اینڈرائیڈ کا نیا فیچر جو آپ کو احمق نظر آنے سے بچائے گا
گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ فونز کے لیے ایک ایسا فیچر متعارف کرایا جارہا ہے جو آپ کو احمق نظر آنے سے بچائے گا۔
آپ نے متعدد ایسی مضحکہ خیز ویڈیوز دیکھی ہوں گی جن میں کوئی فرد گلی میں فون دیکھتا ہوا چل رہا ہے اور سیدھا کھمبے سے ٹکرا جاتا ہے یا ہوسکتا ہے کہ یہ ویڈیو نہ ہو بلکہ آپ کے ساتھ ہی ایسا ہوچکا ہو۔
تو گوگل کی خواہش ہے کہ وہ آپ کو اس طرح کی مضحکہ خیز ویڈیوز کا نیا اسٹار نہ بننے دے یا گاڑیوں، بائیکس یا راہ گیروں سے ٹکر سے بچا سکے۔
اس مقصد کے لیے اینڈرائیڈ فونز میں ایک نی فیچر ہیڈز اپ متعارف کرایا جارہا ہے۔
اس فیچر کو ٹرن آن کرنے پر فون اس وقت الرٹس کے ذریعے آپ کو یاد کرائے گا کہ سر سیدھا رکھ کر چلیں، جب آپ چلتے ہوئے فون کا استعمال کررہے ہوں گے۔
یہ فیچر اس وقت گوگل پکسل فونز میں متعارف کرایا جارہا ہے اور جلد دیگر اینڈرائیڈ فونز کا حصہ بھی بن جائے گا۔
اس کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو ہر وقت اپنی لوکیشن کی معلومات کی ایپ پرمیشن دینا ہوگی۔
یہ نیا فیچر گوگل کے ڈییٹل ویب بینگ پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد صارفین کی شخصیت اور صحت کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
اس سے قبل گوگل کی جانب سے ایسا ڈیش بورڈ متعارف کرایا گیا تھا جس میں صارف کی ایپس استعمال کرنے کی عادات مکمل تفصیلات موجود ہوتی ہیں۔
جیسے کتنی بار کسی ڈیوائس کو ان لاک کیا گیا، کتنے نوٹیفکیشن ملے اور ایپس پر کتنا وقت لگایا۔ اسی طرح یوٹیوب پر مکمل واچ ٹائم کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
اس کا مقصد صارف کو مخصوص ایپس کے لیے استعمال کا وقت طے کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔