بل گیٹس بٹ کوائن کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں؟

شائع February 21, 2021
بل گیٹس — رائٹرز فائل فوٹو
بل گیٹس — رائٹرز فائل فوٹو

دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے بٹ کوائن اور دیگر ڈیجیٹل کرنسیوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے اور ایلون مسک کے مقابلے میں وہ اس جدت کے حامی نہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں بل گیٹس سے پوچھا گیا کہ دنیا میں ایسی کونسی ٹیکنالوجی ہے جس کے بغیر لوگ زندہ رہ سکتے ہیں اور ان کا جواب تھا کرپٹوکرنسی۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح آج کی دنیا میں کرپٹوکرنسی کام کرتی ہے، اس سے مخصوص مجرمانہ سرگرمیوں کا موقع ملتا ہے اور بہتر ہے کہ اس سے نجات حاصل کرلی جائے۔

تاہم انہوں نے مزید کہا کہ اس سوال کا زیادہ بہتر جواب حیاتیاتی ہتھیار ہوگا۔

انہوں نے کہا 'مجھے ممکنہ طور پر حیاتیاتی ہتھیاروں کے بارے میں کہنا چاہیے، وہ بہت بڑی چیز ہے، ہمیں اس قسم کی ٹیکنالوجی کی ضرورت نہیں'۔

ماضی میں بھی بل گیٹس کہہ چکے ہیں کہ بائیو ٹیررازم ایک بڑا خطرہ ہے اور انسانیت کے لیے بہت بڑا سانحہ ثابت ہوسکتا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کے ساتھ سی این بی سی کو بھی بل گیٹس نے ایک انٹرویو دیا۔

اس انٹرویو میں بل گیٹس سے کرپٹو کرنسی کے بارے میں موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں سوال پوچھا گیا، کیونکہ یہ ڈیجیٹل کرنسیاں بہت زیادہ توانائی استعمال کرتی ہیں۔

تاہم اس موقع پر بل گیٹس نے کہا کہ بٹ کوائن کے حوالے سے ان کا مؤقف 'غیرجانبدارانہ' ہے۔

انہوں نے کہا 'میرے پاس بٹ کوائن نہیں اور اس حوالے سے میرا نکتہ نظر غیرجانبدارانہ ہے'۔

انہوں نے مزید کہا 'بٹ کوائن اوپر اور نیچے جاسکتے ہیں کیونکہ اس کا انحصار کرنسی کے حوالے سے لوگوں کے خیالات پر ہے، اور میں پیششگوئی نہیں کرسکتا کہ یہ کس طرح پیشرفت کرے گی'۔

انہوں نے بتایا کہ گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے رقم کو ڈیجیٹل فارم میں منتقل کرنے پر کام کیا جارہا ہے، کیونکہ اس سے ترقی پذیر ممالک میں اخراجات کو کم کیا جاسکتا ہے، مگر ایسا عملی وجوہات کی وجہ سے کیا جائے گا'۔

بل گیٹس نے کہا کہ اس سے ہم ٹرانزیکشنز کو ریورس بھی کرسکیں گے، آپ کو معلوم ہوسکے گا کہ فنڈز کے ساتھ کیا ہورہا ہے، یہ ٹیکس سے بچنے یا غیرقانونی سرگرمی نہیں۔

خیال رہے کہ دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ اس کی جانب سے بٹ کوائن میں ڈیڑھ ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیجیٹل کرنسی کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بل گیٹس نے ایک انٹرویو میں ایلون مسک کو سراہا بھی تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایلون مسک نے ٹیسلا کے ساتھ جو کیا وہ زبردست ہے، ان کی کوششوں سے ثابت ہوا کہ الیکٹرک گاڑیاں بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلے کی روک تھام کا ایک حصہ ہوسکتی ہیں، ہمیں بہت سارے ایلون مسکس کی ضرورت ہے، انہیں اپنی کوششوں پر فخر ہونا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024