• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

نیب کو عمران خان کی ڈوبتی کشتی کو بچانے کا موقع نہیں دیں گے، مریم نواز

شائع March 24, 2021
مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہی ہیں— فوٹو: ڈان نیوز
مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہی ہیں— فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نیب کو عمران خان کی ڈوبتی کشتی کو بچانے اور سیاسی انجینئرنگ کا موقع فراہم نہیں کیا جائے گا۔

لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے اظہار یکجہتی کے طورپر نیب جانے کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں: نیب کو مریم نواز کی گرفتاری سے روک دیا گیا، عبوری ضمانت 12 اپریل تک منظور

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ آگے کیسے بڑھنا ہے اس کا لائحہ عمل پاکستان ڈیمو کریٹک (پی ڈی ایم) خود طے کرے گی اور عوام کی توقعات کے مطابق فیصلے کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان گھر نہ جارہے ہوتے تو مریم نواز کو نیب بلانے کی ضرورت نہ پڑتی، نیب کو تاریخ میں پہلی بار ریڈ زون قرار دیا گیا، جو ان کی شکست کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کو ریڈ زون قرار دینے کا مطلب نہتی عورت سے ان کا خوفزدہ ہونا ہے اور حکومت نواز شریف اور عوام کے خوف سے تھر تھر کانپ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے مریم نواز کو ایک اور کیس میں طلبی کا نوٹس بھیج دیا

مریم نواز نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں کوئی اختلافات نہیں ہیں البتہ کچھ نکات پر اتفاق ہے، پیپلز پارٹی الگ پارٹی ہے اور ان کی اپنی حکمت عملی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، بلاول کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، میں نوازشریف کی بیٹی ہوں اور رواداری کی سیاست کو خوب نبھانا جانتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو نیب کے علاوہ سب چلا رہے ہیں، نیب کا مجھ پر سیاسی مقدمہ ہے اور مجھ پر انتقامی مقدمہ بنایا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی کشتی ڈوب رہی ہے تو نیب کو اس ڈوبتی کشتی کو بچانے اور سیاسی انجینئرنگ کا موقع نہیں دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنا انتقام ہونا تھا ہو گیا اور ہم نے امتحان اور صبر سے حکومت کو بے نقاب کیا ہے، ہمیں حکومتی انتقام کو روکنا اور اس کا مقابلہ کرنا ہے، اس بار میں حکومت کے لیے آسان شکار ثابت نہیں ہوں گی۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے نیب کو مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کو 12 اپریل تک گرفتاری سے روک دیا ہے۔

مزید پڑھیں: موجودہ اپوزیشن عمران خان کیلئے چیلنج نہیں، سہولت کار ہے، شیخ رشید

مریم نواز نے جاتی امرا اراضی کیس میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے 12 اپریل تک عبوری ضمانت حاصل کرلی۔

یاد رہے کہ نیب نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کو اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی سے متعلق کیس میں تحقیقات کے لیے 26 مارچ کو طلب کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024