• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

'وزیراعظم نے قسم کھائی ہے کہ کسی ادارے کو غیر متنازع رہنے نہیں دوں گا'

شائع October 10, 2020
صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جلسے میں لاکھوں شرکا شریک ہوں گے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جلسے میں لاکھوں شرکا شریک ہوں گے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے قسم اٹھائی ہے کہ میں کسی ادارے کو غیر متنازع رہنے نہیں دوں گا۔

کراچی میں پی پی پی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران سعید غنی نے کہا کہ آئی ایس پی آر کے ترجمان متعدد مرتبہ بیان دے چکے ہیں کہ فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے لیکن وزیر اعظم مسلسل اصرار کرتے ہیں کہ 'نہیں تمہارا سیاست سے تعلق ہے'۔

مزید پڑھیں: کراچی یکجہتی ریلی: شہر سے تقسیم کی سیاست کا خاتمہ کردیں گے، نثار کھوڑو

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وبا کی کمی کے بعد تمام معاشی سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں اور تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اپنی سرگرمیاں کر رہی ہیں تو صرف اپوزیشن کے جلسوں پر اعتراض مناسب نہیں ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ 'پیپلز پارٹی کے جلسے میں لاکھوں شرکا شریک ہوں گے اور ہم نے لاکھوں ماسک کی تقسیم کا بھی انتظام کیا ہے'۔

سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حالیہ ریلی میں شرکا سمیت رہنماؤں نے ماسک پہنے تھے جبکہ میں نے خود ایک رپورٹر کو ماسک پیش کرکے پہننے کی درخواست کی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر تعلیم نے کہا کہ 'نجی چینل بول نیوز کے صدر اور ان کے ساتھی لاپتہ یا اغوا ہوئے ہیں ہم اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں، سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اغوا شدہ افراد کو بازیاب کرائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں'۔

مزید پڑھیں: 'تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے کام نہ کیا تو کراچی کے عوام سے جوتے پڑیں گے'

سعید غنی نے کہا کہ 'اس دور حکومت میں میڈیا پر عائد ایسی قدغن سابق صدر (ر) جنرل پرویز مشرف اور ضیاالحق کے دور میں بھی نہیں لگی ہوگی، جو سیاسی جماعت ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا کی پیداوار ہے وہ ٹک ٹاک پر پابندی لگا رہی ہے'۔

کراچی میں گیس کے بحران سے متعلق سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاشبہ سندھ میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے کراچی کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیراعظم اور وفاقی وزرا پر زبردست تنقید بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اس وقت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، شبلی فراز شہباز گل بن گیا اور شہباز گل شبلی فراز بن گیا ہے، کسی کو کچھ نہیں معلوم کہ کیا کرنا ہے۔

خیال رہے کہ 30 ستمبر کو پی ٹی آئی کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے استعفیٰ دے دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: قیادت پر تنقید: فردوس شمیم نقوی سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے مستعفی

اپنے ویڈیو بیان میں فردوس شمیم نقوی نے کہا تھا کہ 'جس دن میں نے ایس ایس جی سی سے متعلق بیان دیا تھا، میں نے اخلاقی طور پر معذرت کی تھی اور ساتھ ہی وزیر اعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ بھی بھیج دیا تھا'۔

انہوں نے کہا کہ 'میرا استعفیٰ اس وقت پارٹی چیئرمین کے پاس ہے جسے منظور کرنا یا نہ کرنا ان کی مرضی ہے، لیکن میں نے اپنی غلطی کا احساس کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ انہیں بھیجا تھا'۔

واضح رہے کہ 18 ستمبر کو فردوس شمیم نقوی نے کراچی میں گیس بحران پر اپنی ہی حکومت پر شدید تنقید کی تھی اور ساتھ ہی وزیراعظم عمران خان اور وزیر توانائی عمر ایوب کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

بعد ازاں ٹوئٹ میں انہوں نے اپنے بیان پر تمام پی ٹی آئی کارکنان سے معذرت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024