• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سنتھیا رچی کیس میں رحمٰن ملک کی اپیل پر سپریم کورٹ نے نوٹسز جاری کردیے

شائع September 29, 2020
درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ مسترد کرنے کی استدعا کی گئی ہے—فائل فوٹو؛ ٹوئٹرز
درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ مسترد کرنے کی استدعا کی گئی ہے—فائل فوٹو؛ ٹوئٹرز

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے امریکی بلاگر سنتھیا رچی سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف پیپلز پارٹی کے رہنما رحمٰن ملک کی اپیل پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد اور متعلقہ فریقین کو نوٹسز ارسال کردیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے سنتھیا رچی کی جانب سے مبینہ ریپ پر رحمٰن ملک کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر ایڈیشنل ڈسٹرک اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کیس پر نظر ثانی کا حکم دیا تھا۔

جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کے سامنے اسلام آباد ہائی کورٹ کے یکم ستمبر کے حکم کے خلاف دائر درخواست کی سماعت میں سردار لطیف کھوسہ نے رحمٰن ملک کی نمائندگی کی۔

یہ بھی پڑھیں: سنتھیا رچی کو بیان حلفی جمع کرانے کا حکم، ملک بدری سے روکنے کے حکم میں توسیع

اس سے قبل ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نے'اپنے جسٹس آف پیس کے دائرہ اختیار میں' کوڈ آف کرمنل پروسیجر 1898 (سی آر پی سی) کی دفعہ 22-اے، 22-بی کے تحت سنتھیا رچی کی درخواست مسترد کردی تھی جس میں پولیس کو رحمٰن ملک کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

رحمٰن ملک نے اپنی درخواست میں سنتھیا رچی، جسٹس آف پیس، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کمپلینٹ اسلام آباد اور سیکریٹریٹ پولیس اسلام آباد کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کو فریق بنایا۔

درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ مسترد کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: سنتھیا رچی کی رحمٰن ملک کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست خارج

درخواست میں الزام لگایا گیا کہ سنتھیا رچی نے 9 سال بعد اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ میں درخواست گزار کے خلاف اس اضافے کے ساتھ فوجداری مقدمہ درج کرنے کی شکایت کہ پی پی پی کارکنان انہیں ہراساں کررہے تھے۔

درخواست میں یہ الزام بھی لگایا گیا کہ ہائی کورٹ اس بات کی تعریف کرنے میں ناکام رہی کہ شکایت کرنے کا واحد مقصد درخواست گزار کو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی حیثیت سے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے خلاف جھوٹے الزامات پر سنتھیا رچی کے خلاف کوئی ایکشن لینے سے روک سکیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ ہائی کورٹ اس بات کی تعریف کرنے میں ناکام رہی کہ واقعے سے متعلق کوئی میڈیکو لیگ رپورٹ، کیمیائی تجزیے، ڈی این سے یا کوئی گواہ موجود نہیں، درخواست گزار نے کہا کہ جسٹس آف پیس اندراج مقدمہ کی درخواست کو مسترد کرنے پر حق بجانب تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سنتھیا رچی کے خلاف درخواست پر سماعت، 'بزنس ویزے پر سیاسی بیانات غیر قانونی'

درخواست گزار کا یہ بھی کہا تھا کہ ہائی کورٹ اس بات کی تعریف میں بھی ناکام ہوگئی کہ شکایت گزار نے اپنی شکایت 9 سال سے زائد کے طویل عرصے کے تاخیر کے بعد درج کروائی تو اس سے سچائی اور تقدس کیسے منسلک ہوسکتا ہے بالخصوص اس وقت کہ جب درخواست گزار نے بینظیر بھٹو کے خلاف جھوٹے الزامات پر ان (سنتھیا رچی) کے خلاف از خود نوٹس لیا تھا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے درخواست گزار کے وکیل کو سماعت کا مناسب موقع نہیں دیا اور کیس کو نظرِ ثانی کے لیے واپس بھجوادیا۔

سنتھیا رچی تنازع

خیال رہے کہ امریکی بلاگر سنتھیا رچی کافی عرصے سے پاکستان میں مقیم ہیں لیکن چند ماہ قبل سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے حوالے سے ایک ’نامناسب‘ ٹوئٹ کے بعد ان کے پیپلز پارٹی سے اختلافات کھل کر سامنے آئے تھے۔

پی پی پی رہنماؤں کی جانب سے ان کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا گیا جہاں سے حکام کو امریکی بلاگر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم جاری ہوا، انہوں نے اس کارروائی کو روکنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تاہم وہ مسترد ہوگئی۔

دوسرا اور سب سے اہم معاملہ سنتھیا رچی کی جانب سے سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک پر ریپ اور پی پی پی کے دو دیگر رہنماؤں پر دست درازی کرنے کا الزام عائد کیا جانا تھا۔

مذکورہ الزامات پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور رحمٰن ملک کی جانب سے امریکی بلاگر کو ہتک عزت کے نوٹسز بھجوائے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024