• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیراعظم کا ابوظبی کے ولی عہد سے ٹیلی فونک رابطہ، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

شائع February 6, 2021 اپ ڈیٹ February 7, 2021
انہوں نے کووڈ 19 اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی ایشوز پر بھی بات چیت کی—فوٹو: رائٹرز
انہوں نے کووڈ 19 اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی ایشوز پر بھی بات چیت کی—فوٹو: رائٹرز

وزیراعظم عمران خان نے ابوظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یو اے ای کے مابین موجودہ قریبی برادرانہ تعلقات پر اظہار خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا چینی صدر کو فون، کورونا وائرس سے نمٹنے میں مدد کی پیشکش

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور شیخ محمد بن زید النہیان نے کثیر الجہتی دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں انہوں نے کووڈ 19 اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی ایشوز پر بھی بات چیت کی۔

وزیراعظم عمران خان ا ور شیخ محمد بن زید النہیان نے دو طرفہ تعلقات میں اضافہ کے لیے قریبی طور کام کرنے اور کثیر الجہتی اداروں میں تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ ٹیلی فون کال ان رپورٹس کے تناظر میں ہوئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو دیا گیا ایک ارب ڈالر قرض مزید ایک سال کے لیے رول اوور کردیا ہے۔

خیال رہے کہ سال 2019 میں یو اے ای نے پاکستان کو زرِ مبادلہ کے ذخائر بہتر بنانے کے لیے 2 ارب ڈالر فراہم کیے تھے، ایک ارب ڈالر کا مزید قرض مارچ میں میچیور ہوگا اور اس کے بھی رول اوور ہونے کا امکان ہے۔

مزیدپڑھیں: یو اے ای کمپنی کے مایوس کرنے پر پاکستان نے 2 ایل این جی کارگو طلب کرلیے

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات جیوپولیٹکل پیش رفتوں کی وجہ سے گزشتہ برس سے ٹھنڈے گرم ہیں، یو اے ای نے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر گزشتہ برس نومبر سے پاکستان پر ویزا کی پابندیاں عائد کردی تھیں۔

اس کے علاوہ رپورٹس یہ بھی ہیں کہ پاکستانی تارکین وطن کو اپنے اجازت ناموں کی تجدید میں مشکلات اور کئی طرح کے امتیازی سلوک کا سامنا ہے اور کچھ پاکستانیوں کو اماراتی سیکیورٹی ایجنسیوں نے اٹھایا بھی ہے۔

تقریباً 12 لاکھ پاکستانی متحدہ عرب امارات میں کام کرتے ہیں جو سالانہ 5 ارب ڈالر کا زرِ مبادلہ وطن واپس بھیجتے ہیں۔

اس سے قبل ہونے والے ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ولی عہد محمد بن زید النہیان سے 700 پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے ابوظبی کے ولی عہد کو ٹیلی فون کیا تھا جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

مزیدپڑھیں: وزیر خارجہ کی متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم و نائب صدر سے ملاقات

علاوہ ازیں گزشتہ برس کے آغاز میں اماراتی ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا مختصر دورہ کیا تھا۔

شیخ محمد بن زید اور وزیراعظم عمران خان نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا تھا اور دونوں رہنماؤں نے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا۔

بعدازاں دسمبر میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے اپنے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زائد النہیان سے ملاقات کی تھی۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب کو یو اے ای میں موجود پاکستانی برادری کی مشکلات سے آگاہ کیا تھا اور ان کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات کے علاوہ متعدد شعبہ جات میں تعاون اور علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024