• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارت: دنیا کی سب سے بڑی کورونا ویکسینیشن کے لیے تیار

شائع January 2, 2021
بھارت میں 2 جنوری سے ویکسین کے استعمال کا آزمائشی پروگرام شروع کردیا گیا—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
بھارت میں 2 جنوری سے ویکسین کے استعمال کا آزمائشی پروگرام شروع کردیا گیا—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا

بھارتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ہفتے سے ملک بھر میں کورونا سے تحفظ کی ویکسین کا استعمال شروع کردیا جائے گا اور پہلے مرحلے میں طبی و ریسکیو اہلکاروں کو ویکسین دی جائے گی۔

بھارتی حکومت نے یکم جنوری 2021 کو کورونا سے تحفظ کی سویڈش کمپنی ایسٹرازینیکا اور برطانوی آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔

بھارت جنوبی ایشیا کا وہ پہلا ملک بن گیا ہے، جس نے کورونا سے تحفظ کی ویکسین کو استعمال کی منظوری دی ہے جب کہ پاکستان بھی جلد ویکسین کے استعمال کی منظوری کا ارادہ رکھتا ہے۔

جنوبی ایشیا میں بھارت کے علاوہ تاحال بنگلہ دیش، سری لنکا، ایران یا افغانستان سمیت نیپال اور بھوٹان نے بھی کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں کورونا وائرس کی پہلی ویکسین کے استعمال کی منظوری

بھارت نے ویکسین کی منظوری کے ایک دن بعد ہی ویکسین کے استعمال کا آزمائشی پروگرام شروع کردیا اور حکومت نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ہفتے سے باضابطہ طور پر ویکسینیشن شروع کردی جائے گی۔

آزمائشی پروگرام کا مقصد طبی رضاکاروں کو ویکسین کا درست استعمال سکھانا ہے—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
آزمائشی پروگرام کا مقصد طبی رضاکاروں کو ویکسین کا درست استعمال سکھانا ہے—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا

نئی دہلی ٹیلی وژن (این ڈی ٹی وی) کے مطابق 2 جنوری سے بھارت کی متعدد ریاستوں میں ویکسین کے استعمال کا آزمائشی پروگرام شروع کیا گیا، جن میں پیرامیڈیکل اسٹاف کو ویکسین لگانے سمیت ویکیسن کی منتقلی اور لگوانے والوں کی رجسٹریشن کے عمل کی آزمائش کی گئی۔

مذکورہ آزمائشی پروگرام کا مقصد ویکسین کے ملتے ہی بڑے پیمانے پر اور تیزی سے ویکسینیشن کرنا ہے، تاکہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک میں کم عرصے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگائی جائے۔

اسی حوالے سے ہندوستان ٹائمز نے وزیر صحت کے حوالے سے بتایا کہ کورونا ویکسین تمام افراد کو مفت لگائی جائے گی اور اس کا استعمال 4 یا 5 جنوری سے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

وزیر صحت نے ویکسین کے آزمائشی پروگرام کے سینٹرز کا دورہ کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ملک بھر میں کورونا ویکسین مفت لگائی جائے گی۔

انڈیا ٹوڈے نے اسی حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ وزیر صحت کے مطابق ویکسینیشن کے پہلے مرحلے میں ایک کروڑ طبی رضاکاروں کو ویکسین فراہم کی جائے گی اور یہ سلسلہ ابتدائی 4 ہفتوں تک جاری رہے گا۔

وزیر صحت کے مطابق طبی رضاکاروں کے بعد ریسکیو و سیکیورٹی رضاکاروں کو ویکسین لگائی جائے گی اور ایسے رضاکاروں کی تعداد 2 کروڑ سے زائد ہے۔

پہلے مرحلے میں طبی رضاکاروں کو ویکسین دی جائے گی—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
پہلے مرحلے میں طبی رضاکاروں کو ویکسین دی جائے گی—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا

وزیر صحت کے مطابق بھارتی حکومت سال 2021 کے پہلے 6 ماہ میں طبی رضاکاروں، سیکیورٹی و ریسکیو اہلکاروں سمیت 60 سال کی عمر کے ایسے 30 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ارادہ رکھتی ہے، جن میں کورونا کے شکار ہونے کا خطرہ زیادہ ہے۔

دوسری جانب ہندوستان ٹائمز نے ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ بھارت کے مرکزی وزیر پرکاش جوادیکر کا کہنا تھا کہ اس وقت بھارت دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں 4 مختلف اقسام کی کورونا ویکسین تیار ہیں۔

انہوں نے دلیل دی کہ برطانیہ اور امریکا نے بھی دو طرح کی ویکسینز کو استعمال کرنے کی منظوری دی ہے جب کہ بھارت کے پاس کم از کم 6 مختلف اقسام کی ویکسین کمپنیوں کی درخواستیں موجود ہیں، جن میں سے 4 کو منظور کیے جانے کی امید ہے۔

ان کے مطابق بھارت دنیا کا وہ واحد ملک ہے، جہاں اب تک 4 مختلف اقسام کی کورونا ویکسین منظوری کے آخری مراحل میں ہیں۔

تاہم 2 جنوری تک بھارت نے صرف ایک ہی ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی، لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ بھارت فائزر و بائیو این ٹیک اورمودرینا کی ویکسین سمیت ایک اور ویکسین کے استعمال کی منظوری دے گا۔

بھارتی حکومت جولائی 2021 کے وسط تک 30 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ارادہ رکھتی ہے—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
بھارتی حکومت جولائی 2021 کے وسط تک 30 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ارادہ رکھتی ہے—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024