‘اچانک عید’ پر عوام پریشان، اسدعمر کو مفتی منیب یاد آگئے!
پاکستان کی مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے 12 مئی کی رات 11 بجے کے بعد یکمم شوال کا چاند نظر آنے کی تصدیق کرتے ہوئے 13 مئی کو عید الفطر منانے کا اعلان کیا، جس کی وجہ سے عوام انتہائی حیران و پریشان ہوگئے۔
اگرچہ ماضی میں بھی رویتِ ہلال کمیٹی کی جانب سے کافی تاخیر کے بعد چاند نظر آنے یا نہ آنے کے اعلانات کیے جا چکے ہیں، تاہم زیادہ تر لوگوں کا ماننا تھا کہ 12 مئی 2021 کو پہلی مرتبہ بہت زیادہ تاخیر سے اعلان کیا گیا۔
یکم شوال کا چاند نظر آنے اور عید الفطر 13 مئی کو منانے کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر جہاں لوگوں نے رویتِ ہلال کمیٹی کے اعلان پر طنز کیے، وہیں حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی غیر واضح انداز میں عید کے اچانک اعلان پر طنز کیے۔
یہ ویڈیو دیکھیں: 13 مئی کو پاکستان میں عید الفطر منائی جائے گی، رویت ہلال کمیٹی
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اور کورونا کے معاملات دیکھنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے 13 مئی کو رویت ہلال کمیٹی پر مبہم انداز میں طنز کیا۔
اسد عمر نے عید کے دن اردو میں ٹوئٹ کی کہ ایک زمانے میں ایوب خان کی تصویریں ٹرکوں کے پیچھے لگی ہوئی ہوتی تھیں اور لکھا ہوتا تھا کہ تیری یاد آئی تیرے جانے کے بعد۔
انہوں نے مزید لکھا کہ کل کے بعد اب کہیں یہ بات مفتی منیب کی تصویر کے ساتھ نہ نظر آنا شروع ہو جائے۔
جہاں اسد عمر نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان تاخیر سے کیے جانے پر مبہم انداز میں طنز کیا، وہیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری تو پہلے ہی ٹوئٹ کر چکے تھے کہ 12 مئی کو چاند نظر آنے کے امکانات نہیں اور عید 14 کو ہوگی۔
فواد چوہدری نے 12 مئی کی شام کو ہی اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ اس وقت چاند کی عمر پاکستان میں 13 گھنٹے 42 منٹ ہے، لہذا چاند کا آج نظر آنا ممکن ہی نہیں جن حضرات نے عید سعودیہ کے ساتھ منانی ہے یہ ان کے لیے آپشن ہے لیکن جھوٹ بول کر ماہ مقدس کا اختتام کرنا کہاں کی عقلمندی ہو گی؟
ساتھ ہی انہوں نے لکھا تھا کہ سیدھا کہیں کہ ہمیں عید افغانستان یا سعودیہ کے ساتھ منانی ہے۔
فواد چوہدری کے بعد اسد عمر کی جانب سے چاند کا اعلان تاخیر سے کیے پر طنزیہ ٹوئٹ کرنے پر بہت سارے لوگوں نے ان کی ٹوئٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے ان پر خوب تنقید کی اور انہیں یاد دلایا کہ وہ حکومت کے اہم ترین عہدیدار ہیں اور وہ خود بھی ایسی بات کر رہے ہیں۔
کچھ افراد نے اسد عمر کو مشورہ دیا کہ وہ حکومتی عہدیدار ہونے کے ناطے طنز کرنے کی بجائے ایک روزہ کم کرنے پر معافی مانگیں، کیوں کہ اس کا وزن حکومت کے سر ہی ہوگا، ساتھ ہی لوگوں نے انہیں مشورہ دیا کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں اور کفارہ ادا کریں۔
کسی نے انہیں مشورہ دیا کہ اتنے جذباتی ہونے کا فائدہ نہیں، ہر کسی نے قیامت میں اپنا اپنا بار لے کے جانا ہے اور عید کو انجوائے کریں۔
ان کی ٹوئٹ پر متعدد افراد نے کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ عجیب حکومت ہے، جس کی اپنی منتخب کردہ کمیٹی سے وزرا خوش نہیں ہیں، کیوں کہ ان لوگوں کو اپنی مرضی کی عید منانے کا موقع نہیں ملا۔
صحافی منیر احمد نے اسد عمر کی ٹوئٹ پر کمنٹ کیا کہ اب رویت ہلال کمیٹی وہ شہادت بھی عوام کے سامنے رکھے یعنی، کسی ایک اس آدمی کو سامنے لائے جسے چاند نظر آیا ہو۔
ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ایسے معاملے میں عموماً کمیٹی والے کہتے ہیں کہ چاند پہاڑوں کے اس پار اور سمندر کے پاس دیکھا گیا، چاند انہیں نظر نہیں آیا اور کسی اور کو نظر آ گیا تو یہ کیا کرتے رہے؟، اس لیے وہ اب گواہ کو بھی سامنے لائیں۔
بعض افراد نے چاند کا اعلان دیر سے کرنے کے معاملے پر اسد عمر کی ٹوئٹ پر سخت تنقیدی کمنٹس بھی کیے، ایک صارف نے لکھا کہ یہ کیا ڈرامے بازی ہے ؟جناب فواد چوہدری کہتے ہیں کہ عید جمعہ کو ہوگی، جس کو سعودیہ کے ساتھ منانی ہے منائے کے لیے دوسری طرف اچانک اعلان ہوجاتا یے کہ کل عید ہے، کچھ سمجھ نہیں آیا؟
ساتھ ہی مذکورہ صارف نے سوال کیا کہ تاخیر سے چاند نظر آنے کے معاملے پر کون سے سائنس اور ٹیکنالوجی استعمال ہوئی۔
ایک صارف نے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کا ذکر کیا اور سوال کیا کہ اگر مذکورہ ویڈیو جھوٹی نہیں ہے تو ثابت ہوتا ہے کہ حکومتی پریشر کے باعث عید کا اعلان کیا گیا۔
لوگوں کا طنز اپنی جگہ مگر شوبز شخصیات نے بھی عید کے چاند کا اعلان دیر سے کرنے پر دلچسپ پوسٹس کیں اور لوگوں کو چاند رات کی مبارک بادیں بھی دیں۔
گلوکار عمران اشرف نے رات دیر گئے عید کے چاند کا اعلان کرنے پر مزاحیہ مختصر ٹوئٹ کی کہ مبارک ہو چاند چڑھ گیا۔
اداکارہ ماہرہ خان نے رات دیر گئے عید کا چاند نظر آنے کا اعلان کیے جانے پر مختصر ٹوئٹ کی اور محض چاند مبارک کا جملہ لکھا جس پر مداحوں نے مزے مزے کے کمنٹس کیے۔
عدنان صدیقی نے بھی مداحوں کو چاند رات کی مبارک باد دیتے ہوئے دعا کی کہ خدا ہم سب کے گناہ معاف فرمائے۔
اداکارہ کبریٰ خان نے بھی رات دیر گئے عید کے چاند کا اعلان کرنے پر دلچسپ پوسٹ کرنے سمیت اپنی خوبصورت تصویر شیئر کرتےہوئے مداحوں کو یکدم اور اچانک ہونے والی چاند رات کی مبارک باد پیش کی۔