• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

شائع November 16, 2020
ملک میں  وائرس کی دوسری لہر دوبارہ تیزی سے پھیل رہی ہے —فائل فوٹو: ڈان نیوز
ملک میں وائرس کی دوسری لہر دوبارہ تیزی سے پھیل رہی ہے —فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ سندھ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہیں جمعہ کے روز ہلکا بخار محسوس ہوا تھا، چنانچہ نماز جمعہ کے بعد کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا گیا جو مثبت آگیا۔

ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مراد علی شاہ نے خود کو ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق قرنطینہ کرلیا ہے، طبیعت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صرف ہلکا بخار ہے باقی صورتحال بہتر ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں وائرس کی دوسری لہر دوبارہ تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے باعث حکومت کی جانب سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں آج مختلف پابندیاں عائد کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت کی انتخابی مہم میں مصروف قمر زمان کائرہ، کیپٹن (ر) صفدر کورونا سے متاثر

حال ہی میں کورونا سے متاثر ہونے والے سیاستدانوں میں سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف اور متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما فاروق ستار شامل ہیں۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین وائرس کا شکار ہوئے تھے اور ایک روز قبل ہی انہیں طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

اس سے پہلے گزشتہ ماہ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

ان کے علاوہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے جو معروف شخصیات وائرس کا شکار ہوئے، ان میں اسپیکر قومی اسمبلی، اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، شہریار آفریدی، فرخ حبیب، صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: عامر لیاقت اور اہلیہ طوبیٰ عامر بھی کورونا وائرس کا شکار

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے علاوہ حمزہ شہباز، شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، عطا تارڑ، نہال ہاشمی، ایاز صادق، احسن اقبال، کیپٹن (ر) اور دیگر وائرس کا شکار ہوئے۔

علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سعید غنی، یوسف رضا گیلانی، نیئر بخاری، راجا پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ وائرس سے متاثر ہونے والوں میں شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ اور پیپلز پارٹی کے راشد ربانی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024