• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اسلام آباد: شہید ہیڈ کانسٹیبل کی تدفین، نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

شائع March 8, 2021
مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں زخمی سب انسپکٹر محمد جمیل کی مدعیت میں درج کیا گیا
---فوٹو: اسلام پولیس ٹوئٹر اکاؤنٹ
مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں زخمی سب انسپکٹر محمد جمیل کی مدعیت میں درج کیا گیا ---فوٹو: اسلام پولیس ٹوئٹر اکاؤنٹ

اسلام آباد میں تھانہ گولڑہ کی حدود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل قاسم کی تدفین کردی گئی جبکہ پولیس پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

فراہم کردہ معلومات کے مطابق مقدمے میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں اور مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں زخمی سب انسپکٹر محمد جمیل کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

واضح رہے گزشتہ رات تقریباً 10 بجے سیکٹر جی 13 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پیٹرولنگ پر تعینات اہلکار زخمی ہوگئے تھے جنہیں یمز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ہیڈ کانسٹیبل قاسم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او جاں بحق

واقعے سے متعلق درج ایف آئی آر کے مطابق سب انسپکٹر محمد جمیل نے بیان دیا کہ میں، شہید ہیڈ کانسٹیبل قاسم اور کانسٹیبل قیصر پیٹرولنگ ڈیوٹی پر تھے اور کنٹینر چوک پر سرچنگ کے لیے گاڑی روکی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ’اس دوران 10 بجکر 25 منٹ پر دو موٹر سائیکل سوار نے پیچھے سے آکر ہم پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے‘۔

مقدمے کے مدعی نے بیان دیا کہ موٹر سائیکل چلانے والے درمیانہ اور پیچھے بیٹھے شخص کا بھاری جسم تھا۔

سب انسپکٹر محمد جمیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہمیں منصوبہ بندی کر کے نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں اور کانسٹیبل قیصر ملزمان کو سامنے آنے پر شناخت کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ شہید ہیڈ کنسٹیبل محمد قاسم کی تدفین پورے اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں للیانی ضلع سرگودھا میں کردی گئی۔

اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ شہید ہیڈ کانسٹیبل قاسم کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکواٹرز میں ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز سمیت سینئر افسران و پولیس ملازمین نے شرکت کی.

آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمٰن نے کہا کہ پولیس کا ہر افسر و جوان ملک وقوم کی خاطر ہمہ وقت جان نثار کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید ہیڈ کانسٹیبل نے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا ان کی اس قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے جبکہ شہید کی فیملی کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔

علاوہ ازیں آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمٰن نے سینئر افسران کے ہمراہ وقوعہ کا جائزہ لیا اور پمز ہسپتال میں زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی کے علاقے تھانہ سول لائنز میں مسلح موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) ریس کورس انسپکٹر میاں عمران جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق تھانہ سول لائنز کے علاقے میں ایکسائز آفس کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024