• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 5 ہزار 234 افراد متاثر، 83 انتقال کر گئے

شائع April 2, 2021
ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 6 لاکھ 78 ہزار 165 افراد متاثر ہو چکے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 6 لاکھ 78 ہزار 165 افراد متاثر ہو چکے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے خاص کر پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں صورتحال خاصی پریشان کن ہوتی جارہی ہے۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 5 ہزار 234 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور 83 مریض انتقال کر گئے۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے کورونا کیسز کی یہ تعداد 19 جون کے بعد سے سب سے زیادہ ہے جب ایک روز کے دوران 6 ہزار 604 کیسز سامنے آئے تھے۔

وائرس کی تشخیص کے لیے یکم اپریل کو مجموعی طور پر 50 ہزار 170 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 10.4 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 56 ہزار 347 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 6 لاکھ 78 ہزار 165 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 14 ہزار 613 زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید ایک ہزار 931 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 7 ہزار 205 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ جاری ہے۔

تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ زیادہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں آج 2 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کے کیسز سے متعلق رپورٹ کچھ یوں ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 772 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 58 مریض دم توڑ گئے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 25 ہزار 953 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 485 تک پہنچ گئی ہے۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 237 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 917 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 2 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 504 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی بیماری کا پھیلاؤ شدت اختیار کر گیا ہے اور یہاں گزشتہ روز ایک ہزار 156 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 19 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 89 ہزار 255 ہے جبکہ 2 ہزار 382 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور ایک مریض دم توڑ گیا۔

صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 610 کیسز اور 209 اموات سامنے آئی ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 844 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 59 ہزار 401 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 572 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 179 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 3 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔

آزاد کشمیر میں اب تک 12 ہزار 984 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 358 افراد وفات پاچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز 12 نئے کیسز رپورٹ ہوئے یوں مجموعی کیسز 5 ہزار 45 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024