متھیرا کا ملالہ یوسف زئی کے شادی کے بیان پر رد عمل
ماڈل، اداکارہ و میزبان متھیرا نے ملالہ یوسف زئی کی جانب سے فیشن میگزین ’ووگ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں ان کے شادی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے شادی کو ایک خوبصورت احساس قرار دیا ہے۔
نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن نے ووگ میگزین کو حال ہی میں انٹرویو دیا تھا، وہ میگزین کے آئندہ ماہ کے شمارے کی سرورق کی زینت بنیں گی۔
ملالہ یوسف زئی نے انٹرویو میں ان کہی باتوں پر کھل کر گفتگو کی تھی اور انہوں نے شادی سے متعلق بھی کہا تھا کہ اگر کسی شخص کو دوسرے شخص کا ساتھ چاہیے تو اس کے لازمی نہیں ہے کہ شادی کے کاغذات (نکاح نامے) پر دستخط کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملالہ برطانوی فیشن میگزین کے سرورق کی زینت، انٹرویو میں اَن کہی باتیں
ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ ان کا فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ بچے پیدا کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
ملالہ یوسف زئی کے مذکورہ بیان کے بعد متھیرا نے ان کے بیان کو انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے شادی اور نکاح کو خوبصورت احساس قرار دیا۔
متھیرا نے ملالہ یوسف زئی کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ ہمیں نئی نسل کو شادی اور خصوصی طور پر نکاح کی ترغیب دینی چاہیے، کیوں کہ یہ سنت بھی ہے۔
اداکارہ نے لکھا کہ شادی کے لیے کاغذات پر دستخط کرنے کا معاملہ پلاٹ کی خریداری کی طرح نہیں ہے بلکہ یہ نئی زندگی کا درست انداز میں آغاز اور خوس قسمتی کا راستہ ہے۔
مزید پڑھیں: ’ووگ‘ فوٹو شوٹ کی تیاری میں 15 برانڈز نے ملالہ یوسف زئی کی مدد کی
متھیرا نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ زبردستی شادی کروانا غلط ہے، شادی کے بعد تشدد بھی غلط ہے، کم عمری کی شادی بھی غلط ہے مگر نکاح کرنا خوش قسمتی اور بہت ہی پیارا احساس ہے۔
ماڈل و اداکارہ نے لکھا کہ اگر کوئی کسی کو اپنی زندگی کا ساتھی منتخب کرتا ہے تو بہت ہی اچھی بات ہے مگر اس کے لیے نکاح کرنا اس رشتے کو مزید خوبصورت بنا دیتا ہے۔
متھیرا نے اپنی ایک اور اسٹوری میں بھی شادی سے متعلق باتیں لکھیں اور اعتراف کیا کہ بعض اوقات کسی کی شادی آگے نہیں بڑھ پاتی۔
متھیرا نے اسٹوری میں لکھا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کتنی روشن خیال اور آزاد ہیں مگر وہ اپنے بچوں کو ہمیشہ شادی اور نکاح کی اہمیت اور تجویز دیں گی اور انہیں درس دیں گی کہ شادی کے بعد کس طرح اپنے جیون ساتھی کی مدد کرنی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: متھیرا فلسطینی بچے کو گود لینے کی خواہاں
اداکارہ نے لکھا کہ شادی کرنا اچھی بات ہے مگر یہ بھی سچ ہے کہ بعض اوقات شادیاں ناکام ہو جاتی ہیں مگر اس پر دل گرفتہ نہیں ہونا چاہیے، عین ممکن ہے کہ کوئی دوسرا اچھا شخص مل جائے۔
متھیرا نے لکھا کہ یہ بلکل سچ ہے کہ وہ طلاق یافتہ ہیں لیکن وہ اب بھی شادی پر یقین رکھتی ہیں اور جب انہیں کوئی دوسرا اچھا شخص مل جائے گا تب وہ دوبارہ شادی کا سوچیں گی۔
انہوں نے اپنی اسٹوری میں یہ بھی لکھا کہ انہیں طلاق یافتہ ہونے کے طعنے دینا بند کیا جائے اور انہیں سکون کی تنہا زندگی گزارنے دیں۔
خیال رہے کہ متھیرا نے 2013 میں پنجابی گلوکار فلنٹ جے سے شادی کی تھی لیکن 2018 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی، اداکارہ کا ایک بیٹا بھی ہے، جو ان کے ساتھ رہتا ہے۔