مائیکرو سافٹ نے اپنے سرچ انجن کا نام بدل دیا
مائیکرو سافٹ نے اپنے سرچ انجن بنگ کا نام بدل کر مائیکرو سافٹ بنگ رکھ دیا ہے۔
ویسے تو اسے استعمال کرنے والے افراد کی اکثریت اسے بنگ ہی کہے گی تاہم کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اب اسے مائیکرو سافٹ بنگ کہا جائے گا۔
مائیکرو سافٹ نے یہ نہیں بتایا کہ وہ بنگ برانڈ میں کمپنی کے نام کا اضافہ کیوں کررہی ہے، بس اس کا کہنا تھا کہ اس سے مائیکرو سافٹ فیملی میں ہمارے سرچ تجربے کی شمولیت کا عمل جاری ہے۔
اس برانڈنگ کا مطلب یہ بھی ہے کہ بنگ کا لوپ اب اپ ڈیٹ ہوکر سرچ انجن کے ہوم پیج پر مائیکرو سافٹ بنگ کے لوگو میں بدل جائے گا۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے حالیہ مہینوں کے دوران بنگ کے لوگوز مین کافی تجربات کیے گئے ہیں، جن میں سے کچھ تو عارضی تھے۔
کمپنی کی جانب سے حالیہ برسوں میں متعدد پراڈکٹس میں مائیکرو سافٹ کے نام کا اضافہ کیا ہے جیسے ونڈوز اسٹور کا نام بدل کر مائیکرو سافٹ اسٹور کردیا گیا اور آفس 365 کو اب مائیکروسافٹ 365 کہا جاتا ہے۔
مائیکرو سافٹ ایج اور مائیکرو ٹیمز میں پہلے سے ہی کمپنی کا نام استعمال ہورہا ہے، تاہم سرفیس اور ایکس باکس کو ابھی تک ری برانڈنگ کے عمل کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
ری برانڈنگ کے ساتھ مائیکرو سافٹ کی جانب سے اپنی الگ مائیکرو سرچ پراڈکٹ کو بھی بتدریج بہتر بنایا جارہا ہے۔
اس سرچ پراڈکٹ سے ونڈوز، آفس اور دیگر میں سرچنگ کی جاسکتی ہے۔
مائیکرو سافٹ سرچ بنگ کے اندر بھی نظر آتی ہے جو اداروں کو انٹرنیٹ پر دستاویزات اور دیگر کی تلاش میں مدد فراہم کرتی ہے۔