• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

خواہش ہے لوگ ’اداکارہ‘ نہیں ’اداکار‘ کے طور پر پہچانیں، کیٹ بلینشٹ

شائع September 6, 2020
اداکارہ کے مطابق میں خود کو اداکار ہی سمجھتی ہوں — فائل فوٹو: اے ایف پی
اداکارہ کے مطابق میں خود کو اداکار ہی سمجھتی ہوں — فائل فوٹو: اے ایف پی

ہولی وڈ کی معروف اداکارہ کیٹ بلینشٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ خود کو ’اداکارہ‘ نہیں بلکہ ’اداکار‘ ہی سمجھا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ لوگ بھی انہیں ایسا ہی سمجھیں اور کہیں۔

برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق کیٹ بلینشٹ میں اٹلی کے شہر وینس میں 2 ستمبر کو شروع ہونے والے وینس فلم فیسٹیول کے پہلے دن پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اداکاری کی کوئی جنس نہیں ہوتی۔

کیٹ بلینشٹ نے کہا کہ انہوں نے خود کو آج تک اداکار ہی سمجھا ہے اور انہیں خوشی ہوگی کہ لوگ بھی انہیں اداکارہ کے بجائے اداکار ہی کہیں۔

اداکارہ نے یہ بیان ایک سوال کے جواب میں دیا، جس میں ان سے برلن فلم فیسٹیول انتظامیہ کی جانب سے حال ہی میں کیے گئے ایک فیصلے سے متعلق پوچھا گیا تھا۔

کیٹ بلینشٹ سے پوچھا گیا کہ برلن فلم فیسٹیول انتظامیہ نے 2021 سے بہترین ’اداکارہ‘ اور ’اداکار‘ کا الگ الگ ایوارڈ نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے نیچرل جینڈر کا ایک ہی ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے، اس پر ان کی کیا رائے ہے؟

یہ بھی پڑھیں: ہاروی وائنسٹن نے کیٹ بلینشٹ کو بھی جنسی طور پر ہراساں کیا

اداکارہ نے برلن فیسٹیول انتظامیہ کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اداکاری کی کوئی جنس نہیں ہے، انہوں نے بھی خود کو ہمیشہ ایک اداکار ہی سمجھا ہے، اس لیے وہ اداکارہ کے بجائے اداکار کہلوانا پسند کریں گی۔

اداکاری کی کوئی جنس نہیں ہوتی، کیٹ بلینشٹ—فائل فوٹو: اے ایف پی
اداکاری کی کوئی جنس نہیں ہوتی، کیٹ بلینشٹ—فائل فوٹو: اے ایف پی

کیٹ بلینشٹ کے مطابق وہ اس نسل سے تعلق رکھتی ہیں، جس میں اداکارہ کا لفظ ایک خاص مقصد یا دوسروں کی تضحیک کے لیے استعمال کیا جاتا تھا مگر اب وہ اس کے خلاف اٹھ کھڑی ہوں گی۔

اداکارہ نے بات کرتے ہوئے اطالوی زبان کے ایک لفظ کی مثال بھی دی اور کہا کچھ الفاظ کی کوئی جنس نہیں ہوتی، وہ مرد و خواتین کے لیے ایک ہی ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: برلن فلم انتظامیہ کا مرد و خواتین اداکاروں کا علیحدہ ایوارڈ ختم کرنے کا اعلان

کیٹ بلینشٹ کا کہنا تھا کہ اچھی اداکاری اور ٹیلنٹ کا جنس سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، اچھی پرفارمنس محض اچھی اداکاری ہوتی ہے۔

کیٹ بلینشٹ نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب کہ حال ہی میں برلن فلم فیسٹیول انتظامیہ نے آئندہ سال سے بہترین اداکارہ اور اداکار کا ایک ہی ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔

برلن فیسٹیول نے 2020 تک بہترین پرفارمنس کا اداکار اور اداکارہ کا الگ الگ ایوارڈ دیا تھا اور تقریبا تمام فیسٹیول مرد و خواتین کو الگ الگ ہی ایوارڈ دیتے ہیں۔

تاہم برلن فلم فسیٹیول کے اعلان کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ دوسرے فیسٹیول بھی مرد و خواتین کی تفریق ختم کرتے ہوئے بہترین پرفارمنس کا ایک ہی ایوارڈ دینے کا اعلان کریں گے۔

تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے اور تاحال برلن فلم فیسٹیول کے علاوہ کسی دوسرے فیسٹیول کی انتظامیہ نے ایسا کوئی عندیہ بھی نہیں دیا۔

کیٹ بلینشٹ نے 2 آسکر سمیت متعدد ایوارڈز جیت رکھے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
کیٹ بلینشٹ نے 2 آسکر سمیت متعدد ایوارڈز جیت رکھے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024