• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

اس عید پر ’جپھیاں اور پپیاں' نہیں ہوں گی، فردوس عاشق اعوان

شائع May 8, 2021
لوگ ویڈیو کے ذریعے ایک دوسرے کو عید مبارک باد دیں، فردوس عاشق اعوان—فائل فوٹو: فیس بک
لوگ ویڈیو کے ذریعے ایک دوسرے کو عید مبارک باد دیں، فردوس عاشق اعوان—فائل فوٹو: فیس بک

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اس عید پر پنجاب بھر میں اجتماعات اور پارٹیاں نہیں ہوں گی اور نہ ہی اس بار ماضی کی روایات کی طرح ’جپھیاں اور پپیاں' ہوں گی۔

پنجاب میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے تمام سیاستداںوں اور اہم شخصیات کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اس بار عید پر وہ اپنے ڈیروں پر کوئی ملن پارٹیاں منعقد نہیں کریں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ عید کی خوشیاں انسان کی زندگی سے جڑی ہیں، اگر انسان ہوگا اور صحت مند ہوگا تو عید کی خوشیاں بھی دوبالا ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جس طرح احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے، اسی طرح لوگ بھی وبا سے بچنے کے لیے اسمارٹ موبائل کا استعمال کریں اور ایک دوسرے کو آن لائن عید مبارکیں دیں۔

فردوس عاشق اعوان نے لوگوں کو تجویز دی کہ وہ اپنے پیاروں کو ویڈیو کے ذریعے عید کی مبارک باد دیں اور ملنے ملانے سے گریز کریں۔

انہوں نے وبا کی وجہ سے نافذ پابندیوں کے باعث خواتین کی جانب سے عید خریداری نہ کر پانے پر افسوس کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ انہیں احساس ہے کہ اس بار پابندیوں کی وجہ سے خواتین چوڑیاں اور دوسری چیزیں خرید نہیں کر سکیں اور ان کا خریداری کا شوق ادھورا رہ گیا۔

یہ بھی پڑھیں: گرمی برداشت نہ کرنے والی خواتین کو فیلڈ میں نہیں آنا چاہیے، فردوس عاشق اعوان

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وبا کی وجہ سے اس بار پنجاب بھر میں عید کے اجتماعات نہیں ہوں گے اور نہ ہی سیاسی شخصیات اپنے ڈیروں پر عید پارٹیاں منعقد کر سکیں گے۔

وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اس بار روایتی عید ملن پارٹیاں نہیں ہوں گی اور نہ ہی روایتی انداز میں اس بار ’جپھیاں اور پپیاں' ہوں گی۔

فردوس عاشق اعوان کی جانب سے عید کے موقع پر جھپیوں اور پپیوں پر پابندی کی بات پر وہاں موجود صحافیوں اور سیاسی کارکنان ہنس پڑے اور ان کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے ان کی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ اس عید پر جھپیوں اور پپیوں پر پابندی ہوگی اور کئی لوگ دوسروں کو یاد دلاتے رہے کہ وہ ذہن نشین کرلیں کہ حکومت نے پپیوں اور جھپیوں پر پابندی لگادی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کی جانب سے جھپیوں اور پپیوں پر پابندی کا مطلب دراصل روایتی انداز میں گلے مل کر عید کی مبارک باد دینے پر پابندی تھا مگر ان کی جانب سے مخصوص انداز میں بات کیے جانے پر لوگوں نے ان کی ویڈیو کو خوب شیئر کیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024