• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’ماؤنٹ ایورسٹ‘ کے بعد ثمینہ بیگ ’کے ٹو‘ سر کرنے کیلئے پرعزم

شائع January 23, 2021
ثمینہ بیگ دنیا کی تمام بلند چوٹیاں سر کرنے والی واحد پاکستانی بھی ہیں—فائل فوٹوؒ: ثمینہ بیگ فیس بک
ثمینہ بیگ دنیا کی تمام بلند چوٹیاں سر کرنے والی واحد پاکستانی بھی ہیں—فائل فوٹوؒ: ثمینہ بیگ فیس بک

دنیا کی بلند ترین چوٹی ’ماؤنٹ ایورسٹ‘ کو مئی 2013 میں سر کرنے والی پاکستانی کوہ پیما 30 سالہ ثمینہ بیگ اب دنیا کی دوسری اور پاکستان کی بلند ترین چوٹی ’کے ٹو‘ کو سر کریں گی۔

ڈان اخبار کے مطابق ثمینہ بیگ رواں برس مئی میں ’کے ٹو‘ کو سر کرنے کی مہم کا آغاز گلگت بلتستان کے شہر اسکردو سے کریں گی۔

ثمینہ بیگ کو ’کے ٹو‘ سر کرنے کے لیے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں موبائل سروسز فراہم کرنے والی کمپنی دی اسپیشل کمیونی کیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) معاونت فراہم کرے گی۔

ثمینہ بیگ نے زیادہ تر چوٹیاں بھائی کے ساتھ سر کی ہیں—فائل فوٹو: ثمنینہ بیگ فیس بک
ثمینہ بیگ نے زیادہ تر چوٹیاں بھائی کے ساتھ سر کی ہیں—فائل فوٹو: ثمنینہ بیگ فیس بک

’کے ٹو‘ کو سر کرنے کے لیے معاونت فراہم کرنے کے حوالے سے 22 جنوری کو ثمینہ بیگ اور ایس سی او کے درمیان راولپنڈی میں معاہدہ بھی ہوا۔

معاہدے کے موقع پر کمیونی کیشن آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل علی فرحان بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ثمینہ بیگ تمام بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون

معاہدے کے مطابق ثمینہ بیگ اپنی ٹیم کے ہمراہ ’کے ٹو‘ کو سر کرنے کی مہم کا آغاز مئی 2021 میں اسکردو سے شروع کریں گی۔

اگر ثمینہ بیگ ’کے ٹو‘ کی 8 ہزار 611 میٹر بلند پہاڑی سر کر لیتی ہیں تو وہ یہ کارنامہ سر انجام دینے والی نہ صرف پہلی مسلم خاتون ہوں گی بلکہ وہ پہلی پاکستانی خاتون بھی ہوں گی۔

گلگت بلتستان میں پیدا ہونے والی 30 سالہ ثمینہ بیگ نے 7 سال قبل 2013 میں محض 21 برس کی عمر میں دنیا کی سب سے بلند چوڑی ’ماؤنٹ ایورسٹ‘ سر کی تھی، جو 8 ہزار 849 میٹر بلند ہے۔

وہ ’ماؤنٹ ایورسٹ‘ سر کرنے والی بھی پہلی مسلمان اور پہلی پاکستانی خاتون بنی تھیں۔

ایس سی او کی جانب سے معاونت فراہم کرنے پر ثمینہ بیگ نے خوشی کا اظہار بھی کیا—فوٹو: ثمینہ بیگ فیس بک
ایس سی او کی جانب سے معاونت فراہم کرنے پر ثمینہ بیگ نے خوشی کا اظہار بھی کیا—فوٹو: ثمینہ بیگ فیس بک

علاوہ ازیں ثمینہ بیگ نے دنیا کے ساتوں براعظموں کی سات بلند ترین چوٹیوں کو بھی سر کرنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔

ثمینہ بیگ نے 27 جولائی جولائی 2014 میں اپنے بھائی مرزا علی کے ہمراہ براعظم یورپ کی بلند ترین چوٹی ماﺅنٹ البرز جو کہ 5642 میٹر بلند ہے، اسے سر کیا تھا۔

اس سے قبل انہوں نے بھائی کے ہمراہ تین جولائی 2014 کو ہی الاسکا میں 6168 میٹر بلند ماﺅنٹ میک کنلے کو سر کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ثمینہ بیگ کا پاکستانی خواتین کے ہمراہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا عزم

اسی طرح دونوں بہن و بھائی نے مارچ 2014 میں انڈونیشیا میں 4884 میٹر بلند ماﺅنٹ کارسٹینز کی چوٹی بھی پار کی تھی۔

جنوری 2014 میں ثمینہ بیگ نے انٹارکٹیکا کی بلند ترین چوٹی ماﺅنٹ ونسن اور پھر افریقی ملک تنزانیہ میں فروری 2014 میں 5895 میٹر بلند ماﺅنٹ کلمیخارو کو سر کیا تھا۔

دسمبر 2013 میں انہوں نے ارجنٹائن کی ماﺅنٹ آکون کوگیوا نامی جنوبی امریکہ کی سب سے بلند چوٹی کو سر کیا تھا، اس سے قبل مئی 2013 میں انہوں نے ماﺅنٹ ایورسٹ کو فتح کیا تھا۔

اور اب وہ پاکستان کی بلند ترین، ایشیا و دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سر کرنے کی مہم کا آغاز مئی 2021 کو شروع کریں گی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024