• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

'مادر ملت کا الیکشن چوری کرنے والوں نے ہی 2018 کے انتخابات کو چوری کیا'

شائع October 20, 2020
مسلم لیگ(ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز
مسلم لیگ(ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ(ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے مادر ملت کا الیکشن چوری کیا تھا انہوں نے 2018 میں ہمارا الیکشن چوری کیا اور قوم تہیہ کرے کہ وہ مارشل لا لگانے والوں کی اولادوں کو ووٹ نہیں دے گی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ جس کو آپ نے شہ رگ کشمیر کہا تھا وہ کٹ گئی ہے، غلط پالیسیوں سے وہ عملی طور پر کاٹ دی گئی ہے، انڈیا اس پر مکمل طور پر قبضہ کر چکا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے الزام میں کیپٹن (ر) صفدر گرفتار

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے مادر ملت کو غدار کہا تھا ان کو بھی پیغام دوں کہ مادر ملت زندہ باد، اس میں غلط کام کیا ہے، میں ہر سال 18اکتوبر کو مادر ملت کے مزار پر جا کر مادر ملت زندہ باد کہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جنرل ایوب خان نے مادر ملت کا الیکشن چوری کیا اور اس چوری کے نتیجے میں ہمیں آدھا ملک گنوانا پڑا۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے داماد نے مزید کہا کہ میں نے مادر ملت سے کہا کہ جن لوگوں نے آپ کا الیکشن چوری کیا تھا، انہوں نے 2018 میں ہمارا الیکشن بھی چوری کر لیا ہے، اگر ماں کو استدعا کرنا جرم ہے تو یہ جرم ہم کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر ریاست سے اوپر ریاست نے پرچہ کٹوایا اور رات کی تاریکی میں شب خون مارا، میں اس بات پر نہیں گھبرایا کہ میرا دروازہ توڑا، وہ دروازہ پولیس نہیں توڑ سکتی تھی، وہ ٹھڈے وہ تھے جو آئین کو ٹھڈے پڑتے آ رہے ہیں، یہ وہ ٹھڈے تھے جو ہماری آزادی سلب کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گرفتار کیپٹن (ر) محمد صفدر کی ضمانت منظور

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ میں آج پریشان ہوں کہ ایک صوبے کا آئی جی کہاں رہا، کس کی تحویل میں حبس بے جا میں تھا، یہ ایف آئی آر کٹوانے والے کون لوگ ہیں، میں ان ایف آئی آرز سے ڈرنے والا نہیں ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مادر ملت کل کہہ رہی تھیں کہ جن کے دادا صدر ایوب نے میرا الیکشن چرایا ہے ان کی اولادوں کو ووٹ نہ دو، میں مادر ملت سے یہ پیغام لے ک آیا ہوں کہ صدر ایوب، مارشل لا ایڈمنسٹریٹر کی اولادوں کو ووٹ نہ دو، یہ مقدس امانت ہے، جب ہم ان کو ووٹ دیتے ہیں تو یہ ثابت کرتے ہیں کہ تمہارے باپ دادا نے مارشل لا ٹھیک لگایا تھا'۔

انہوں نے کہا کہ آج قوم یہ تہیہ کر لے کہ جن جن کے آباؤ اجداد نے ملک میں مارشل لا لگوایا، ان کے بچوں کو ٹکٹ نہ دو، ان کو ہم نے ووٹ نہیں دینے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس غنڈہ گردی کے ساتھ یہ ایف آئی آر ہوئی اور ایف آئی آر درج کرنے والا خود قانون کو مطلوب ہے، خواہ تم ہمارے راستے روکو، ایف آر درج کرو لیکن تم ووٹ کو عزت دو کی تحریک کو تم نہیں روک سکتے۔

جہاں وفاق صوبے پر حملہ آور ہو، وہ ملک نہیں چلتا، شاہد خاقان

اس سے قبل سابق وزیر اعظم شاہد خان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان عدالتوں میں جہاں ارشد ملک جج تھا، ہمیں ایسے میں کسی انصاف کی توقع نہیں ہے، ردی کے کاغذ جمع کرا دیں، پرانے اخبار بھی جمع کرا دیں تو فیصلہ وہی آئے گا جو ارشد ملک کو لکھ کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب انصاف نہ رہے، قانون کی کوئی حیثیت نہ ہو تو وہ ملک نہیں چلتا، جہاں وفاق صوبے پر حملہ آور ہو، صوبے کے اعلیٰ ترین پولیس افسر کو اٹھا کر لے جائے وہاں پر آپ کون سے انصاف کی توقع رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'جھوٹی ایف آئی آر ہمارا راستہ نہیں روک سکتی'

انہوں نے مزید کہا کہ کل کیپٹن صفدر صاحب کو تو ضمانت مل گئی لیکن آئی جی پولیس کو ضمانت کون دے گا، اس کی بات کون سنے گا، کونسی عدالت سنے گی، وہ عدالت میں جانے کے قبل بھی ہے یا نہیں ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ صوبے کا وزیر اعلیٰ کہتا ہے کہ ہمارا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے، مقدمہ ہے کیا یہ کسی کو علم نہیں لیکن صبح 7بجے ہوٹل کے دروازے توڑ کر گرفتاری کی جاتی ہے، جب انصاف کی حالت یہ ہو اور حکومت خود ناانصافی کرنے پر اتر آئے تو پھر معاشرہ اور ملک نہیں چل سکتا۔

گرفتاریوں کا سیزن2 شروع ہونے والا ہے، احسن اقبال

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈھائی سال سے نیب کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں لیکن اس میں رتی برابر بھی حقائق ایسے نہیں جن کا ہم سے کوئی تعلق نہیں، مقدمے عمران احمد نیازی کے ایجنڈا کو پورا کرنے کے لیے انتقام لینے اور مسلم لیگ ن کو بدنام کرنے کے لیے بنائے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا ہے اب یہ حکومت ناکام ہوچکی ہے تو گرفتاریوں کا سیزن 2 شروع ہونے والا ہے، ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں، ان سے نہ ہمارے حوصلے پست ہوں گے، نہ ہماری جدوجہد پر کوئی فرق پڑے گا، جتنے جھوٹے مقدمے بنیں گے اتنا ہی زیادہ ہماری تحریک کو ایندھن ملے گا، اتنے ہی زیادہ لوگ لانگ مارچ میں شریک ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران میں ایک دن میں کورونا سے ریکارڈ 337 ہلاکتیں

انہوں نے کہا کہ یہ قائد اعظم کا پاکستان نہیں ہے، یہ عمران نیازی کا فاشسٹ پاکستان تو ہو سکتا ہے، یہ قانون کی حکمرانی کا پاکستان نہیں ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران احمد نیازی اور ان کے وزرا اداروں کے پیچھے چھپ رہے ہیں، بار بار قومی اداروں کا نام لے رہے ہیں، کبھی عدلیہ کو آگے کرتے ہیں، کبھی مسلح افواج کو آگے کرتے ہیں، یہ ایک بہت گھناؤنا کھیل ہے جو یہ حکومت اپنی نالائقی اور ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لیے کھیل رہی ہے۔

کیپٹن صفدر اور رانا ثنااللہ کی ضمانت منظور

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور رانا ثنااللہ سمیت دیگر کی درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے وکیل فرہاد علی شاہ نے دلائل مکمل کرتے ہوئے کہا کہ مقدمہ بے بنیاد اور سیاسی کاروائی ہے جبکہ وقوعہ کے وقت رانا ثنااللہ اور کیپٹن صفدر وہاں پر نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور رانا ثنا دونوں تفتیش میں تعاون کر رہے ہیں اور دونوں رہنما فوٹو گرامنٹکٹ ٹیسٹ کروانے کے لیے تیار ہیں۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے رانا ثنا اور کیپٹن صفدر کی عبوری ضمانت میں 23 اکتوبر تک توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کا حکم دیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024