• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

مولانا طارق جمیل کی سلمان خان، ان کے اہل خانہ کی تعریفی ویڈیو وائرل

شائع May 17, 2021
بظاہر ویڈیو نئی لگ رہی ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
بظاہر ویڈیو نئی لگ رہی ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

پاکستان کے معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کی بولی وڈ اداکار سلمان خان اور ان کے اہل خانہ کے لیے ایک مختصر تعریفی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے، جس میں وہ بھارتی اداکار کے اچھے کاموں کی تعریف کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو چار منٹ سے کم دورانیے کی ہے، جس میں انہیں سلمان خان اور ان کے اہل خانہ کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

یہ واضح نہیں کہ مولانا طارق جمیل کی جانب سے بولی وڈ دبنگ ہیرو کو عید کی دی جانے والی مبارک باد گزشتہ ہفتے ہونے والی عید الفطر کی ہے یا اس سے قبل کسی عید کی ہے؟

بظاہر ویڈیو نئی معلوم ہوتی ہے، جسے تین دن قبل بھارتی شخص عبدالرزاق پٹھان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سمیت ان کی جانب سے چلائے جانے والے دوسرے سوشل میڈیا پیجز پر اپ لوڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد مذکورہ ویڈیو کو متعدد دیگر پاکستانی و بھارتی سوشل میڈیا پیجز پر بھی شیئر کیا گیا۔

چار منٹ سے کم دورانیے کی ویڈیو کا آغاز مولانا طارق جمیل کی جانب سے سلمان خان کے والد سلیم خان کو سلام کہنے سے ہوتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ مولانا طارق جمیل سلیم خان کو سلام کہنے کے بعد ان کے تینوں معروف اداکار بیٹوں سلمان خان، ارباز خان اور سہیل خان کا نام لیتے ہیں اور انہیں خوش نصیب قرار دیتے ہیں۔

اس کے بعد مذہبی اسکالر بتاتے ہیں کہ انہیں پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب اختر نے سلمان خان کے حوالے سے دو باتیں بتائیں کہ وہ والدین کے فرمانبردار اور بہت سخی شخص ہیں۔

ویڈیو میں مولانا طارق جمیل دبنگ ہیرو کے والد سلیم خان کو مخاطب کرکے کہتے ہیں کہ وہ خوش نصیب ہیں کہ انہیں سلمان خان جیسا فرمانبردار بیٹا ملا ہے۔

ویڈیو میں مولانا طارق جمیل کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ سلمان خان اتنی بڑی شخصیت ہونے کے باوجود والدین کے نوکر بن کر زندگی گزارتے ہیں۔

مذہبی اسکالر ویڈیو میں کہتے ہیں کہ انہیں جب سے شعیب اختر نے سلمان خان کے حوالے سے دو باتیں بتائیں ہیں وہ تب سے دبنگ ہیرو کے بہت بڑے مداح بن چکے ہیں۔

مولانا طارق جمیل نے مزید کہا کہ انہیں شعیب اختر نے بتایا تھا کہ سلمان خان والدین کے بہت بڑے فرمانبردار ہیں اور والدین کے آگے کھڑے رہتے ہیں، جیسے والدین کہتے ہیں وہ ویسا ہی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ والدین کی فرمانبرداری کرنا جنت کا راستہ ہے، ایسے افراد کے لیے جنت ہے اور یہ کہ آپ اعلیٰ پائے کے مسلمان ہیں۔

ویڈیو میں مولانا طارق جمیل کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ شعیب اختر نے انہیں دوسری بات یہ بتائی کہ سلمان خان بہت بڑے سخی ہیں اور 'سخی سے خدا محبت کرتے ہیں'۔

ویڈیو میں مذہبی اسکالر نے حضرت محمد ﷺ کا حوالہ دیا کہ آپ ﷺ نے فرمایا کہ سخی سے خدا بہت پیار کرتے ہیں، چاہے وہ عبادت میں کمزور ہی کیوں نہ ہو اور چاہے وہ صرف عید کی ایک نماز ہی کیوں نہ ادا کرتے ہوں۔

مولانا طارق جمیل نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بخیل شخص سے خدا کو کوئی محبت نہیں، چاہے وہ سارا دن نفل پڑھے اور عبادتیں کرے۔

مذہبی اسکالر نے اس موقع پر سخی اور بخیل شخص کی بات کو سمجھانے کے لیے سامری بادشاہ کا قصہ بھی سنایا۔

ویڈیو کے آخر میں مولانا طارق جمیل بولی وڈ دبنگ ہیرو کو مخاطب کرکے کہتے ہیں کہ ان کی جانب سے والدین کی فرمانبرداری اور ان کی سخاوت نے مذہبی اسکالر کو ان کا مداح بنا دیا۔

ساتھ ہی ویڈیو کے اختتام پر مولانا طارق جمیل کو کورونا کی وبا پر بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس میں وہ بتاتے ہیں کہ وہ بھی بیماری میں مبتلا ہوگئے تھے مگر خدا نے ان کی زندگی لکھی تھی، اس لیے بچ گئے۔

ویڈیو میں مولانا طارق جمیل نے یہ بتایا کہ خدا کا فرمان ہے کہ وبا والے مریض سے ایک نیزے کا فاصلہ رکھا جائے اور ساتھ ہی انہوں نے ویڈیو میں پیغام دیا کہ کورونا سے بچنے کے لیے 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں یہ خطرناک بیماری ہے۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر جہاں مولانا طارق جمیل کی تعریفیں کی جا رہی ہیں تو وہیں ان کی جانب سے سلمان خان کے خاندان کے لیے تعریفی بیان کو متنازع بھی کہا جا رہا ہے۔

مولانا طارق جمیل کی مذکورہ ویڈیو پر تاحال سلمان خان یا ان کے اہل خانہ کا کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024