• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پاکستان کی پہلی ٹی وی میزبان کنول نصیر انتقال کر گئیں

شائع March 26, 2021
پی ٹی وی پر کنول نصیر سب سے پہلے دکھائی دی تھیں—فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
پی ٹی وی پر کنول نصیر سب سے پہلے دکھائی دی تھیں—فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

پاکستان کی پہلی ٹی وی میزبان کا اعزاز رکھنے والی ریڈیو اناؤنسر کنول نصیر کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد 70 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

کنول نصیر ریڈیو اور ٹی وی سے 5 دہائیوں سے زائد عرصہ وابستہ رہیں، انہوں نے محض 17 برس کی عمر میں کیریئر کا آغاز کیا۔

کنول نصیر، پاکستان کی وہ پہلی خاتون تھیں جنہوں نے 26 نومبر 1964 کو معروف میزبان طارق عزیز کے ہمراہ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر پہلی بار میزبانی کے فرائض سر انجام دیے تھے۔

کنول نصیر نے پی ٹی وی پر پہلی بار یہ اعلان کیا تھا کہ ’یہ پاکستان ٹیلی وژن ہے‘، ان کے ساتھ طارق عزیز کو پہلے مرد ٹی وی میزبان ہونے کا اعزاز حاصل رہا۔

کنول نصیر کچھ عرصے سے ذیابطیس کے مرض میں مبتلا تھیں اور انہیں چند دن قبل ہی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق کنول نصیر کو تین دن قبل اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ 25 مارچ کو فانی دنیا سے رخصت ہوئیں۔

کنول نصیر نے سوگواران میں ایک بیٹا اور تین بیٹیاں چھوڑی ہیں، وہ معروف آرٹسٹ و براڈ کاسٹر موہنی حمید کی بیٹی تھیں۔

کنول نصیر کو جہاں پہلی خاتون ٹی وی میزبان کا اعزاز حاصل ہے، وہیں انہیں کئی سال تک ٹی وی اور ریڈیو کی میزبان رہنے کا اعزاز بھی حاصل رہا اور انہیں ان کی خدمات پر سرکاری ایوارڈز سمیت دیگر ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

کنول نصیر کے انتقال پر متعدد شوبز، سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024