• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

‘عید پر پپیاں ہوں گی نہ جپھیاں’، فردوس عاشق اعوان نے بیان کی وضاحت کردی

شائع May 10, 2021
ان کی ویڈیو کو خوب شیئر کیا  گیا اور مختلف تبصرے کیے گئے—فائل فوٹو: ٹوئٹر
ان کی ویڈیو کو خوب شیئر کیا گیا اور مختلف تبصرے کیے گئے—فائل فوٹو: ٹوئٹر

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے چند روز قبل کورونا کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ایک بیان میں کہا تھا کہ اس بار ماضی کی روایات کی طرح عید پر ’جپھیاں اور پپیاں' نہیں ہوں گی۔

7 مئی کو پنجاب میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ حکومت پنجاب نے تمام سیاستدانوں اور اہم شخصیات کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اس مرتبہ عید پر وہ اپنے ڈیروں پر کوئی ملن پارٹیاں منعقد نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جس طرح احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے، اسی طرح لوگ بھی وبا سے بچنے کے لیے اسمارٹ موبائل کا استعمال کریں اور ایک دوسرے کو آن لائن عید کی مبارک باد دیں۔

مزید پڑھیں: اس عید پر ’جپھیاں اور پپیاں' نہیں ہوں گی، فردوس عاشق اعوان

انہوں نے کہا تھا کہ انہیں احساس ہے کہ اس مرتبہ پابندیوں کی وجہ سے خواتین چوڑیاں اور دوسری چیزیں خرید نہیں سکیں اور ان کا خریداری کا شوق ادھورا رہ گیا۔

وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اس بار روایتی عید ملن پارٹیاں نہیں ہوں گی اور نہ ہی روایتی انداز میں اس بار ’جپھیاں اور پپیاں' ہوں گی۔

فردوس عاشق اعوان کی جانب سے عید کے موقع پر جھپیوں اور پپیوں پر پابندی کی بات پر وہاں موجود صحافیوں اور سیاسی کارکنان ہنس پڑے تھے اور ان کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی تھی۔

فردوس عاشق اعوان کی جانب سے جھپیوں اور پپیوں پر پابندی کا مطلب دراصل روایتی انداز میں گلے مل کر عید کی مبارک باد دینے پر پابندی تھا۔

مگر ان کی جانب سے مخصوص انداز میں بات کیے جانے پر ان کی ویڈیو کو خوب شیئر کیا گیا اور مختلف تبصرے کیے گئے۔

اب فردوس عاشق اعوان نے مذکورہ بیان کی وضاحت دی ہے اور کہا ہے کہ یہ اپنی اپنی سوچ ہے کہ کون کیا سوچتا ہے۔

صحافی امین حفیظ نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر معاون خصوصی کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ 'جپھیاں اور پپیاں' سے متعلق بیان کی وضاحت دیتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔

ویڈیو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جپھیاں عید کا لازم و ملزوم جزو ہیں جس کو عید ملن کہا جاتا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کیلئے نازیبا الفاظ کے استعمال پر فردوس عاشق کو تنقید کا سامنا

انہوں نے مزید کہا کہ 'آپ نے بھی عید ملتے ہوئے کئی مرتبہ اپنے بھائیوں اور دوستوں کو مبارکباد دی ہوگی اور ان سے روایتی انداز میں عید ملی ہوگی'۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 'پپیاں وہ بوسے ہیں جو آپ نے اپنے بچوں کو دیے ہوں گے، جو آپ کے والدین نے آپ کو پیار کیا ہوگا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'یہ اپنی اپنی سوچ ہے کہ کون کدھر جاتا ہے مگر کورونا میں ایسا (جپھیاں اور پیپاں) نہیں ہونا چاہیے'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024