• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

جارج کلونی کا ہر ایک دوست کو 15 کروڑ روپے دینے کا اعتراف

شائع November 19, 2020
جارج کلونی کا شمار دنیا کے امیر اداکاروں میں ہوتا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
جارج کلونی کا شمار دنیا کے امیر اداکاروں میں ہوتا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

دو آسکر ایوارڈز سمیت متعدد فلمی ایوارڈز جیتنے والے اور دنیا کے امیر ترین اداکاروں میں شمار ہونے والے ہولی وڈ اداکار 59 سالہ جارج کلونی نے پہلی بار اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ماضی میں اپنے قریبی دوستوں کو بھاری نقد رقم دی۔

جارج کلونی کی جانب سے ابتدائی طور پر اپنے 14 انتہائی قریبی اور عزیز دوستوں کو ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر دیے جانے کا انکشاف ان کے ایک قریبی دوست نے کیا تھا۔

جارج کلونی کے قریبی دوست رینڈے گاربر نے امریکی نشریاتی ادارے ایم ایس این بی سی کے ایک پروگرام میں انکشاف کیا تھا کہ ان سمیت دیگر 13 افراد کو جارج کلونی نے 10 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 15 کروڑ روپے سے زائد کی نقد رقم دی تھی۔

رینڈے گاربر کے مطابق جارج کلونی نے ان سمیت تمام 14 ہی قریبی دوستوں کو 5 سال قبل یہ رقم دی تھی۔

جارج کلونی نے 2013 میں دوستوں کو رقم دینے کا اعتراف کیا—فوٹو: جی کیو میگزین
جارج کلونی نے 2013 میں دوستوں کو رقم دینے کا اعتراف کیا—فوٹو: جی کیو میگزین

جارج کلونی کے دوست کے انکشاف کے بعد عالمی میڈیا میں اس خبر پر تہلکہ مچ گیا تھا مگر اس وقت اداکار نے اس حوالے سے کچھ نہیں کہا تھا۔

لیکن اب دوست کے انکشاف کے 2 سال اور دوستوں کو نقد رقم دیے جانے کے 7 سال بعد انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے واقعی ہر ایک دوست کو دس دس لاکھ امریکی ڈالر کی رقم دی تھی۔

فیشن مگزین (جی کیو) کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں جارج کلونی نے بتایا کہ دراصل اس وقت ان کے پاس اچانک بہت ساری دولت آگئی تھی اور وہ اس وقت تک غیر شادی شدہ بھی تھے اور ساتھ ہی وہ عمر رسیدہ بھی ہو چکے تھے۔

جارج کلونی نے بتایا کہ 2013 میں ان کی سائنس فکشن فلم 'گریوٹی' ریلیز ہوئی تھی، جس کی ٹیم نے ان سے فلم کی کمائی میں سے کچھ حصہ دینے کا معاہدہ کر رکھا تھا۔

اداکار کے مطابق ان سمیت 'گریوٹی' کی ٹیم اور کاسٹ کو یقین تھا کہ فلم اچھی کمائی نہیں کر سکے گی، اس لیے فلم کی ٹیم نے ان سمیت دیگر کچھ اداکاروں کو فلم میں کام کرنے کے پیسے دینے کے بجائے کمائی میں سے حصہ دینے کا معاہدہ کیا۔

عمر بڑھ چکی تھی اور شادی بھی نہیں کی تھی، اس وجہ سے دوستوں کو رقم دی، اداکار—فوٹو: جی کیو میگزین
عمر بڑھ چکی تھی اور شادی بھی نہیں کی تھی، اس وجہ سے دوستوں کو رقم دی، اداکار—فوٹو: جی کیو میگزین

جارج کلونی نے بتایا کہ اتفاق سے 'گریوٹی' بلاک بسٹر فلم بنی اور اس نے ریکارڈ کمائی کی، جس وجہ سے انہیں کافی خطیر رقم حصے میں ملی۔

59 سالہ اداکار کے مطابق اس وقت ان کی عمر 52 سال تک پہنچ چکی تھی اور ان کے باقی دوست ان سے بھی بڑے تھے۔

اداکار نے وقت کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ان ہی دنوں میں ان کے تعلقات لبنانی نژاد برطانوی وکیل امل سے استوار ہوئے تھے، تاہم انہیں یہ یقین نہیں تھا کہ وہ شادی بھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جارج کلونی کا اپنی اور اہلیہ کی محبت سے متعلق اہم انکشاف

جارج کلونی کے مطابق اس وقت تنہائی، عمر گزارنے اور عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے اپنے 14 ہی قریبی اور انتہائی عزیز دوستوں کو پیسے دینے کا سوچا۔

جارج کلونی نے بتایا کہ انہوں نے ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی رقم کو 14 مختلف تھیلوں میں بھرا کر ایک گدام میں پہنچایا، جہاں انہوں نے اپنے دوستوں کو بلاکر پہلے دوسرے معاملات پر باتیں کیں اور بعد ازاں تمام دوستوں کو ایک ایک تھیلا تھما دیا۔

اداکار نے بتایا کہ اگرچہ ہر ایک دوست کو 10 لاکھ ڈالر کی نقد رقم دی گئی تھی تاہم وہ اتنی زیادہ رقم بھی نہیں کہ کوئی اسے اٹھا نہ سکے۔

اداکار نے بتایا کہ چوں کہ ان کے دوست ان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ہی ان کا ساتھ دیا اور ان کی مدد کی، اس لیے انہوں نے مذکورہ رقم ان میں ہی تقسیم کردی۔

جارج کلونی اور امل نے 2014 میں شادی کی—فائل فوٹو: اے ایف پی
جارج کلونی اور امل نے 2014 میں شادی کی—فائل فوٹو: اے ایف پی

جارج کلونی نے انٹرویو میں بتایا کہ دوستوں میں ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا 2 ارب روپے تقسیم کرنے کے ٹھیک ایک سال بعد انہوں نے برطانوی نژاد لبانی وکیل امل سے 2014 میں شادی کی۔

انہوں نے امل کلونی کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے زندگی میں آنے کے بعد ان کی زندگی بدل گئی۔

جارج کلونی کی اہلیہ ان سے 17 سال چھوٹی ہیں اور وہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق سفیر بھی رہ چکی ہیں۔

مزید پڑھیں: جارج اور امل کلونی کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش

امل کلونی کو عالمی قوانین پر دسترس حاصل ہے اور وہ برطانیہ سمیت متعدد ممالک کی حکومتوں کے عالمی تنازعات کے مقدمے بھی لڑ چکی ہیں۔

جارج اور امل کلونی کے ہاں 2017 میں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی، جس میں سے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔

جارج کلونی نے انٹرویو کے دوران یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کے بیٹے کو استھما کا اثر ہے، اس لیے وہ ان کا زیادہ خیال رکھتے ہیں۔

جارج کلونی نے 1978 میں باضابطہ طور پر اداکاری کا آغاز کیا تھا اور ان کا شمار ہولی وڈ کی لیجنڈ اداکاروں میں ہوتا ہے، انہوں نے دو آسکر ایوارڈز سمیت متعدد فلمی ایوارڈز جیت رکھے ہیں۔

جارج کلونی کا شمار دنیا کے امیر ترین اداکاروں سمیت امیر شخصیات میں بھی ہوتا ہے، اندازے کے مطابق ان کی دولت 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024