• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب منظور وٹو کورونا سے متاثر

شائع March 10, 2021
میاں منظور وٹو اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ میں چلے گئے — فائل فوٹو / پیپلز پارٹی
میاں منظور وٹو اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ میں چلے گئے — فائل فوٹو / پیپلز پارٹی

قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب منظور وٹو کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ 'میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے، دو تین دنوں سے ہلکا بخار اور سر میں درد تھا، آپ سب سے اپنی خاص دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست ہے۔'

انہوں نے عوام سے ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'براہِ کرم کورونا کی اس تیسری لہر کو سنجیدگی سے لیں اور خاص طور پر اپنے بزرگوں کو ویکسین لازمی لگوائیں۔'

یہ بھی پڑھیں: اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کورونا وائرس سے متاثر

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما میاں منظور وٹو کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وٹو ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'میاں منظور احمد وٹو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، جس کے بعد وہ اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔'

واضح رہے کہ ملک میں متعدد سیاست دان بشمول وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر سندھ عمران اسمٰیل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے سیاست دانوں میں شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: وفاقی وزیر اسد عمر بھی کورونا سے متاثر ہونے والے سیاستدانوں میں شامل

گزشتہ برس سامنے آنے والے اس مہلک وائرس سے کئی سیاست دان اپنی زندگی بھی گنوا بیٹھے جن میں بلوچستان کے سابق گورنر سید فیصل آغا، مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر کلثوم پروین، پی ٹی آئی پنجاب کی ایم پی اے شاہین رضا، سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ، رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور پی ٹی آئی کے جمشدالدین کاکاخیل و دیگر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوکر گزشتہ برس نومبر میں انتقال کرگئے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کورونا کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید ایک ہزار 786 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 95 ہزار 239 ہوگئی۔

اسی طرح ملک میں مزید 43 افراد اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے اور ان کے انتقال کے بعد ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 324 تک پہنچ گئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024