• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کینسر کو شکست دینے کے بعد نادیہ جمیل اسکرین پر واپسی کی خواہاں

شائع January 11, 2021
نادیہ جمیل کا آخری ڈراما دسمہ 2019 میں ریلیز ہوا تھا—فائل فوٹو: ٹوئٹر
نادیہ جمیل کا آخری ڈراما دسمہ 2019 میں ریلیز ہوا تھا—فائل فوٹو: ٹوئٹر

معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے موذی مرض کینسر کو شکست دینے کے بعد اسکرین پر واپسی کی خواہش کا اظہار کردیا۔

نادیہ جمیل میں اپریل 2020 میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ اس کے علاج کے لیے برطانیہ منتقل ہوگئی تھیں۔

نادیہ جمیل میں کینسر کی تشخیص کے بعد 7 اپریل کو ان کی سرجری کی گئی تھی، جس کے بعد آئندہ ماہ تک ان کی کیموتھراپی کی گئی۔

کیموتھراپی کے دوران بال جھڑنے کی وجہ سے انہوں نے اپنے سر کے بال منڈوالیے تھے اور انہوں نے بال منڈوائے جانے کی ویڈیوز و تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔

کیموتھراپی کے دوران ان کی طبیعت کافی بگڑ بھی گئی تھی، تاہم بعد ازاں ان کی طبیعت سنبھل گئی تھی اور جولائی میں انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے بتایا تھا کہ انہوں نے کینسر کو شکست دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل بریسٹ کینسر کا شکار

کینسر کو شکست دینے کے بعد انہیں ابتدائی طور پر ذیابیطس کی بھی شکایت ہوگئی تھی، تاہم بعد ازاں انہوں نے اس سے بھی نجات حاصل کرنے کی تصدیق کی تھی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اور حال ہی میں انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے اس خواہش کا اظہار کیا کہ انہیں اب اسکرین پر واپسی کرنی چاہیے۔

نادیہ جمیل نے 10 جنوری 2021 کو اپنی ٹوئٹ اور انسٹاگرام پوسٹ میں تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ کینسر کی وجہ سے ان کے جو بال جھڑ گئے تھے یا جنہیں انہوں نے منڈوالیا تھا اب وہ بڑے ہونے لگے ہیں۔

انہوں نے کینسر جیسے موذی مرض کو شکست دینے پر خدا کا شکر بھی ادا کیا اور ساتھ ہی کہا کہ جیسے ہی ان کے بال بڑے ہو رہے ہیں، ان کے دل میں خواہش اٹھی ہے کہ انہیں اسکرین پر واپسی کرنی چاہیے۔

مزید پڑھیں: بریسٹ کینسر کی تشخیص کے بعد نادیہ جمیل کی پہلی سرجری کامیاب

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کینسر نے انہیں شکرانے ادا کرنے سمیت یہ بات بھی سکھا دی کہ ہر انسان خود کا بہترین دوست بھی ہوتا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

نادیہ جمیل نے لکھا کہ اب اگرچہ ان کے سر کے بال مسلسل بڑے ہو رہے ہیں، تاہم وہ بالوں کو منڈوانے کے برے اور تکلیف دہ وقت کو کبھی نہیں بھول پائیں گی۔

انہوں نے اپنی ہمت پر اپنی ہی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے کورونا کی وبا کے دوران کینسر اور ذیابیطس جیسے امراض سے جنگ لڑی اور وہ جنگ جیتی۔

نادیہ جمیل نے لکھا کہ ہر بہادر شخص اپنے لیے ایک نعمت ہوتا ہے، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ اب وہ بہت خوش ہیں اور ہر سانس کے وقت انہیں زندگی اور خوشی کا احساس ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نادیہ جمیل نے کینسر کے علاج کے دوران سر کے بال منڈوا لیے

ساتھ ہی انہوں نے مداحوں کے لیے نیک خواہشات اور محبتوں کا اظہار بھی کیا۔

مذکورہ پوسٹ سے قبل انہوں نے سال نو کے موقع پر بھی اپنی ایک ٹوئٹ میں کینسر کو الوداع اور نئے سال و خوشیوں کو خوش آمدید کہا تھا۔

نادیہ جمیل نے مذکورہ ٹوئٹ میں بھی کینسر جیسے مرض سے صحت یابی پر خدا کے شکرانے ادا کیے تھے اور لکھا تھا کہ وہ مشکل وقت کو کبھی نہیں بھلا پائیں گی۔

مزید پڑھیں: نادیہ جمیل کینسر کو شکست دینے میں کامیاب

اگرچہ نادیہ جمیل نے اسکرین پر واپسی کی خواہش کا اظہار کیا ہے، تاہم ابھی تک ایسی خبریں نہیں ہیں کہ وہ جلد کسی ڈرامے یا فلم میں دکھائی دیں گی۔

نادیہ جمیل آخری بار 2019 میں ڈرامے 'دمسہ' میں دکھائی دی تھیں، انہوں نے درجنوں مقبول ڈراموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے اور ساتھ ہی ٹی وی شوز میں میزبانی کے فرائض بھی سر انجام دیے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ نادیہ جمیل جلد اسکرین پر واپسی کریں گی اور ممکنہ طور پر آئندہ 3 ماہ میں ان کے کسی نئے منصوبے کا اعلان ہوگا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024