لینووو ایک اور گیمنگ اسمارٹ فون متعارف کرنے کیلئے تیار
جدید دور میں اسمارٹ فون گیمنگ زیادہ مقبول ہوتی جارہی ہے جس کے باعث گیمنگ سے وابستہ نئے فونز متعارف کرانے کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔
ایسوس آر او جی فون 5، بلیک شارک سمیت مختلف گیمنگ فونز نے اسمارٹ فون گیمنگ مارکیٹ پر بہت زیادہ اثرات مرتب کیے ہیں۔
اور اب لینوو نے لیگیون ٹو پرو گیمنگ اسمارٹ فون اگلے ماہ اپریل میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
لینووو کے اس نئے فون سے متعلق اعلان خود کمپنی نے سوشل میڈیا سائٹ ویبو کے پیج پر کیا۔
موبائل کمپنی نے ایک ٹیزر میں لکھا کہ 'ایک ہیرو ان مسائل کے حل کے لیے آرہا ہے جو دیگر حل نہیں کرسکتے'۔
یہ امکان ہے کہ لیگیون ٹو پرو گیمنگ اسمارٹ فون بھی لینووو لیگیون فون جتنا اثر قائم کرسکے جو اپنے کیمرا کے منفرد ڈیزائن اور بیک وقت اسٹریمنگ اور گیمنگ فیچر کے باعث جانا جاتا تھا۔
کچھ ٹیزرز کے مطابق لینووو کا آنے والا نیا گیمنگ ٹربو کولنگ سسٹم سے لیس ہوگا جس میں ڈیوائس میں 2 فزیکل فینز بھی نصب ہوں گے۔
یہ کہا جارہا ہے کہ ایسا پہلی مرتبہ ہوگا کہ کسی گیمنگ فون میں فزیکل فینز بھی موجود ہوں گے۔
لیگیون ٹو پرو فون میں 16 جی بی ریم، اسنیپ ڈریگن 888 آپریٹنگ سسٹم اور 110 واٹ سپر فاسٹ چارجنگ کے فیچرز بھی موجود ہوں گے۔
لینووو کے اس نئے گیمنگ اسمارٹ فون کے دیگر فیچرز 8 اپریل کو سامنے آئیں گے ۔