• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، بھارتی سینئر سفارتکار کو طلب کرکے احتجاج

شائع November 3, 2020
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا — فائل فوٹو / ڈان
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا — فائل فوٹو / ڈان

بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے باگسر سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 45 سالہ شہری شدید زخمی ہوئے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا اور کہا کہ قابض بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آرٹلری، بھاری اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے عام شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

بھارتی سفارتکار کو بتایا گیا کہ شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، انسانی عظمت و وقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے صریحاً منافی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیز فائر کی خلاف ورزی: سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج

بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی ان خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس کا نتیجہ اسٹرٹیجک غلطی کی صورت میں نکل سکتا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت نے رواں سال کے دوران جنگ بندی کی 2659 مرتبہ خلاف ورزیاں کی ہیں، جس میں 20 بے گناہ شہری شہید اور 202 زخمی ہوئے ہیں۔

بھارتی سفارتکار کو آگاہ کیا گیا کہ ایل او سی پر کشیدگی میں اضافے سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مظالم سے عالمی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔

بھارت پر زوردیا گیا کہ وہ 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے ان واقعات کی تحقیقات کرائے، بھارتی فوج کو جنگ بندی کے احترام کا حکم دے اور ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر اس کی روح کے مطابق امن برقرار رکھے۔

مزید پڑھیں: بھارتی سفارت کار کی دفتر خارجہ طلبی، ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ پر احتجاج

بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین (یو این ایم او جی آئی پی) کو اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔

خیال رہے کہ رواں برس بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات میں خاصہ اضافہ دیکھا گیا ہے اور آئے روز آزاد کشمیر میں ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024