی کی حمایت کی—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024