• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستان سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹ سے کامیاب، سیریز بھی 1-3 سے جیت لی

شائع April 16, 2021 اپ ڈیٹ April 17, 2021
پاکستان کے خلاف آخری ٹی20 میچ میں جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہو گئی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
پاکستان کے خلاف آخری ٹی20 میچ میں جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہو گئی— فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان نے فخر زمان کی جارحانہ نصف سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو چوتھے ٹی20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-3 سے فتح حاصل کر لی۔

سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر ایک مرتبہ پھر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو انہیں پہلا اور سب سے بڑا نقصان اس وقت پہنچا جب گزشتہ تینوں میچوں میں نصف سنچری بنانے والے ایڈن مرکرم صرف 11 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی وکٹ بن گئے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد جینمن ملان کا ساتھ دینے راسی وین ڈر ڈوسن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 57 رنز کی شراکت قائم کی جو جنوبی افریقی اننگز کی سب سے بڑی شراکت ثابت ہوئی، ملان 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ڈوسن نے کپتان ہنری کلاسن کے ساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی اور اسکور کو 109 تک پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پر کلاسن اور پھر 52 رن بنانے والے ڈوسن بھی چلتے بنے۔

ان دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم سنبھل نہ سکی اور وقتافوقتاً وکٹیں گنواتی رہی اور اننگز کے آخری اوور میں 144 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور فہیم اشرف تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسری ہی گیند پر محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تاہم اس کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے عمدہ شراکت سے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے 91 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور پاکستان کی جیت راہ ہموار کردی، فخر زمان 34 گیندوں پر 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔

فخر کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر بھی 23 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔

اس موقع پر پاکستان کو 10 اوورز میں فتح کے لیے 47 رنز درکار تھے اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ گرین شرٹس باآسانی فتح حاصل کرلیں گے لیکن مڈل آرڈر بلے بازوں کے غیرذمے دارانہ کھیل نے آسان فتح کو بھی محال بنا دیا۔

حفیظ 10، حیدر علی 3، آصف علی 5 اور فہیم 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کو آخری 10 گیندوں پر فتح کے لیے 16 رنز درکار تھے لیکن محمد نواز نے اختتامی لمحات میں دو چھکے لگا کر پاکستان کو ایک گیند قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اس میچ میں پاکستان نے 3 وکٹوں سے فتح حاصل کی اور سیریز بھی 1-3 سے اپنے نام کر لی۔

سیریز میں فتح کے بعد قومی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو بشکریہ پی سی بی
سیریز میں فتح کے بعد قومی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو بشکریہ پی سی بی

فہیم اشرف کو 17 رنز کے عوض تین وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ بابر اعظم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، فخر زمان، حیدر علی، محمد رضوان، محمد حفیظ، آصف علی، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف۔

جنوبی افریقہ: ہنری کلاسن(کپتان)، جینمن ملان، ایڈن مرکرم، راسی وین ڈر ڈوسن، بجورن فورٹوئن، جیارج لنڈے، ایندائل فلکوایو، سیسانڈا مگالا، ویان ملڈر، لیزاڈ ولیمز اور تبریز شمسی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024