• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے 2 خصوصی پروگرامز شروع کیے ہیں، وزیراعظم

شائع May 25, 2021
وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا — تصویر: ڈان نیوز
وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا — تصویر: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے 2 خصوصی پروگرامز شروع کیے ہیں جس سے استفادہ کر کے وہ اپنے آپ کو اور ملک کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔

نوجوانوں کے نام اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ زیادہ تر نوجوانوں کو روزگار نہیں ملتا اور وہ کہتے ہیں کہ سرکاری نوکری پر لگادو لیکن حکومت کتنے لوگوں کو بھرتی کرسکتی ہے جبکہ حکومت کے پاس ویسے ہی اتنے ملازمین بھرتی کردیے گئے ہیں کہ پینش کا بل ہی ملک کو نیچے لے کر جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس سے بہتر حل موجود ہے، ساری دنیا میں روزگار نجی شعبے میں ملتا ہے یا لوگ خود اپنے کاروبار شروع کرتے ہیں یعنی درمیانی اور متوسط صنعتیں جنہیں اسٹارٹ اپ کہا جاتا ہے، وہ پھر پیسہ بناتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے ' کامیاب جوان پروگرام' کا افتتاح کردیا

وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے 2 پروگرامز لے کر آرہی ہے، اس میں سب سے پہلے اسکلز ایجوکیشن ہے جس کے لیے ہم ایک لاکھ 70 ہزار اسکالرشپس دے رہے ہیں، اس میں نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے گا۔

پروگرام کی مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں سے 50 ہزار ایسی اسکالرشپس ہیں جو ہائی اینڈ اسکل ہے، مثلاً جدید ٹیکنالوجی جیسے آرٹیفیشل انٹیلیجنس وغیرہ۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ چیزیں آرہی ہیں کہ 6، 6 ماہ کے کورسز کے بعد آپ کو وہ نوکریاں ملیں گی کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے کیوں کہ دنیا بہت تیزی سے ٹیکنالوجی کے انقلاب کی جانب جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت نے 'کامیاب جوان پروگرام' میں قرضوں کی حد ڈھائی کروڑ روپے تک بڑھا دی

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو دونوں طرح کے ہنر سکھائے گی، ہر کوئی ہائی ٹیکنالوجی کا کورس نہیں کرسکتا لیکن ہم 50 ہزار نوجوانوں کو موقع دیں گے۔

انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کے پاس اپنا کاروبار کرنے کے لیے کسی قسم کا آئیڈیا ہے جسے اسٹارٹ اپس کہا جاتا ہے اور آپ کے پاس پیسے نہیں ہیں تو اس کے لیے ہم نے ایک کھرب روپے مختص کیے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ اس رقم سے کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قرضے دیے جائیں گے تاہم آپ کے پاس اپنے کام، کاروبار کا کوئی بھی آئیڈیا ہو تو آپ کو قرض کے حصول کے لیے میرٹ پر کوالیفائی کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 100 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے تاکہ نوجوان اپنا کاروبار شروع کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے ہنرمند جوان پروگرام کا افتتاح کردیا

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش یہ ہے کہ ہم ہر سال اس میں اضافہ کرتے رہیں اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں تک پہنچ سکیں اور نوجوان آبادی کو بھی روزگار ملے اور یہ ملک کو بھی اٹھا سکیں۔

وزیر اعظم نے اُمید ظاہر کی کہ نوجوان اسکلز ایجوکیشن اور کامیاب جواب پروگرام سے پوری طرح فائدہ اٹھا کر اپنے ساتھ ساتھ ملک کو بھی فائدہ پہنچائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024