• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کوہاٹ: شادی کی تقریب میں تصادم کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک

شائع November 9, 2020
مقامی پولیس نے کہا کہ مجاہد گروپ کی جانب سے فائرنگ شروع کی گئی — فائل فوٹو:  اے ایف پی
مقامی پولیس نے کہا کہ مجاہد گروپ کی جانب سے فائرنگ شروع کی گئی — فائل فوٹو: اے ایف پی

کوہاٹ: شادی کی تقریب کے دوران 2 حریف گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 بھائیوں سمیت 5 افراد ہلاک جبکہ دلہا سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کوہاٹ کے علاقے کاغزئی میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو بھائی قیصر محمد اور نیاز محمد، ان کے کزن جنید خان اور راہ گیر قاسم الرحمٰن اور عبد الرحمٰن موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے دلہا اشید، تور گل اور اسفندیار ہتھیاروں کے ساتھ پکڑے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ہوائی فائرنگ سے خاتون جاں بحق، 4 پولیس اہلکار زیرحراست

مقامی پولیس کے اہلکار مرزا علی کا کہنا تھا کہ مجاہد گروپ کی جانب سے فائرنگ شروع کی گئی جبکہ دعویٰ کیا گیا کہ اس میں ان کے اپنے 2 بیٹے قیصر اور نیاز سمیت دیگر 3 لوگوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔

ان سے ملنے والے اسلحہ میں 3 کلاشنکوف، 2 شاٹ گن، ایک رائفل، 5 پستول اور کارتوس ملے ہیں۔

کوہاٹ شہر کے دوسرے علاقے ڈیری بندہ میں بھی تشدد کا واقعہ پیش آیا جس میں تیراہ کے ایک قبائلی شخص سعود بادشاہ اور ان کے بیٹے حشمت خان کو بچوں کے درمیان ہونے والے تنازع کے نتیجے میں ڈنڈوں کے وار کرکے ہلاک کردیا گیا تھا جبکہ ایک شخص رحمٰن زخمی ہوا۔

مزید پڑھیں: بنوں: شادی کی تقریب میں فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک

مقتول کے ایک کزن کی جانب سے نظام خان اور اکرام خان کو اس کیس میں ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

زخمیوں کو کوہاٹ اور پشاور کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا تھا۔

واضح رہے اس سے قبل بھی کوہاٹ سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں فائرنگ کے واقعات پیش آچکے ہیں جو بہت سی جانوں کے ضیاع کی وجہ بنے۔

اپریل 2013 میں بنوں کے علاقے مالا قادری میں شادی کی تقریب میں نشے میں دھت افراد کی جانب سے فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت 5 افراد لقمہ اجل بنے تھے جبکہ اس واقعے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

سرگودھا میں مہندی کی تقریب میں فائرنگ سے 8 سالہ بچہ جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا تھا۔

علاوہ ازیں کراچی میں سپر ہائی وے پر شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کی گئی تھی جس میں پولیس اہلکار بھی موجود تھے، تقریب میں شریک افراد آزادانہ طور پر ہوائی فائرنگ کر رہے تھے جبکہ فائرنگ میں چھوٹے اسلحہ سے لے کر بڑے اور جدید اسلحہ کا بھی استعمال کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024