• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 389 کیسز، 6 اموات رپورٹ

شائع October 11, 2020
پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال اگرچہ بہتر ہے تاہم گزشتہ چند روز سے ملک کے مختلف حصوں میں کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد سندھ، پنجاب، اسلام آباد میں کچھ مقامات پر دوبارہ اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی نافذ کردیا گیا ہے۔

ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 18 ہزار 932 ہے جس میں سے 3 لاکھ 3 ہزار 458 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 570 کا انتقال ہوا ہے۔

آج 11 اکتوبر کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 389 مریضوں اور 6 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 396 افراد شفایاب بھی ہوگئے۔

ان مجموعی کیسز میں بلوچستان کے 22 کیسز گزشتہ روز کے تھے جو آج رپورٹ ہوئے، جس کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 15 ہزار 520 ہوگئی۔

اگر اس وائرس کی بات کریں تو اس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد یہ پورے ملک میں پھیل گیا۔

ابتدا میں اس وائرس کے کیسز کی تعداد کم تھی تاہم بعد ازاں اس میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور مئی اور جون میں کافی کیسز رپورٹ ہوئے۔

جون میں تو صورتحال یہاں تک پہنچ گئی تھی کہ یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے لگی تھیں، مزید یہ کہ ہسپتالوں پر دباؤ بڑھنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں۔

تاہم جولائی میں وائرس کے کیسز میں کمی آنے کا سلسلہ شروع ہوا جو اگست میں کچھ بہتر ہوا اور پھر ستمبر میں اس میں مزید بہتری دیکھی جارہی ہے۔

اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک میں 6 ماہ سے بند تعلیمی اداروں کو بھی 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم گزشتہ کچھ روز سے کیسز میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد مختلف صوبوں و علاقوں کے کچھ مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

آج 11 اکتوبر کو ملک میں صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

ملک میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 203 مریضوں اور 5 اموات کی تصدیق ہوئی۔

واضح رہے کہ پنجاب میں کافی عرصے بعد 24 گھنٹوں میں کیسز کی تعداد اور اموات میں اضافہ دیکھا گیا۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 687 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 5 افراد کے انتقال کرجانے سے وہاں کورونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 257 تک جاپہنچی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 86 افراد کو متاثر کیا۔

ان نئے مریضوں کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 17 ہزار 296 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا کی عالمی وبا کے 24 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ان 24 نئے مریضوں نے کیسز کی مجموعی تعداد کو 3 ہزار 924 تک پہنچا دیا۔

آزاد کشمیر

پاکستان کے سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 54 نئے مریض سامنے آئے۔

آزاد کشمیر میں ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 45 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کے بعد مجموعی اموات 78 ہوگئیں۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 396 مریض شفایاب ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید 396 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد مجموعی تعداد 3 لاکھ 3 ہزار 458 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 318932

اموات: 6570

صحتیاب: 303458

فعال کیسز: 8904

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 131 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 687 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 38 ہزار 329 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 520 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 17 ہزار 296، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 924 اور آزاد کشمیر میں3 ہزار 45 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2549

پنجاب: 2257

خیبرپختونخوا: 1263

بلوچستان: 146

اسلام آباد: 188

گلگت بلتستان: 89

آزاد کشمیر: 78

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024