ورون دھون کی شادی کی تقریبات شروع
بولی وڈ ایکشن ہیرو ورون دھون اور فیشن ڈیزائنر نتاشا دلال کی شادی کی تقریبات کا آغاز ممبئی کے ساحلی علاقے علی باغ میں ہوگیا۔
ورون دھون اور نتاشا دلال کی شادی کی خبریں گزشتہ ہفتے سامنے آئی تھیں اور تین دن قبل ہی اداکار کے چچا نے بھی تصدیق کی تھی کہ ورون دھون 24 جنوری کو شادی کریں گے۔
اگرچہ تاحال واضح طور پر ورون دھون اور نتاشا دلال یا ان کے والدین نے شادی کی تقریبات شروع ہوجانے کی تصدیق نہیں کی، تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔
گزشتہ روز ہی بھارتی میڈیا میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ شادی کے لیے نتاشا دلال گھر سے علی باغ کے پرتعیش ریزورٹ منتقل ہوگئیں جبکہ دیگر مہمان بھی شادی کے مقام پر پہنچنا شروع ہوگئے۔
تاہم اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ ورون دھون اور نتاشا دلال کی شادی کی ابتدائی تقریبات شروع ہوگئی ہیں۔
شوبز ویب سائٹ بولی وڈ ہنگامہ کے مطابق نتاشا دلال اور ورون دھون کی شادی کی تقریبات 22 جنوری کی رات گئے ہی شروع ہوگئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریبات ساحلی علاقے علی باغ کے پرتعیش ریزورٹ میں شروع ہوئیں، جہاں پر مرکزی تقریب کی جگہ پر نصب سی سی ٹی وی کیمرا کو بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا جبکہ موبائل فون کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ورون دھون کی شادی کیلئے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جوڑے نے اپنی پرائیویسی کو برقرار رکھنے کے لیے سخت فیصلے کیے ہیں۔
دوسری جانب ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ زیادہ تر مہمان شادی کے مقام پر پہنچ چکے ہیں اور شادی کی مرکزی تقریبات 23 جنوری کی شام سے ہی شروع ہوجائیں گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ورون دھون اور نتاشا دلال 24 جنوری کو سات پھیرے لے کر ایک ہوجائیں گے۔
ادھر انڈیا ٹوڈے نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شادی کے لیے ورون دھون اور نتاشا دلال اپنے اہل خانہ سمیت 22 جنوری کو ہی شادی کی تقریبات کے مقام پر منتقل ہوچکے تھے۔
علاوہ ازیں دونوں کے قریبی رشتہ دار بھی شادی کے مقام پر پہنچ چکے تھے اور بولی وڈ شخصیات کی آمد کا سلسلہ بھی 22 جنوری کو ہی شروع ہوچکا تھا۔
زیادہ تر مہمان 23 جنوری کو شادی کے مقام پر پہنچیں گے اور 23 جنوری کی شب کو شادی کی مرکزی اور بڑی تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ 24 جنوری کو ورون دھون اور نتاشا دلال سات پھیرے لے کر ایک ہوجائیں گے۔
بچن و کپور خاندان کو دعوت نہیں دی گئی
دوسری جانب بولی وڈ ہنگامہ نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ حیران کن طور پر بولی وڈ کے ماضی کے مقبول رومانٹک ہیرو گووندا اور فلم ساز نہلاج پہلانی کو شادی کی دعوت نہیں دی گئی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ حیران کن طور پر ایشوریا رائے، ابھیشک بچن اور امیتابھ بچن سمیت ان کے خاندان کے کسی فرد کو شادی پر نہیں بلایا گیا۔
مزید پڑھیں: ورون دھون کی شادی 24 جنوری کو ہوگی، چچا کا دعویٰ
اسی طرح انیل کپور کے خاندان سے بھی کسی کو دعوت نہیں دی گئی جب کہ حیران کن طور پر فلم ساز بونی کپور کو شادی پر نہیں بلایا گیا جب کہ ان کے بیٹے ارجن کپور کو دعوت دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کرن جوہر، منیش ملہوترا اور ششانت کھیتان جیسی شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے جب کہ ورون دھون کے والد نے اپنے ساتھ کام کرنے والی زیادہ تر شخصیات کو دعوت ہی نہیں دی۔
رپورٹس ہیں کہ شاہ رخ خان، سلمان خان اور سیف علی خان جیسی شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے جبکہ کترینہ کیف، جیکولین فرنانڈس اور دپیکا پڈوکون جیسی اداکارائیں بھی شادی میں شرکت کریں گی۔