دوسرا ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں297 رنز پر آؤٹ، جیمیسن کی 5 وکٹیں
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 297 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست ثابت ہوا اور پاکستانی ٹیم کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گرگئی۔
اوپنر شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے ٹم ساؤتھی کا شکار ہوگئے، جس کے بعد اگلے آنے والے کھلاڑی اظہر علی تھے۔
اظہر علی اور اوپنر عابد علی نے دوسری وکٹ میں 62 رنز کی شراکت قائم کی اور 66 کے مجموعی اسکور پر عابد علی 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
مزید پڑھیں: بابر اعظم دوسرے ٹیسٹ سے بھی باہر، رضوان ہی قیادت کریں گے
تاہم 2 کھلاڑیوں کے نقصان کے بعد قومی ٹیم پریشر میں آگئی اور اس کی اگلی وکٹ صرف 4 رنز کے اضافے سے 70 کے مجموعی اسکور پر گری اور حارث سہیل صرف ایک کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
70 رنز پر 3 وکٹیں گنوانے کے بعد قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو سہارا دینے لیے فواد عالم آئے تاہم وہ اور اظہر علی مل کر اسکور میں صرف 13 رنز کا اضافہ کرسکے اور 83 کے مجموعی اسکور پر فواد عالم بھی آؤٹ ہوگئے۔
تاہم 100 رنز کے اندر ہی ابتدائی 4 بلے بازوں کے نقصان کے بعد قومی ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور اظہر علی اور محمد رضوان نے ٹیم کے اسکور کو آہستہ آہستہ آگے بڑھایا۔
دونوں کھلاڑیوں نے 84 رنز کی شراکت داری بھی قائم کی، جس کے بعد 171 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 61 رنز بنا کر جیمی سن کی گیند پر واٹلنگ کو کیچ دے بیٹھے۔
ان کے بعد اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اظہر علی تھے جنہوں نے 172 گیندوں پر 93 رنز کی اننگز کھیلی، قومی ٹیم کی ساتویں وکٹ 260 رنز پر گری جب فہیم اشرف 48 رنز بنا کر جیمیسن کی گیند کا شکار بنے۔
260 رنز پر 7 کھلاڑیوں کے نقصان کے بعد آنے والے ٹیل اینڈرز مجموعی اسکور میں مزید 37 رنز کا اضافہ کرسکے اور پوری قومی ٹیم پہلی اننگز میں 297 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: فواد عالم کی سنچری کے باوجود پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست
پاکستانی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 93 رنز اظہر علی نے بنائے جبکہ ان کے بعد محمد رضوان 61، فہیم اشرف 48 اور ظفر گوہر 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
کیوی ٹیم کی جانب سے کائل جیمیسن نے عمدہ باؤلنگ کی اور 69 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ان کے علاوہ ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ نے 2، 2 وکٹیں جبکہ میٹ ہینری نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک-صفر کی برتری حاصل کرلی تھی۔
دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں
پاکستان: محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، عابد علی، اظہر علی، حارث سہیل، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، ظفر گوہر، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور نسیم شاہ۔
نیوزی لینڈ: کین ولیمسن (کپتان)، ٹام لیتھم، ٹام بلنڈل، روز ٹیلر، ہنری نکولس، بی جے واٹلنگ، ڈیرل مچل، کائل جیمیسن، ٹم ساؤدھی، میٹ ہینری اور ٹرینٹ بولٹ۔