• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:41pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:41pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:41pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:41pm

ملک میں 9 ماہ بعد یومیہ کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ، 4 ہزار 468 افراد متاثر

شائع March 27, 2021
ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 49 ہزار 824 ہو گئی ہے—فائل فوٹو: ڈان آرکائیو
ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 49 ہزار 824 ہو گئی ہے—فائل فوٹو: ڈان آرکائیو

پاکستان میں کورونا کیسز میں روز بروز اضافہ جاری ہے جبکہ ہیلتھ ورکرز اور 60 سال سے معمر افراد کی ویکسینیشن کے ساتھ ساتھ اب 50 سال سے معمر افراد کی ویکسینیشن کے لیے 30 مارچ سے رجسٹریشن کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

کووِڈ 19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ویب سائٹ کے مطابق 21 جون 2020 کے بعد پہلی مرتبہ ملک میں گزشتہ روز 4 ہزار 400 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 468 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور 67 مریض انتقال کر گئے۔

وائرس کی تشخیص کے لیے 25 مارچ کو مجموعی طور پر 44 ہزار 279 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 10.09 فیصد رہی اور فعال کیسز بھی 42 ہزار384 تک جا پہنچے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 49 ہزار 824 ہو گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد بھی 14 ہزار 158 تک پہنچ گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 137مزید مریض صحتیاب بھی ہوئے اور اب تک صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 93 ہزار 282 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں۔

دریں اثنا ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ زیادہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں آج 27 مارچ کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کے کیسز سے متعلق رپورٹ کچھ یوں ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 330 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 48 اموات ہوئیں۔

پنجاب میں اب تک مجموعی کیسز 2 لاکھ 10 ہزار 95 ہو چکے ہیں جبکہ اب تک 6 ہزار 190 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں ابھی تک صورتحال نسبتاً بہتر ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 293 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 64 ہزار 355 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزیدایک مریض انتقال کر گیا ، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 487 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی بیماری کا پھیلاؤ شدت اختیار کر گیا ہے اور کئی ماہ بعد یہاں 953 نئے کیسز سامنے آئے اور 14 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک کیسز کی مجموعی تعداد 83 ہزار 630 ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 2 ہزار 274 اموات ہوئیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں کئی روز کے بعد یومیہ کیسز کی تعداد ایک مرتبہ پھر تھوڑی سی بڑھتی ہوئی دکھائی دی اور 26 کیسز سامنے آئے۔

صوبے میں مزید کسی مریض کا اس وبا کے باعث انتقال نہیں ہوا اور اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 453 کیسز جبکہ 205 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 709 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید2 مریض انتقال کر گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک 55 ہزار 56 افراد وائرس کا شکار بنے اور 557 انتقال کر گئے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 150 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔

آزاد کشمیر میں اب تک 12 ہزار 245 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 342 افراد وفات پاچکے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز 7 نئے کیسز رپورٹ ہوئے یوں مجموعی کیسز 4 ہزار 990 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025