گلوکار و اداکار ندیم جعفری میں کورونا کی تشخیص
روجرز، دی باربرینز اور ایف آر ڈی زیڈ ایکس سمیت دیگر میوزیکل بینڈ اور متعدد معروف گلوکاروں کے ساتھ پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے 47 سالہ گلوکار و اداکار ندیم جعفری بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے۔
میزبان اور ٹی وی اسٹار فخر عالم نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کے بہترین دوست گلوکار و موسیقار ندیم جعفری بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔
فخر عالم نے ندیم جعفری کی طبیعت سے متعلق زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کیں تاہم انہوں نے مداحوں سے اداکار کی صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کا شکار ہونے والی شوبز شخصیات
فخر عالم کی جانب سے ندیم جعفری کے کورونا میں مبتلا ہونے کی اطلاع پر کئی مداحوں نے اداکار کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
ندیم جعفری سے قبل گلوکار شہزاد رائے، سلمان احمد اور ابرارالحق سمیت دیگر موسیقار بھی کورونا میں مبتلا ہوئے تھے، تاہم تمام گلوکار تقریبا ایک ماہ بعد ہی صحت یاب ہوگئے تھے۔
گلوکاروں کے علاوہ متعدد شوبز شخصیات بھی کورونا میں مبتلا ہوگئیں تھیں، تاہم تمام ہی شخصیات ایک سے ڈیڑھ ماہ تک قرنطینہ میں رہنے اور ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد صحت یاب ہوگئی تھیں۔
مزید پڑھیں: کورونا میں مبتلا ہونے والی تقریباً تمام شوبز شخصیات صحت یاب
ندیم جعفری ایک ایسے وقت میں کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں، جب ملک بھر میں کورونا کے نئے کیسز میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔
ندیم جعفری نے انتہائی کم عمری میں بطور موسیقار کیریئر کا آغاز کیا تھا، وہ ماضی کے متعدد گلوکاروں اور میوزیکل بینڈز کے ساتھ پرفارم کر چکے ہیں۔
ندیم جعفری نے جہاں متعدد میوزیکل بینڈز کے ساتھ موسیقی ترتیب دی، وہیں انہوں نے گلوکاری میں بھی قسمت آزمائی، ساتھ ہی انہوں نے اداکاری میں بھی جوہر دکھائے۔
ندیم جعفری کا شمار 90 کی دہائی کے مقبول موسیقاروں میں ہوتا ہے۔