• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

مسلسل دوسرے سال بھی غیرملکی عازمین حج پر پابندی لگانے پر غور

شائع May 5, 2021
عالمی سطح پر کورونا وائرس کے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر سعودی عرب نے پابندی لگانے پر غور شروع کردیا— فائل فوٹو: اے پی
عالمی سطح پر کورونا وائرس کے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر سعودی عرب نے پابندی لگانے پر غور شروع کردیا— فائل فوٹو: اے پی

عالمی سطح پر کورونا وائرس کے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر سعودی عرب نے مسلسل دوسرے سال بھی حج کے سلسلے میں غیرملکی زائرین کی آمد پر پابندی عائد کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اس معاملے سے باخبر دو ذرائع نے بتایا کہ پابندی کے حوالے سے مشاورت ہو چکی ہے لیکن اس پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب: 160 ممالک کے شہریوں کو حج کیلئے منتخب کرلیا گیا

اس وبا سے قبل سالانہ 25 لاکھ افراد حج کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے مکہ اور مدینہ کا رخ کرتے تھے جبکہ پورا سال عمرے کی ادائیگی بھی جاری رہتی تھی جس کی بدولت سعودی کی معیشت کو سالانہ 12 ارب ڈالر کا فائدہ ہوتا تھا۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے معاشی اصلاحات کے منصوبوں کے ایک حصے کے طور پر سعودی عرب 2020 تک عمرہ اور حجاج زائرین کی تعداد بالترتیب ڈیڑھ کروڑ اور 50 لاکھ تک پہنچانے کے لیے پرعزم تھا اور 2030 تک عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کی تعداد 3 کروڑ تک پہنچانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا جبکہ 2030 تک صرف حج سے حاصل ہونے والی آمدن 13.32 ارب ڈالر تک پہنچانے کو ہدف بنایا گیا تھا۔

حج کے حوالے سے پیشرفت سے باخبر دو ذرائع نے بتایا کہ حکام نے بیرون ملک مقیم زائرین کی میزبانی کا منصوبہ بنایا تھا جس کو اب منسوخ کردیا گیا ہے، صرف ان مقامی عازمین کو ہی اجازت دی جائے گی جنہیں ویکسین لگی ہے یا جو حج سے کم از کم چھ ماہ قبل وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں۔

ایک ذرائع نے بتایا کہ شرکا کی عمر پر بھی پابندیوں کا اطلاق ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: حج 2020: صرف سعودی عرب میں موجود افراد کو حج کی اجازت دینے کا فیصلہ

ایک دوسرے ذریعے نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ منصوبہ بنایا گیا تھا کہ بیرون ملک سے کچھ عازمین کو حج کی اجازت دی جائے گی لیکن ویکسین کی اقسام، ان کی افادیت اور وائرس کی نئی اقسام منظر عام پر آنے کے بعد پیدا ہونے والی پیچیدگیوں نے حکام کو اپنے فیصلے پر غور کرنے پر مجبور کردیا۔

سرکاری میڈیا آفس سے اس حوالے سے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے تبصرے سے گریز کیا۔

گزشتہ سال حج کے لیے غیرملکی زائرین کی سعودی عرب آمد پر پابندی عائد کردی گئی تھی اور مملکت کی جدید تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا تھا اور سعودی عرب کے شہریوں اور چند مقامی افراد کو حج کی اجازت دی گئی تھی۔

عالمی سطح پر 35 ممالک میں کووڈ-19 کے انفیکشن اب بھی بڑھ رہے ہیں اور ابھی تک کم از کم 15 کروڑ 35 لاکھ 8 ہزار افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور 33لاکھ 51 ہزار سے زائد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: 'حج کے دوران خانہ کعبہ کو چھونے کی اجازت نہیں ہوگی'

بھارت میں اس وقت دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات رپورٹ ہو رہی ہیں اور ایک محتاط اندازے کے مطابق دنیا میں ہونے والی چار اموات میں سے ایک موت بھارت میں ہوتی ہے۔

دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین وائرس کی منتقلی کا گڑھ بن سکتی ہے اور ماضی میں کچھ نمازی اور عازمین سانس اور دیگر بیماریوں کے ساتھ اپنے ملک واپس لوٹے تھے۔

رواں سال فروری میں سعودی حکومت نے نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سفارت کاروں، سعودی شہریوں، طبی ماہرین اور ان کے اہل خانہ کے سوا 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کے مملکت میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: حج کے دوران خانہ کعبہ میں تنہا عبادت کرنے والی خوش نصیب خاتون

یہ پابندی اب بھی برقرار ہے اور جن ممالک کے عوام پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں متحدہ عرب امارات، جرمنی ، امریکا، برطانیہ، جنوبی افریقہ، فرانس، مصر، لبنان، ہندوستان اور پاکستان شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024