• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

بیٹی کے بوائے فرینڈ سے متعلق بیان کی شاہ رخ کی پرانی ویڈیو وائرل

شائع March 16, 2021
سہانا خان کو والد کا ہم شکل بھی کہا جاتا ہے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
سہانا خان کو والد کا ہم شکل بھی کہا جاتا ہے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

بولی وڈ ’بادشاہ‘ شاہ رخ خان یوں تو اپنی فلموں اور بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں تاہم ان دنوں بھارتی میڈیا میں ان کی ایک پرانی ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے۔

شاہ رخ خان کی جانب سے چند سال قبل ’کافی ود کرن‘ میں کہی گئی بات کی ایک مختصر دورانیے کی ویڈیو بھارتی سوشل میڈیا اور ویب سائٹس پر خوب وائرل ہو رہی ہے، جس میں کنگ خان کو بیٹی کے بوائے فرینڈ سے متعلق بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

’کافی ود کرن‘ کی وائرل ہونے والی مذکورہ ویڈیو 2016 کی اس وقت کی ہے، جب وہ اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ شو میں شریک ہوئے تھے۔

اسی سال شاہ رخ خان اور عالیہ بھٹ کی سائیکولاجیکل رومانٹک فلم ’ڈیئر زندگی‘ بھی ریلیز ہوئی تھی۔

مذکورہ شو میں شاہ رخ خان نے عالیہ بھٹ کے ساتھ ’ڈیئر زندگی‘ میں کام کرنے سمیت شوبز مسائل اور بیٹی سے متعلق کرن جوہر کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیے تھے۔

وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں شاہ رخ خان بتاتے ہیں کہ عالیہ بھٹ کے ساتھ کام کرنے کے دوران انہیں ایسا لگا کہ وہ کسی بچی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ووگ میگزین پر سہانا خان کا ڈیبیو

اسی شو میں عالیہ بھٹ نے بتایا کہ ان کی عمر 23 برس ہے، اس وجہ سے وہ 50 سال سے زائد عمر کے شاہ رخ خان کو بچی کی طرح دکھیں۔

اداکارہ نے اسی شو میں کم عمری میں محبت اور پہلی بار بوائے فرینڈ سے تعلقات پر بھی بات کی اور انکشاف کیا کہ انہوں نے 23 سال کی عمر تک تین بوائے فرینڈز کے ساتھ مختلف اوقات میں وقت گزارا۔

عالیہ بھٹ نے بتایا کہ جب وہ 16 سال کی تھیں تب انہوں نے پہلی بار کسی لڑکے سے دوستی کی تھی اور انہوں نے پہلی بار 16 برس کی عمر میں بوائے فرینڈ کو ’بوسہ‘ دیا تھا۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ کی بیٹی سہانا خان کی تصاویر سوشل میڈیا پر زیر بحث

عالیہ بھٹ نے جب بتایا کہ انہوں نے 16 برس کی عمر میں پہلی بار لڑکے کے ساتھ دوستی کی تو کرن جوہر نے شاہ رخ خان سے سوال کیا کہ ان کی بیٹی سہانا خان بھی 16 برس کی ہیں اور اگر وہ کسی لڑکے سے دوستی رکھتی ہیں اور لڑکا انہیں ’بوسہ‘ دیتا ہے تو وہ بطور والد کیا کریں گے؟

شاہ رخ خان کو بیٹی کے علاوہ بیٹے آریان اور ابراہم خان بھی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شاہ رخ خان کو بیٹی کے علاوہ بیٹے آریان اور ابراہم خان بھی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کرن جوہر بولی وڈ خان کو بولتے ہیں کہ کیا وہ لڑکے کو قتل کردیں گے؟ جس پر شاہ رخ خان ہنستے ہوئے بولتے ہیں کہ نہیں وہ لڑکے کو قتل تو نہیں کریں گے لیکن ان کے ہونٹ پھاڑ دیں گے۔

شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ ان کی بیٹی جوان ہیں تاہم ان دونوں کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور وہ بطور والد ان پر نظر بھی رکھتے ہیں۔

مذکورہ ویڈیو میں کرن جوہر اور عالیہ بھٹ نے اعتراف کیا کہ شاہ رخ خان نہ صرف پیار کرنے والے والد ہیں بلکہ وہ اپنے بچوں اور اہل خانہ کی حفاظت کے لیے ان پر نظر بھی رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس وقت شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کی عمر 22 برس سے زائد ہے اور اگرچہ وہ تاحال فلموں میں نہیں آئیں لیکن وہ ماڈلنگ کا کیریئر شروع کر چکی ہیں جب کہ وہ سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہتی ہیں اور آئے دن ان کی تصاور سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024