• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

حکومتِ خیبرپختونخوا نے دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کی قیمتوں کا تعین کرلیا

دلیپ کمار کے گھر کی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار روپے جبکہ راج کپور کے گھر کی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے— فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز
دلیپ کمار کے گھر کی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار روپے جبکہ راج کپور کے گھر کی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے— فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز

رواں برس ستمبر میں خیبر پختونخوا (کے پی) کی حکومت کی جانب سے صوبائی دارالحکومت پشاور میں واقع دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اب خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے بولی وڈ کے لیجنڈ اداکاروں کے آبائی گھروں کی قیمتوں کا تعین کرلیا ہے جنہیں میوزیم میں تبدیل کرنے کے لیے جلد خریدا جائے گا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے دلیپ کمار کے گھر کی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار روپے جبکہ راج کپور کے گھر کی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔

دونوں اداکاروں کے آبائی گھروں کی قیمتوں کے تعین کی دستاویز کے مطابق ڈی سی پشاور کے تخمینے کے مطابق راج کپور کا گھر 6 مرلہ 3 سرسائی اراضی پر بنا ہوا ہے جس کی زمین کی قیمت کا تخمینہ ایک کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کے پی حکومت کا دلیپ اور راج کپور کے گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

ایس ڈی اور بلڈنگ سب ڈویژن-فائیو پشاور کے مطابق راج کپور کے آبائی گھر کا رقبہ 5184 مربع گز ہے اور اس عمارت کی قیمت 34 لاکھ 73 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

—فائل فوٹو: شکیل واحد اللہ
—فائل فوٹو: شکیل واحد اللہ

اس طرح صوبائی حکومت کی جانب سے راج کپور کے گھر کی قیمت مجموعی طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

دوسری جانب ڈی سی پشاور کے اعداد و شمار کے مطابق دلیپ کمار کا گھر 4 مرلہ اراضی پر بنا ہے جس کی قیمت کا تخمینہ 72 لاکھ 80 ہزار روپے لگایا گیا ہے۔

علاوہ ازیں ایس ڈی اور بلڈنگ سب ڈویژن-فائیو پشاور کے مطابق دلیپ کمار کے آبائی گھر کا رقبہ 1077.83 مربع گز ہے اور اس گھر کی قیمت 7 لاکھ 76 ہزار روپے سے زائد مقرر کی گئی ہے۔

اس طرح حکومتِ خیبرپختونخوا کی جانب سے دلیپ کمار کے گھر کی قیمت مجموعی طور پر 80 لاکھ 56 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار کی پشاور میں واقع آبائی گھر کی تصاویر شیئر کرنے کی درخواست

دستاویز کے مطابق حکومت خیبرپختونخوا مجموعی طور پر دونوں گھروں کو خریدنے کے لیے 2 کروڑ 40 لاکھ روپے ادا کرے گی۔

اس سلسلے میں محکمہ آثار قدیمہ نے فنڈز کی فراہمی کے لیے سیکریٹری ثقافت کو مراسلہ بھی ارسال کردیا ہے۔

ستمبر کے اواخر میں خیبرپختونخوا کے محکمہ آثار قدیمہ و میوزیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالصمد نے بتایا تھا کہ صوبائی حکومت نے بولی وڈ کے لیجنڈ اداکاروں کے گھروں کو خریدنے کے لیے سرکاری سطح پر کارروائی شروع کی تھی۔

ان کے مطابق حکومت، دلیپ اور راج کمار کے گھروں کو خرید کر وہاں تزئین و آرائش کے بعد دونوں جگہوں کو میوزیم میں تبدیل کرکے سیاحت کو فروغ دے گی۔

—فائل فوٹو: انڈیپنڈنٹ اردو
—فائل فوٹو: انڈیپنڈنٹ اردو

ڈاکٹر عبدالصمد کے مطابق دونوں اداکاروں کے گھروں کے حالیہ مالکان وہاں کمرشل پلازہ بنانے کے خواہاں ہیں اور انہوں نے اسی سلسلے میں دونوں تاریخی عمارتوں کی توڑ پھوڑ بھی شروع کردی تھی۔

بعدازاں اکتوبر ہی میں صوبائی حکومت نے دلیپ کمار کے گھر اور کپور حویلی پر سیکشن فور نافذ کردیا تھا جس کے مطابق اب یہ اراضی حکومت کی جانب سے خریدی جائے گی۔

مزید پڑھیں: دلیپ کمار کا گھر خریدنے کیلئے حکومت فنڈ مہیا کررہی ہے، معاون خصوصی

تاہم اکتوبر میں کپور حویلی کی ملکیت کا دعویٰ کرنے والے حاجی خوشحال رسول کے بیٹے نے کہا تھا کہ ان کے خاندان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کپور حویلی کے عوض حکومت خیبرپختونخوا سے 2 ارب روپے وصول کریں گے۔

خیال رہے کہ دلیپ اور راج کپور تقسیم ہند سے قبل متحدہ ہندوستان میں پشاور میں پیدا ہوئے تھے۔

دلیپ کمار کی پیدائش پشاور کے حالیہ علاقے قصہ خوانی بازار میں 1922 میں مسلمان گھرانے میں ہوئی تھی اور ان کا اصل نام محمد یوسف ہے۔

مزید پڑھیں: ’کپور حویلی کی مطلوبہ رقم نہ ملی تو اسے منہدم کرکے کمرشل پلازہ بنائیں گے’

دلیپ کمار کو ان کی فلمی خدمات پر حکومت پاکستان نشان امتیاز سے بھی نواز چکی ہے۔

اسی طرح راج کپور کی پیدائش پشاور کے حالیہ علاقے حویلی دلگران میں ہندو خاندان میں 1924 میں ہوئی تھی۔

2013 میں دلیپ کمار کے گھر کو وفاقی حکومت نے قومی ورثہ قرار دیا تھا اور1988 میں دلیپ کمار نے اس آبائی گھر کا دورہ کیا تھا۔

دونوں بولی وڈ لیجنڈز کے علاوہ بھی دیگر چند بولی وڈ شخصیات پشاور اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں پیدا ہوئی تھیں جب کہ متعدد شخصیات حالیہ پاکستان کے دیگر صوبوں پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بھی پیدا ہوئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024