• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

واشنگٹن کی پابندیوں کے جواب میں 10 امریکی سفارت کاروں کو ملک بدر کیا جائے گا، روس

شائع April 17, 2021
—فائل فوٹو: اے پی
—فائل فوٹو: اے پی

امریکا کی جانب سے روسی سفارتکاروں پر پابندی کے بعد توقع ہے کہ جلد روس بھی امریکی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سیرگی لاوروف نے کہا کہ ماسکو امریکی پابندیوں کے رد عمل کے طور پر 10 امریکی سفارتکاروں کو روس چھوڑنے کا حکم دے گا۔

انہں نے مزید کہا کہ ماسکو اپنی پابندیوں کی فہرست میں 8 امریکی عہدیداروں کو شامل کرے گا اور امریکی غیر سرکاری تنظیموں کی سرگرمیوں کو روس کی سیاست میں مداخلت سے روکنے کے لیے اقدامات کرے گا۔

مزیدپڑھیں: صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد بائیڈن کا روسی ہم منصب سے پہلا ٹیلی فونک رابطہ

انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ روس میں امریکی کاروبار کے خلاف تکلیف دہ اقدامات اٹھائے جائیں گے لیکن ایسا فوری طور پر نہیں ہوگا۔

امریکا نے جمعرات کے روز 10 روسی سفارت کاروں، درجنوں کمپنیوں اور لوگوں کو ملک بدر کرنے کا حکم دیا تھا اور روس کے قرض لینے کی صلاحیت پر بھی نئی پابندی عائد کردی تھی۔

سیاسی ماہرین نے پیشن گوئی کی تھی کہ ماسکو یقینی طور پر جوابی ردعمل کا اظہار تو کرے گا لیکن کشیدگی سے بچنے کے لیے کسی بھی دوسرے اہم اقدام سے باز رہے گا۔

روسی صدر ولادمیر پیوٹن کی معاون خصوصی برائے خارجہ پالیسی یوری عشاکوف نے امریکی سفیر جان سلیوان کو روسی ردعمل کے حوالے سے آگاہ کرنے کے لیے دعوت دی تھی لیکن کریملن کی جانب سے اس کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

چند روز قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے گزشتہ برس ہونے والے صدارتی انتخاب میں مداخلت اور وفاقی ایجنسیز کی ہیکنگ کے الزام میں روس پر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد بائیڈن کا روسی ہم منصب سے پہلا ٹیلی فونک رابطہ

انتظامیہ کی جانب سے کئی ہفتوں تک محیط یہ اقدامات، ہیکنگ کے الزام میں کریملین کے خلاف پہلے مزاحمتی ردعمل کی نشاندہی کرتے ہیں، جسے سولر ونڈز بریچ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

اس مداخلت کے حوالے سے مانا جاتا ہے کہ روسی ہیکرز نے وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والے سافٹ ویئر کو وائرس پر مبنی کوڈ سے متاثر کیا تھا جس کے نتیجے میں انہوں نے امریکی ایجنسیز کے نیٹ ورکس تک رسائی حاصل کی۔

اس ہیک کے علاوہ گزشتہ ماہ امریکی حکام نے الزام لگایا تھا کہ روسی صدر ولادمیر پیوٹن نے بطور صدر دوبارہ انتخاب میں حصہ لینے والے ڈونلڈ ٹرمپ کی ناکامی پر ان کی مدد کے لیے اثر و رسوخ پر مبنی آپریشنز کی اجازت دی تھی تاہم اس کے کوئی شواہد نہیں کہ روس یا کسی اور نے ووٹوں کو تبدیل کیا یا نتائج میں کوئی رد و بدل کیا۔

تاہم روس نے ان تمام کارروائیوں کے الزامات کو مسترد کیا تھا اور جوابی کارروائی سے خبردار کیا تھا۔

اعلان میں 6 روسی کمپنیوں پر پابندیاں بھی شامل ہیں جو ملک کی سائبر سرگرمیوں میں تعاون کرتی ہیں۔

ان پابندیوں کے ساتھ ساتھ 32 افراد اور اداروں پر پابندی عائد کی گئی ہے جن پر گزشتہ برس کے صدارتی انتخاب میں مداخلت سمیت گمراہ کن معلومات پھیلانے کا الزام شامل تھا۔

مزیدپڑھیں: امریکا کا چین اور روس پر وائرس کی سازشوں میں ’ہم آہنگی‘ کا الزام

وائٹ ہاؤس نے یہ بھی کہا تھا کہ جو بائیڈن ان رپورٹس کے جواب میں سفارتی، فوجی اور انٹیلی جنس چینلز کا استعمال کر رہے تھے کہ 'روس نے انٹیلی جنس کمیونٹی کے 'بہترین اندازوں' کی بنیاد پر افغانستان میں امریکی اور اتحادی فوجیوں پر حملہ کرنے کے لیے طالبان کی حوصلہ افزائی کی تھی'۔

مذکورہ پابندیوں کے اعلان کے بعد، روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے خبردار کیا تھا کہ 'اس طرح کا جارحانہ سلوک بلا شبہ انتقام کے عزم کو متحرک کردے گا'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024