• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ریتک و کنگنا کی ایک دوسرے کو نازیبا مواد بھیجنے کی تفتیش ہوگی

شائع December 16, 2020
دونوں نے کائیٹس اور کرش تھری فلموں میں ایک ساتھ کام بھی کیا ہے—فائل فوٹو: فیس بک
دونوں نے کائیٹس اور کرش تھری فلموں میں ایک ساتھ کام بھی کیا ہے—فائل فوٹو: فیس بک

بولی وڈ ڈراما کوئین کنگنا رناوٹ اور ایکشن ہیرو ریتک روشن کے درمیان 2015 میں اچانک چند سال تک تعلقات رہنے کے بعد اس قدر تلخیاں بڑھ گئی تھیں کہ دونوں نے ایک دوسرے کو بلیک میل کرنے سمیت کئی طرح کے سنگین الزامات لگائے تھے۔

چار سال قبل دونوں اداکاروں نے ایک دوسرے پر نہ صرف بلیک میلنگ کے الزامات لگائے بلکہ دونوں نے دعویٰ کیا کہ وہ ایک دوسرے کو فحش و نازیبا مواد بھی بھیجتے رہے۔

اداکارہ کنگنا رناوٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ ریتک روشن 2013 سے قبل ہی ان پر فدا ہوگئے تھے اور ان سے شادی کا وعدہ تک کیا تھا اور دونوں نے ایک ساتھ اچھا وقت بھی گزارا۔

اداکارہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ریتک روشن انہیں ای میل پر فحش مواد، نازیبا ویڈیو و تصاویر بھیجتے رہے تھے اور ان سے طرح طرح کے مطالبے کرتے رہے تھے۔

تاہم ریتک روشن نے اداکارہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کنگنا رناوٹ پر ہی بلیک میلنگ کا الزام لگایا اور دعویٰ کیا کہ اداکارہ انہیں فحش ویڈیوز و تصاویر بھیجتی رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ریتک روشن نے کنگنا رناوٹ پر مقدمہ دائر کردیا

ریتک روشن نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے کنگنا رناوٹ سے کوئی شادی کا وعدہ نہیں کیا تھا اور ان کے اداکارہ سے رومانوی نہیں بلکہ پروفیشنل تعلقات تھے یعنی دونوں کے درمیان صرف فلموں میں کام کرنے اور فلموں سے متعلق معاملات کے حوالے سے تعلقات تھے۔

تاہم دونوں اداکاروں کے درمیان لفظی جنگ اس قدر بڑھ گئی کہ بعد ازاں دونوں نے ایک دوسرے کو ہتک عزت کے قانونی نوٹس بھی بھجوائے اور دونوں نے ایک دوسرے سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تاہم دونوں نے ایک دوسرے سے معافی مانگنے سے انکار کیا۔

ریتک و کنگنا 2016 سے ایک دوسرے پر الزامات لگاتے آ رہے ہیں—اسکرین شاٹ/ کرش تھری/ یوٹیوب
ریتک و کنگنا 2016 سے ایک دوسرے پر الزامات لگاتے آ رہے ہیں—اسکرین شاٹ/ کرش تھری/ یوٹیوب

لیکن اس معاملے میں مارچ 2016 میں اس وقت اہم موڑ آیا جب ریتک روشن نے خود کو بلیک میل کیے جانے اور ای میل پر نازیبا ویڈیوز بھیجے جانے کی پولیس کرائم برانچ میں شکایت درج کروائی۔

بعد ازاں اسی کیس میں ریتک روشن نے اکتوبر 2017 میں ریاست مہارا شٹر کے شہر ممبئی کی پولیس کے کرائم برانچ میں باضابطہ طور پر فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) بھی درج کروائی کہ کنگنا رناوٹ نے انہیں بلیک میل کیا اور اداکارہ ای میل پر انہیں نازیبا ویڈیوز و تصاویر بھیجتی رہیں۔

اداکار نے مقدمہ دائر کرواتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ کنگنا رناوٹ نے ان کے نام سے ہی جعلی ای میل آئی ڈی بناکر اس پر وہ نازیبا ویڈیوز اور فحش تصویریں بھیجتی رہیں اور اسی ای میل سے خود کو جواب بھی دیتی رہیں تاکہ بعد میں وہ یہ دعویٰ کریں کہ مذکورہ ای میل ریتک روشن کی ہے۔

مزید پڑھیں: ریتک شادی کا وعدہ کرکے مکر گئے، کنگنا کا دعویٰ

ایسا مقدمہ دائر کروانے کے بعد کنگنا رناوٹ نے ریتک روشن کے دعوؤں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے درمیان جو بھی تلخیاں یا جھگڑے تھے اب ختم ہوچکے، اس لیے مقدمے دائر کروانے کا کوئی مقصد نہیں۔

مذکورہ مقدمے کو 4 سال گزر جانے کے باوجود پولیس نے کوئی تحقیقات نہیں کی تھی تاہم ایک بار پھر اداکار کی جانب سے پولیس کو مذکورہ معاملے کی تفتیش کرنے کے لیے لکھے گئے خط کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ پولیس معاملے کی تفتیش کرے گی۔

اس حوالے سے بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے بتایاکہ ریتک روشن کے وکیل نے رواں ماہ 9 دسمبر کو ممبئی پولیس کے کمشنر کو خط لکھ کر 4 سال پرانے کیس کی تفتیش کی درخواست کی تھی۔

ریتک روشن کے وکیل نے پولیس کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ ابتدائی طور پر مذکورہ کیس 2016 میں دائر کیا گیا تاہم بعد ازاں 2017 میں اس کی باضابطہ ایف آئی آر درج کروائی گئی تاہم تاحال اس کی تفتیش نہیں ہوئی لیکن اب اس کی تفتیش ہونی چاہیے۔

ریتک روشن کے وکیل کے خط کے بعد پولیس نے 4 سال پرانے کیس کی تفتیش کے لیے مذکورہ کیس ممبئی پولیس کے کرائم انٹیلی جنس یونٹ (سی آئی یو) کو منتقل کردیا۔

اسی حوالے سے انڈین ایکسپریس نے بتایا کہ ریتک روشن کی ایف آئی آر پر 4 سال بعد بلیک میلنگ کے کیس کو کرائم انٹیلی جنس یونٹ منتقل کردیا گیا، جس کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد واقعے کی تفتیش ہوگی۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ مذکورہ معاملے کی باضابطہ تفتیش کب تک ہوگی تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی کرائم برانچ کنگنا رناوٹ کو تفتیش کے لیے اپنے جوابات جمع کرانے کے لیے سمن جاری کرے گا۔

خیال رہے کہ کنگنا رناوٹ و ریتک روشن اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ دونوں کے درمیان 2009 سے 2013 کے درمیان تعلقات رہے۔

تاہم اس عرصے کے دوران تعلقات کے حوالے سے کنگنا کا دعویٰ ہے کہ وہ رومانوی تھے اور ریتک نے ان سے شادی کا وعدہ بھی کیا تھا، کیوں کہ ان کی سوزین خان سے طلاق ہوچکی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوٹ پر ریتک روشن کی جاسوسی کا الزام

دوسری جانب ریتک روشن کا دعویٰ ہے کہ 2009 سے 2013 تک ان کے اور کنگنا رناوٹ کے درمیان تعلقات صرف پروفیشنل تھے، یعنی وہ اپنی فلموں کائیٹ اور کرش تھری کے حوالے سے ایک ساتھ تھے۔

ان دونوں کی فلم کائیٹس 2010 میں جب کہ کرش تھری 2013 میں ریلیز ہوئی تھی۔

جب کہ ریتک روشن اور ان کی اہلیہ سوزین خان کے درمیان 2014 میں طلاق ہوگئی تھی اور کنگنا کا دعویٰ تھا کہ اہلیہ سے طلاق سے قبل ہی ریتک نے ان سے شادی کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

اب بلیک میلنگ کے کیس کی تفتیش کرائم برانچ کو منتقل کیے جانے کی خبر سامنے آنے کے بعد کنگنا رناوٹ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں ریتک روشن کو طعنہ دیا کہ وہ کب تک چھوٹے افیئرز تک روتے رہیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ ریتک روشن انہیں آج تک نہیں بھلا پائے اور اداکار نے ان سے جدا ہونے اور طلاق ہوجانے کے باوجود تاحال کسی خاتون سے تعلقات بھی استوار نہیں کیے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے ریتک روشن کو ٹوئٹ میں مینشن بھی کیا، تاہم اداکار نے اداکارہ کی ٹوئٹ پر کوئی جواب نہیں دیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024