• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اقربا پروری ساتھ لے کر پیدا ہوئی، کہا گیا زندگی کے قابل نہیں، جھانوی کپور

شائع March 11, 2021
جھانوی کپور نے 2018 کی فلم دھڑک سے اداکاری کا آغاز کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
جھانوی کپور نے 2018 کی فلم دھڑک سے اداکاری کا آغاز کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ فلم ساز بونی کپور اور آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی اداکارہ جھانوی کپور نے کہا ہے کہ ان کے لیے اقربا پروری کے الزامات نئی بات نہیں، ایک طرح سے وہ اقربا پروری کے ساتھ ہی پیدا ہوئیں اور پلی بڑھیں۔

’دھڑک‘ سے فلمی دنیا میں انٹری دینے والی جھانوی کپور کے مطابق انہیں اب اس بات پر کوئی تعجب نہیں ہوتا کہ لوگ ان کی شخصیت کو ان کے کام کے حساب سے جانچنے کے بجائے ان کا نام فلمی خاندان سے جوڑ دیتے ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق نئی ریلیز ہونے والی فلم ’روحی‘ کے موقع پر جھانوی کپور نے ایک بار پھر اقربا پروری جیسے موضوع پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ انہیں کس طرح ایک فلمی خاندان سے تعلق ہونے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

جھانوی کپور کے مطابق ایک طرح سے وہ اقربا پروری کے ساتھ ہی پیدا ہوئی تھیں، جب وہ چھوٹی تھیں اور اسکول میں پڑھتی تھیں تب بھی استادوں کی جانب سے تعریف کیے جانے پر ساتھی طلبہ انہیں طعنہ دیتے تھے کہ وہ مشہور خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، اس وجہ سے استاد ان کی تعریف کر رہے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر وہ محنت کرکے امتحان میں اچھے نمبر لیتی تھیں، پھر بھی انہیں یہ طعنہ دیا جاتا کہ وہ مشہور خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، اس لیے انہیں زیادہ نمبر دیے گئے۔

جھانوی کپور کا کہنا تھا کہ جب وہ فلمی دنیا میں آئیں تب بھی انہیں اقربا پروری کے طعنے دیے گئے مگر اب انہیں ایسی باتوں پر کوئی فرق نہیں پڑتا اور انہوں نے یہ قبول کرلیا ہے کہ وہ ایک طرح سے اقربا پروری کے ساتھ ہی پیدا ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: سارہ علی خان اور جھانوی کپور میں سے کون بہتر اداکارہ؟

جھانوی کپور کے مطابق انہیں ان کی اداکاری کی وجہ سے نہیں پرکھا جاتا اور انہیں اپنی صلاحتیں دکھانے اور لوگوں کی رائے بدلنے کے لیے دگنی اور سخت محنت کرنی پڑتی ہے۔

آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی کے مطابق جب انہوں نے 2018 میں ’دھڑک‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تو، بہت سارے لوگوں نے ان کی تعریف کرنے کے بجائے انہیں اقربا پروری سے جوڑ دیا۔

جھانوی کپور فلم ساز بونی کپور و اداکارہ سری دیوی کی بڑی بیٹی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
جھانوی کپور فلم ساز بونی کپور و اداکارہ سری دیوی کی بڑی بیٹی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ تاہم دو سال بعد اب کچھ لوگوں کے خیالات میں تبدیلی آئی ہے اور ’گجن سکسینا‘ و ’گھوسٹ اسٹوریز‘ سمیت دیگر فلموں میں ان کے کام کو دیکھ کر لوگوں کی ان سے متعلق رائے تبدیل ہوئی ہے اور انہیں یقین ہے کہ مستقبل میں ان کے حالات اور بھی بہتر ہوں گے۔

جھانوی کپور نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس ایک عالمی جریدے نے ان سے متعلق ایک تعریفی مضمون شائع کیا تھا مگر اس پر بھارت میں بہت تنقید کی گئی اور لوگوں نے انہیں ’خودکشی‘ کرنے کے پیغامات تک بھیجے۔

جھانوی کپور کے مطابق ان دنوں میں اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی کی وجہ سے بھارتی لوگ برہم تھے، اسی وجہ سے لوگوں نے ان کے خلاف بھی غصے اور نفرت سے بھرپور کمنٹس کیے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کے لیے لکھا گیا کہ وہ زندگی کے قابل نہیں، اسے خودکشی کرلینی چاہیے۔

جھانوی کپور نے بتایا کہ نفرت انگیز کمنٹس پڑھنے کے بعد انہیں صدمہ ملا تاہم انہیں شروع سے ہی نفرت بھرے رویوں کو بھلا دینے کا ہنر آتا ہے۔

خیال رہے کہ بولی وڈ میں جھانوی کپور کے علاوہ سارا علی خان، ورون دھون، سونم کپور، کرینا کپور، اننیا پانڈے، ارجن کپور، سوناکشی سنہا اور عالیہ بھٹ سمیت کئی اداکاروں کا تعلق فلمی خاندانوں سے ہیں اور ان اداکاروں کو اقربا پروری کی پیداوار کے طعنے بھی دیے جاتے ہیں۔

دنیا کی دیگر فلم انڈسٹریز کی طرح بولی وڈ میں بھی اقربا پروری پر گزشتہ چند سال سے بحث جاری ہے اور متعدد اداکار یہ واضح بھی کر چکے ہیں کہ اگرچہ ان کا تعلق فلمی خاندان سے ہے مگر یہ کہنا بلکل غلط ہے کہ ان میں کوئی اہلیت نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024